Inquilab Logo

معمر شخص کے قتل کی سپاری دینے والے۲؍ بھائیوں سمیت ۶؍افراد گرفتار

Updated: October 16, 2020, 9:50 AM IST | Kazim Shaikh | Mulund

اپنے والد کو کالے جادو سے مارنے کےشبہ میں ملزم بھائیوں نے ۷۰؍ ہزارروپے کی سپاری دے کر۷۰؍ سالہ شخص کو قتل کروایا تھا ۔ واردات کے بعد ملزمین اجمیر بھاگ گئے تھے لیکن پولیس نے انہیں پکڑنے میں کامیابی حاصل کی

Mulund Police
معمرشخص کو بے رحمی سے قتل کرنے والے ملزمین کو پولیس کی تحویل میں دیکھا جاسکتا ہے۔

یہاں پولیس نے ایک معمر شخص کے قتل کے الزام  میں ۶؍افراد کو گرفتار کیا ہے۔ وہ واردات کے بعد  اجمیرفرار ہو گئے تھے۔ ملزمین میں ۲؍ بھائی بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے والد کو کالے جادو سے مارنے کے شبہ میں ۷۰؍ سالہ شخص کی سپاری دی تھی۔  عدالت نے ۱۷؍ اکتوبر تک انہیں پولیس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا  ہے۔
   ملنڈ  پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس  میں  زون  ۷؍ کے  ڈپٹی پولیس کمشنر پرشانت کدم نے بتایا کہ ملنڈ میں  واقع گاؤلی چال وجے نگر میں رہنے والے ماروتی لکشمن گاؤلی (۷۰)  ۲؍ اکتوبر کی رات میں گھر کے باہر سورہے تھے تبھی انہیں  تیز دھار ہتھیار سے قتل کر نے کے بعد   پتھر سے چہرہ کچل کردیاتھاجس سے اس کی شناخت مشکل ہوگئی تھی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  پولیس   کے پاس کوئی سراغ نہیں تھا اور  آس پاس میں کوئی سی سی وی کیمرہ کا فوٹیج بھی ایسا نہیں  ملا کہ اس کی مدد قاتلوں کا سراغ مل سکے ۔بہرحال پولیس کی ۳ٹیمیں بنائی گئیں  اور مخبروں کی مدد کے علاوہ تمام زاویے سے  معاملے کی  تحقیقات کی گئی تو پتہ چلا کہ حملہ آور گوونڈی کے علاقے کے رہنے والے تھے ۔ پولیس نےچھان بین کی تومعلوم ہوا کہ وہ وارادت  کے بعد اجمیر  بھاگ گئے ہیں ۔  بعدازیں انہیںں اجمیر سے گرفتار کرنے کے بعد پوچھ تاچھ شروع کی گئی تو انھوں  نے     بتایا کہ  جائے وقوع کے اطراف  میں رہنے والے دیپک مورے (۳۸)   اورونود مورے(۳۰)  کے والد کا کئی ماہ پہلے انتقال ہوا تھا ۔ انھیں شک تھا کہ ان کے قریب ہی رہنے والے ماروتی لکشمن گاؤلی نے کالا جادوکر کے  ان  کےوالد کو جان سے ماردیا ہے۔  اسی کا بدلہ لینے کیلئے دونوں بھائیوں نے ماروتی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ۔
   ڈی سی پی کے مطابق دونوں بھائیوں نےماروتی کو جان سے مارنے کیلئے گھاٹکوپر، گوونڈی  اور مانخورد  میں سپاری کلر کی تلاش شروع کی اور اس کے بعد آصف ناصرشیخ ( ۲۸)، معین الدین علاؤالدین انصاری (۲۷) ، عارف  عبدالستار خان (۳۰)  اورشاہنواز عرف سونو (۳۰)  سے ۷۰؍ ہزار روپے میں قتل کی سپاری طے  کی نیز ۱۰؍ ہزار روپے پیشگی دیئے  ۔ پولیس کے مطابق واردات    کے بعدملزموں نے باقی  ۶۰؍ ہزار روپے    لئے  اور اجمیر بھاگ گئے  جہاں کی  ایک ہوٹل سے انہیں گرفتار ر کیاگیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK