Inquilab Logo

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کو انہی کی پارٹی سے نکال دیا گیا

Updated: May 30, 2020, 10:16 AM IST | Kuala Lumpur

اپنے سابق معاون یاسین محی الدین کی حکومت سے تعاون نہ کرنے کی پاداش میں دنیا کے سب سے بزرگ لیڈر کو سزا جھیلنی پڑی ۔

Mahatir Mohammad Photo: INN
مہاتیر محمد۔ تصویر: آئی این این

ملائیشیا میں وزیراعظم محی الدین یاسین کے زیر قیادت حکمراں جماعت نے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اور ۴؍ دیگر اراکین پارلیمان کو پارٹی سے باہر نکال دیا ہے۔اس سلسلے میں یونائٹیڈ انڈی جینئس پارٹی کی جانب سے جمعرات کو جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاتیر محمد(۹۴)کی پارٹی رکنیت فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہےکہ مہاتیر جو کہ پارٹی چیئرمین تھے ان کے ساتھ چار دیگر اراکین پارلیمان کو بھی پارٹی سے علاحدہ کیا گیا ہے۔مہاتیر سمیت پانچوں اراکین پارلیمان رواں ماہ ۱۸؍مئی کو ہونے والے پارلیمنٹ کے ایک مختصر اجلاس میں اپوزیشن کی نشستوں پر منتقل ہو گئے تھے۔
 حکمراں جماعت کے مطابق مہاتیر کی رکنیت خود ہی سے اس وقت ختم ہو گئی تھی جب انہوں نے محی الدین یاسین کو بطور وزیر اعظم اور پارٹی سربراہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔واضح رہے کہ یاسین جو مہاتیر کے ایک قابل اعتماد معاون تھے وہ رواں سال مارچ میں غیر متوقع طور پر وزیر اعظم کے طور پر منتخب ہو گئے۔ اس سے قبل انہوں نے سابق حکمراں جماعت کے ساتھ اتحاد تشکیل دیا تھا تا کہ پارلیمنٹ میں اکثریت کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔ اتحادی پارٹیوں نے یہ شرط رکھی تھی کہ وہ ان کی پارٹی کی اسی صورت میں حمایت کریں گے کہ مہاتیر محمد وزیراعظم نہ ہوں بلکہ ان کی جگہ کسی اور کو یہ عہدہ دیا جائے۔ لہٰذا محی الدین یاسین کو وزیراعظم بنایا گیا حالانکہ مہاتیر محمد اس کے لئے تیار نہیں تھے۔ 
 اُس موقع پر ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ کا کہنا تھا کہ’’ملک میں سیاسی عدم استحکام کی فضا جاری رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی لہٰذا وفاقی آئین کی روشنی میں یہ نظر آ رہا ہے کہ محی الدین یاسین کو اراکین پارلیمان کی اکثریت حاصل ہے اور وہ ملک کے آٹھویں وزیر اعظم کے طور پر مقرر کیے جانے کے اہل ہیں ۔‘‘غالبا اس طرح دنیا کے سب سے بزرگ وزیرا عظم ہونے کا شرف حاصل کرنے والے مہاتیر محمد کا سیاسی کر یئر اب ختم ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے مہاتیر محمد نے ترکی کے صدر طیب اردگان اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کر مسلم ممالک کا نیا محاذ قائم کیا تھا ۔

malaysia Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK