Inquilab Logo

آسام میں سیلاب کی تباہی،۲۴؍اضلاع میں ۲؍ لاکھ سے زیادہ افراد متاثر

Updated: May 18, 2022, 10:39 AM IST | guwahati

تودے گرنے اور چٹانیں کھسکنے کی مختلف وارداتوں میں۷؍افراد کی موت، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل، کئی علاقوں کا ریاست سے رابطہ ٹوٹا، ناگالینڈ اورکیرالا میں بھی الرٹ، سیلاب کا خدشہ

Dima Hasao is from the area. While flooding of homes is increasing the incidence of landslides and flooding, many roads in the region are cracked.
دیما ہساؤ علاقے کی ہیں۔ گھروں میں پانی بھرنے کی وجہ سے جہاںان کے گرنے اور پانی میں بہہ جانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، وہیں اس خطے کی کئی سڑکوں میں دراڑ پڑ گئی ہے

یک جانب جہاں پورا ملک شدید گرمی سے پریشان ہے اور مانسون کی آمد کا بے صبری سے انتظار کررہا ہے، وہیں آسام کے لوگ سیلاب کی وجہ سے دشواریوں میںہیں۔  یہاں  اب تک۲۴؍ اضلاع میں سیلاب سے۲؍ لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں ریاست کے کچھار،چرائیدیو، درانگ، دھیماجی، ڈبرو گڑھ اور دیما ہساؤ  کے نام اہم ہیں جہاں زیادہ تباہی ہوئی ہے۔سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ( تودے گرنے اورچٹانیں کھسکنے) کی وجہ سے اب تک۷؍ افراد کی اموات کی خبر ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات شمال مشرقی ریاستوں میں ناگالینڈ کے ساتھ ہی جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور کیرالا کے۴؍ اضلاع میں  الرٹ بھی جاری کیا ہے۔
 آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (اے  ایس ڈی ایم اے) کے مطابق، بارش کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دیما ہساؤ ضلع،ریاست کے باقی حصوں سے کٹ کر رہ گیا ہے۔ اس خطے میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر بند ہوچکا ہے۔اسی طرح ’ہافلونگ‘ کی طرف جانے والی تمام سڑکیں اور ریلوے لائنیں۱۵؍ مئی ہی سے بند ہیں۔
بارش کی وجہ سے لاکھوں کا نقصان
 مسلسل بارش کی وجہ سے یہاں کئی اضلاع میں سڑکیں اور پل تباہ ہو گئے ہیں۔ فصلیںبھی برباد ہو چکی ہیں اور مزید تباہیوں کے اندیشے ہیں۔  یہاں پرکئی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔کچھار ضلع میں سیلاب کی وجہ سے اب تک ۲؍ اموات کی اطلاعات ہیں جبکہ دیما ہساؤ میں تودوں کے گرنے سے ۳؍ اموات ہوئیں۔
سیلاب سے۶۵۲؍ گاؤں متاثر 
 سیلاب سے اب تک۲۴؍ اضلاع کے ۴۶؍  ریونیو ڈویژنوں کے کل۶۵۲؍ گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ۷؍ اضلاع میں تقریباً۵۵؍ ریلیف کیمپ کھولے گئے ہیں جن میں۳۲؍ ہزار۹۵۹؍افراد کو پناہ دی گئی ہے۔ این ڈی آر ایف، فوج اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔
ناگالینڈ میں بھی سیلاب کا خدشہ
 دریں اثنا ناگالینڈ میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ناگالینڈ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ایس ڈی ایم اے) نے نشیبی علاقوں میں تیز بارش کی پیش گوئی  کے ساتھ ہی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کی ہے۔
 محکمہ موسمیات کے ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں، این ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ ریاست میں تقریباً ایک ہفتے سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تیز بارش کی وجہ سے ریاست کے کچھ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ ہے۔این ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ کئی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کا بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی انفراسٹرکچر اور  ضروری اشیاء کی فراہمی کو بنائے رکھنے کیلئے  ذمہ دار محکموں اور ایجنسیوں کو اس مدت کے دوران کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات اور ہنگامی منصوبہ بندی کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔ یہاں بھی نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
بجلی گرنے سے احتیاط کی اپیل
 دریں اثنا پیرین، کوہیما، ووکھا، مون اور تیونسانگ اضلاع میں تیز بارش کے ساتھ بجلی گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور عوام سے اس تعلق سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔این ایس ڈی ایم اے کی طرف سے جاری  ایک ریلیز کے مطابق گزشتہ ہفتے سے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے دھنساری ندی اور چٹھے ندی کی سطح آب میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان دونوں دریاؤں کے آس پاس کے علاقے جیسے ڈوموکھیا علاقہ اور دھنساری ندی سے متصل علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔
کیرالا  کے ۴؍ اضلاع میں اورینج الرٹ 
 محکمہ موسمیات نے کیرالا میں موسلادھار بارش کی وارننگ دیتے ہوئے۴؍ اضلاع بشمول ملاپورم، کوزی کوڈ، کنور اور کاسرگوڈ اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ باقی تمام اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اسی کے ساتھ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
 ندی نالوں میں طغیانی
 کوٹائم میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ یہاں پر ندی نالوں میں طغیانی کے ساتھ ہی  بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی ہیں اور تیز بارش کی وجہ سے فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔اسی درمیان کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج نے مانسون کی تیاری کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ میٹنگ کی۔ چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹروں کو تمام اضلاع میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

assam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK