Inquilab Logo

من سکھ قتل کیس میں سابق پولیس اہلکار اور سٹہ باز گرفتار

Updated: March 22, 2021, 9:34 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ملزم پولیس اہلکار لکھن بھیاّ فرضی انکاؤنٹرکیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے ۔ فرلو پر رہائی کے بعد وہ پولیس افسر سچن وازے کے رابطے میں تھا ۔دوسرے ملزم پر سچن وازے اورملزم پولیس اہلکار کونامعلوم افراد کے نام سے ۵؍ سِم کارڈ فراہم کرنے کا الزام ۔ ملزمین ۳۰؍ مارچ تک پولیس کی تحویل میں

Crimnal Vinayak Shinde - Pic : Inquilab
ملزم ونائک شندے (سابق پولیس اہلکار) کو عدالت میں لے جایا جارہا ہے۔(تصویر: انقلاب

مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ ( اے ٹی ایس ) نےصنعت کارمکیش امبانی کو دھمکانےکیلئے استعمال کی گئی کار کے مالک من سکھ ہیرین کے قتل کے الزام میں ۲؍ افراد کو حراست میں لیتے ہوئے اس  معاملے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ملزمین میں ایک ملزم سابق پولیس اہلکار ہے  جو لکھن بھیاّ فرضی انکاؤنٹر کیس  میں جیل میں سزا کاٹ رہا ہے  ۔ دوسرا ملزم سٹہ باز ہے جس پر  پولیس افسر سچن وازے اورملزم سابق پولیس اہلکار کو نامعلوم افراد کے نام سے ۵؍ سِم کارڈ فراہم کرنے کا الزام ہے۔
  اے ٹی ایس تھانے یونٹ نےگزشتہ شب لکھن بھیاّ فرضی انکاؤنٹر کیس میں عمر قید کی سزا پانےو الے ۵۱؍ سالہ سابق پولیس اہلکار ونائک بالا صاحب شندے اور کرکٹ میں سٹہ لگانے والے سٹہ بازنریش رام نک لال گورے کو کئی گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعدگرفتار کرلیا ۔دونوں کو اے ٹی ایس نےتھانے کی مقامی کورٹ میں پیش کرکے ۱۴؍ دن کی پولیس تحویل میں دینے کی اپیل کی تھی ۔ تحویل حاصل کرنے کیلئے  ریمانڈ کی درخواست میں من سکھ ہیرین قتل کی سازش میں پولیس کے کئی اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔   تھانے مجسٹریٹ کورٹ نےگرفتار شدہ ملزمین پر عائد الزامات اور پیش کردہ دلائل کو مدنظر رکھتے ہوئے   انہیں۳۰؍ مارچ تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم سنایا ہے ۔
 اے ٹی ایس نے اس سلسلہ میں جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ نریش نامی سٹہ باز نے سچن وازے  جسے صنعت کار مکیش امبانی کو دھمکانے اور دھماکہ خیز مادہ رکھنے کے الزام میں گرفتارکیاگیاہے ،  کے کہنے پر نامعلوم افراد کے نام سے ۵؍سِم کارڈ خریدے تھے۔ان سِم کارڈوںکا استعمال سچن وازے اور ملزم ونائک شندے  (سابق پولیس اہلکار )نے کیا تھا ۔ ملزم ونائک شندے چند روز قبل فرلو پر   جیل سے باہر آیا تھا۔چونکہ وہ اس سے قبل پولیس فورس کے انکاؤنٹر اسپیشلسٹ ٹیم میںسچن وازے اور پردیپ شرماکے ساتھ کام کرچکا ہے اس لئے  وہ سچن وازے سے رابطے میں  تھا اور اس کے ساتھ مل کر اس نے من سکھ ہیرین کے قتل کی سازش رچی تھی ۔ اے ٹی ایس کو شبہ ہے کہ قتل سے ایک دن قبل ونائک شندے نے ہی من سکھ کو کرائم برانچ آفیسر تاؤڑے بتاکر اسے بلایا تھا -
  واضح رہے کہ مکیش امبانی کو دھمکانے کے لئے  من سکھ ہیرین کی مہندرا اسکارپیو کا استعمال کیا گیا تھا جبکہ  اس کی پراسرار موت اور ممبرا کی ریتی بندر کھاڑی سےلاش ملنےکے بعد اس کی بیوہ وِملانے اے ٹی ایس کے روبرو ایف آئی آر درج کراتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ سچن وازے اس کے شوہر کو امبانی دھمکی معاملہ میں گرفتار ہونے پر مجبور کررہا تھا اور لالچ دیا تھا کہ اسے جلد چھڑا لیا جائے گا ۔ یہ بھی یاد رہے کہ ایک طرف این آئی اے سچن وازے کو گرفتار کرتے ہوئے  اس کی تفتیش کررہی ہے تو دوسری طرف اےٹی ایس نے من سکھ ہیرین کے قتل  معاملے میں ونائک شندے کو گرفتار کرکے مزید سنسنی پیداکردی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK