Inquilab Logo

’’پہلے کسانوں کو جیپ سے کچلا گیا اور اب ملک کے آئین کو روندا جارہا ہے‘‘

Updated: October 10, 2021, 7:44 AM IST | Lucknow

سما جوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بیان ،پریس کانفرنس سے خطاب ، ۱۲؍ اکتوبر سے اسمبلی انتخابات تک وجے رتھ یا ترا نکالنے کا اعلان

Akhilesh Yadav`s press conference. (PTI)
اکھلیش یادو کی پریس کانفرنس۔ ( پی ٹی آئی )

 لکھیم پور کھیری سانحہ  کے پس منظر میں سماجو ادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے  یوگی حکومت پر پہلے کسانوں کو جیپ سے کچلنے اور اب  ملک کے آئین کو روندنے کا سنگین الزام عائد کیا ۔
 انہوں نے سنیچر کو پریس کانفرنس سےخطاب کرتے کہا:’’لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں نامزد مرکزی  وزیر مملکت  کے بیٹے کو سمن نہیں بلکہ اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔ اس کی جانچ میں جان بوجھ کر تاخیر کی جارہی تاکہ کسانوں کو انصاف نہ مل سکے۔‘‘
  ایس پی سربراہ کے بقول:’’ یوگی حکومت کسانوں کے ساتھ تفریق کررہی ہے۔ پہلے کسانوں کو جیپ سے کچلا گیا اور اب ملک کے نظم ونسق اور آئین کو روندا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر کے استعفیٰ کے بغیر اس معاملے میں غیر جانبدارانہ جانچ نہیں ہوسکتی ہے۔ سپریم کورٹ سے ضرور ملک کےعوام اور کسانوں کو انصاف کی امید ہے۔ اترپردیش میں جنگل راج چل رہا ہے جس کا اختتام۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات کے بعد یقینا ہوگا۔ ‘‘
 ان کے مطابق اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سماجوادی پارٹی(ایس پی) کی کامیابی راہ ہموار کرنے کیلئے  پارٹی وجے یاترا۱۲؍اکتوبر سے کانپور سے شروع ہوگی۔  اس سلسلے میں اکھلیش یادو نے  بتایا :’’ ریاست کے عوام کو بی جے پی کے جنگل راج سے نجات دلانے کے لئے ان کی پارٹی کمر بستہ ہے اور اسی کے تحت سماج وادی کے ذریعہ وجے یاترا کا آغاز۱۲؍اکتوبر کو کیا جائے گا۔ یہ یاترا اسمبلی انتخابات تک جاری رہے گی۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی کہا :’’ لکھیم پور تشدد نے واضح کیا ہے کہ سرکاری مشنری کے بیجا استعمال سے آئین کو کیسے روندا جارہا ہے؟ ہر کوئی دیکھ رہا ہے کہ مجرمین اب تک پکڑے نہیں جاسکے ہیں۔ لکھیم پور اور بہرائچ کے کسان جیپ سےکچل دئیے گئے۔ ان کے اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ خاطیوں کو جلد سے جلد سزا ملے۔ دراصل موجودہ حکومت  میں امن اور ہم آہنگی قائم نہیں ہوسکتی۔ ریاست میں چہار جانب خوف کا ماحول ہے۔ تاجر،خواتین اور کسان کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ مہوبہ میں کاروباری کے قاتل آئی پی ایس کو ابھی تک پولیس گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ کانپور کے کاروباری کے قتل کے ملزم۶؍ پولیس ہلکار ابھی تک فرار ہیں۔‘‘
  پارٹی ذرائع کے مطابق سماج وادی وجےرتھ جدید بس کو بنایا گیاہے جو  جدید وسائل سےآرا ستہ  ہے۔ اکھلیش یادو۱۲؍اکتوبر سے اس  یاترا میں شامل ہوں گے۔ میڈیا   کے سامنے پیش کی گئی بس میں ’  نئی سپا ہے نئی ہوا ہے  ا‘ کانعرہ  لکھا ہے۔بس میں پارٹی  کے بانی ملائم سنگھ یادو، اعظم خان، پروفیسر رام گوپال یادو اور نریش اتم پٹیل کے ساتھ  ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کی بھی تصویر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK