Inquilab Logo

یوور کے تالاب میں لگاتار دوسرے روز ۲؍ لڑکے ڈوب گئے

Updated: June 22, 2021, 8:24 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

تھانے کے یوور پہاڑ کے دامن میں واقع نیل تالاب میں مسلسل دوسرے روز یعنی پیر کو پھر ۲؍ لڑکے ڈوب گئے۔ دونوں لڑکوں کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔

Police and firefighters search for the drowning youth.Picture:Inquilab
پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار ڈوبنے والے نوجوانوں کو تلاش کرتے ہوئے۔ تصویر انقلاب

: تھانے کے یوور پہاڑ کے دامن میں واقع نیل تالاب میں مسلسل دوسرے روز  یعنی پیر کو پھر ۲؍ لڑکے ڈوب گئے۔  دونوں  لڑکوں کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔اس طرح کے حادثات سے شہریوں میں محکمہ جنگلات اور انتظامیہ کے تئیں  شدید ناراضگی پائی جارہی ہے کیونکہ تالاب میں جانے سے روکنے کیلئے  ضروری رکاوٹ لگانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
  اس سلسلے میں  تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انچارج سنتوش کدم کے مطابق ورتک نگر میں رہنےو الے ۷؍ لڑکوں کا گروپ  پیر ۲۱؍ جون کی صبح تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے    یوور کے جنگل میں واقع نیل تالاب   پر نہانے گیا تھا۔ اس گروپ میں تیجس پرمود چورگے(۱۷)(مقیم: عائشہ ٹاور ، سمتا نگر ، تھانے)، دھرو کولے (۱۷) (مقیم: ورتک نگر، تھانے)، ہیمانشو واگھ، سوہن کرندیکر، دیپ مہاترے ، آرین کل گٹکر اور آتروا آؤتے شامل تھے۔ تالاب میں نہانے کے دوران صبح تقریباً  ۱۰؍  بجکر  ۵؍ منٹ پر  تیجس اور دھرو  تالاب کی گہرائی کا اندازہ نہ لگاتے ہوئے جب اس میں چھلانگ لگائی  تو وہ تیر نہ سکے ا اور ڈوب گئے۔
  اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی تھانے ڈیزاسٹر ریسکیو فورس کے جوان ، واگلے اسٹیٹ فائر اسٹیشن کا عملہ ، محکمہ جنگلات کا عملہ اور ورتک نگر پولیس اسٹیشن کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا  اور ڈوبنے والے لڑکوں کی تلاش شروع کی۔ کافی دیر تک تلاشی کے بعد دوپہر تقریباً  ڈھائی بجے تالاب سے تیجس کی اور شام  تقریباً سوا ۶؍ بجے دوسرے لڑکے دھرو  کی لاش تالاب سے نکالی گئی جنہیں  ایمبولینس کے ذریعے چھتر پتی شیواجی مہاراشٹر میونسپل اسپتال لے جایا گیا ۔
  واضح رہے کہ اتوار کو مختلف علاقو ںکے نوجوانوں کا  ۲؍ گروپ نیل تالاب میں نہانے کیلئے گیا تھا جن میں سے  ۲؍ نوجوان  ڈوب گئے تھے۔رابوڑی علاقے ( تھانے)  میں رہنے والے ۶؍ لڑکوں کا گروہ اتوار کی دوپہر تقریباً ساڑھے  ۳؍  بجے  نیل تالاب(یوور) گیا تھا ۔ نہانے کے دوران جب زبیر سید (۲۰) اور  عبدالحنان  نے تالاب میں چھلانگ لگائی تو دونوں ڈوبنے لگے تھے۔ دوستوں نے عبدالحنان کو باہر نکالا لیکن زبیر کو نہیں بچا سکے اور وہ ڈوب گیا۔ ڈیزاسٹر رسکیو فورس اورفائر بریگیڈ نے  شام تقریباً  ساڑھے ۶؍ بجے اس کی لاش تلاش کر کے  تالاب سے باہر نکالی ۔اس حادثہ سے قبل  اسی تالاب میں اتوار کی ہی صبح تھانے کے ۶؍ نوجوانوں کا گروپ بھی پکنک منانے آیا تھا۔ اسی دوران پرساد پاوسکر (۱۶) (مقیم پولیس لین،تھانے) نے جب تالاب میںچھلانگ لگائی تو اس کا سر پتھر سے ٹکرا گیا جس کے سبب وہ ڈوب گیا۔ڈیزاسٹر ریسکیو فورس اور فائر عملہ نے  دن میں سوا گیارہ بجے اس کی لاش برآمد کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK