Inquilab Logo

پینتالیس ہزار عازمین کیلئے سعودی حکومت کے حتمی فیصلے کا انتظار

Updated: June 04, 2021, 8:22 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او کے مطابق ہندوستان سمیت۹؍ ممالک پر جاری سفری پابندیوں کا حج سے کوئی تعلق نہیں۔ سعودی عرب میں ہی مقیم عازمین کو حج کا موقع دیئے جانے کے ٹویٹ کو فرضی قراردیا ، کہا:عازمین اس کی بنیاد پر تذبذب میں مبتلا نہ ہوں۔ اس ٹویٹ پریقین کرنے یا اسے عام کرنے سے احتراز کی اپیل

Due to the situation created due to Corona, a small number of pilgrims will go for Hajj this year. (File photo)
کورونا کےسبب پیداشدہ حالات کے پیش نظر امسال کم تعداد میں عازمین حج کیلئے جائیں گے۔(فائل فوٹو)

  حج۲۰۲۱ء   کیلئے عازمین  حج کی جانب سے ٹیکہ  لینے کے سلسلے میں اب تک۲؍ہزار سے زائد عازمین نے حج کمیٹی آف انڈیا کو اپنی تفصیلات مہیا کروائی ہیں۔ ان میں۸۰۰؍ سے زائد ایسے عازمین ہیں جو ٹیکے کی دونوں خوراک لے چکے ہیں۔ مزید عازمین اس تعلق سے کوشاں ہیں ۔واضح رہے کہ ٹیکہ لینے میں عازمین کے ذریعے کوتاہی کی بات سامنے آئی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے وزارت برائے اقلیتی امور کے توسط سے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ آف انڈیا کو مکتوب روانہ کیا گیا تھا کہ عازمین کو ترجیحی بنیاد پر ٹیکے کی دوسری خوراک کیلئے۹۰؍ دن کی مدت کم کرکے ایک ماہ کر دی جائے۔  اس پر ہیلتھ سیکریٹری کی جانب سے  مثبت جواب دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اس ضمن میں سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت کار اور قونصل جنرل جدہ برائے ہند کی جانب سے اپنے طور پر سعودی حکومت سے یہ سفارش جاری ہے کہ وہ کووی شیلڈ کی ایک خوراک لینے والوں کو بھی حج پر آنے کی منظوری دے دے ۔
  تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ سعودی حکومت کی جانب اب تک کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے اور۶۰؍  ہزار عازمین میں سے۱۵؍ ہزار سعودی باشندوں کے علاوہ ۴۵؍  ہزار عازمین کے انتخاب کے طریقے کے تعلق سے کسی قسم کی وضاحت یا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس لئے سعودی حکومت کی وضاحت کا انتظار کیا جارہا ہے۔
 ‌حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)  ڈاکٹر مقصود خان کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کے وضاحت کا انتظار تو کیا جارہا ہے لیکن ہم نے اپنے طور پر تیاریاں جاری رکھی ہیں اور عازمین کی جانب سے بھی ٹیکہ کاری کے تعلق سے مثبت رویہ اپناتے ہوئے تفصیلات جمع کروائی جارہی ہیں۔ 
ہندوستان سمیت۹؍ ممالک پر سفری پابندیاں برقرار
 سعودی حکومت کی جانب سے کورونا کے سبب عالمی سطح پر جو سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں ، وہ بیشتر ممالک سے ہٹا لی گئی ہیں لیکن ہندوستان سمیت انڈونیشیا، پاکستان اور ایسے ۹؍  ممالک ہیں جن پر یہ سفری پابندیاں اب بھی برقرار ہیں اور سعودی حکومت نے کہا ہے کہ تاحکم ثانی یہ پابندیاں برقرار رہیں گی۔ اس تعلق سے حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر مقصود احمد خان کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا حج سے کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ یہ سعودی حکومت کا وہ فیصلہ تھا جو پوری دنیا کے لئے تھا اور اب بیشتر ممالک پر سے یہ پابندیاں ہٹا کر محض ۹؍ ممالک پر برقرار رکھی گئی ہیں اس لئے اسے حج سے جوڑنا مناسب نہیں ہوگا۔
سعودی عرب میں مقیم لوگوں کو حج کی اجازت کا ٹویٹ فرضی 
   بدھ کی شب سے ایک ٹویٹ سوشل میڈیا کے الگ الگ گروپ میں تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ۱۵؍ ہزار سعودی باشندوں کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک کے لوگ جو سعودی عرب میں مقیم ہیں، انہیں میں سے۴۵؍ ہزار لوگوں کو حج کی ادائیگی کا موقع دیا جائے گا اور سعودی حکومت خود ان کا انتخاب کرے گی نیز۲؍ ہفتے میں ان کا رجسٹریشن شروع ہوگا۔ اس ٹویٹ کی وجہ سے لوگوں میں زبردست تذبذب پایا جارہا ہے اور وہ مخمصے کا شکار ہیں کہ ایسی صورت میں کوشش کرنے کا کیا مطلب ہے؟ لیکن یہ ٹویٹ فرضی ہے اور ایک سعودی شہری کی جانب سے عربی اور انگریزی میں یہ ٹویٹ کیا  گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او نے بھی اسے فرضی قرار دیا اور بتایا کہ یہ سعودی حکومت اور سعودی وزارت حج کی جانب سے نہیں کیا گیا ہے اس لئے عازمین تذبذب کا شکار نہ ہوں اور جب تک باضابطہ طور پر کوئی اعلان یا وضاحت نہ کی جائے، ایسی باتوں پر یقین کرنے یا اسے عام کرنے سے احتراز کریں۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK