Inquilab Logo

پڈوچیری ایکسپریس کے۳؍ ڈبے پٹری سے اتر گئے

Updated: April 17, 2022, 8:39 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

دادر اور ماٹنگا کے درمیان حادثہ،طویل مسافتی کے ساتھ ساتھ لوکل ٹرین خدمات بھی متاثر، مسافر وں کو شدید دقتوں کا سامنا

Train services were affected on Saturday due to derailment last night
گزشتہ رات ڈبے پٹری سے اترنے کی وجہ سے سنیچر کو ٹرین خدمات متاثر رہیں

: دادر  اور ماٹنگاریلوے اسٹیشن کے درمیان پڈوچری ایکسپریس کے ۳؍ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔  اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن اس سے ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرین سروسیز بری طرح متاثر رہیں۔لوکل ٹرین سروسیز متاثر ہونے سے مضافات کے مختلف علاقوں سے ممبئی آمد و رفت کرنےو الے لاکھوں مسافروں کو سنیچر کو شدید دقتوں کاسامنا کرنا پڑا۔
  اس حادثہ کے سبب ممبئی سے روانہ ہونے والی  ۱۳؍ طویل مسافتی ٹرینوں کو منسوخ بھی کیا گیا اور ۱۴؍ ٹرینوں کوڈسٹینیشن سےپہلے سے ختم کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ کوکن کنیا ، اندریانی اور تیجس ایکسپریس ان ۳؍ ایکسپریس کے اوقات بھی تبدیل کئےگئے تھے۔ سینٹرل ریلوے انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ لوکل ٹرین سرویسز سنیچر کی دوپہر تک معمول پر آگئی تھیں۔ حادثہ کے اثر کے سبب سنیچر کی دوپہر تک سینٹرل ریلوے کی لوکل ٹرینیں ۱۵؍ تا ۲۵؍ منٹ تاخیر سے چل رہی تھیں۔ایسی اطلاعات ملیں ہےکہ سنیچر کو پولیس سب انسپکٹر کے عہدے کی بھرتی کیلئے امتحان منعقد ہونے والے تھے لیکن صبح کے وقت لوکل ٹرین سروس متاثر ہونے کے سبب متعدد امیدوار امتحان سینٹر پر تاخیر سے پہنچے جس کے سب انہیں امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔
کیا ہوا تھا
 دادر۔ پڈوچیری ایکسپریس( نمبر: ۱۱۰۰۵) کے ۳؍ ڈبے دادر اور ماٹنگا کے درمیان پٹری سے اتر گئے تھے۔یہ حادثہ ۱۵؍اپریل کی رات ۹؍بجکر ۴۵؍ منٹ پر ہوا۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ڈبے پٹری سے اتر جانے کے سبب کئی گھنٹوں کے لئے فاسٹ ٹریک سے لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت بند کر دی گئی تھیں۔
 حادثہ کےبعد راحتی کام کیلئے سی ایس ایم ٹی ، کلیان اور کرلا سے ریلیف ٹرین بلا لی گئی تھی۔  
 اس سلسلے میں سینٹرل ریلوے سینئر پی آر او اے کے جین سے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے بتایاکہ’’ ڈبے اترنےکے حادثہ کے بعد فاسٹ اپ اور ڈاؤن ٹرینوں کی آمدورفت کو دھیمی پٹریوں پر موڑ دیا گیاتھا۔ البتہ سنیچر کی صبح ساڑھے ۸؍بجے فاسٹ ٹریک پر سے ٹرینوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی۔ ‘‘
 انہوںنے مزید بتایاکہ ’’ دھیمی لائن کی بھی سروسیز کچھ وقت کے لئے منسوخ رکھی گئی تھی لیکن ۹؍ بجکر ۴۵؍ منٹ پر دھیمی پٹریوں کی سروسیز شروع کر دی گئی تھیں۔ سلو ٹریک سے ہی میل ایکسپریس اور فاسٹ ٹرینوں کو گزارا گیاتھا۔
آج سینٹرل ریلوے میں میگابلاک
 اتوار کو پٹری اور آلات کی درستگی کے کام کیلئے ریلوے انتظامیہ کی جانب سے سینٹرل لائن پر میگا بلاک رکھا گیا ہے۔
سی ایس ایم ٹی تا ودیا ویہار دھیمی لائن پر بلاک
 سینٹرل ریلوے کی مین لائن پر صبح ۱۰؍ بجکر ۵۵؍ منٹ سے شام ۳؍ بجکر ۵۵؍ منٹ تک چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس( سی ایس ایم ٹی) اور ودیا ویہار کے درمیان اپ اور ڈاؤن دونوں دھیمی لائن پر میگا بلاک رہے گا۔ اس دوران سبھی ممبئی سے روانہ والی اور ممبئی جانے والی سبھی دھیمی لوکل ٹرین فاسٹ ٹریک سے چلائی جائے گی۔
سی ایس ایم ٹی تا چونابھٹی/باندرہ ہاربر لائن 
 سینٹرل ریلوے انتظامیہ کے مطابق اتو ار کی صبح  ۱۱؍ بجکر ۴۰؍ منٹ سے شام ۴؍بجکر ۴۰؍ منٹ تک سی ایس ایم ٹی تا چونا بھٹی /باندرہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان ہاربر لائن پر میگا بلاک رہے گا اوراسی طرح صبح ۱۱؍ بجکر ۱۰؍ مٹ سے شام ۴؍ بجکر ۱۰؍ منٹ تک چونا بھٹی /باندرہ  سے سی ایس  ایم ٹی کے درمیان میگا بلاک رہے گا اور اس دوران لوکل ٹرین سروسیز بند رہیں گی۔ اس بلاک کے دوران کرلا (پلیٹ فارم نمبر ۸) اور پنویل سے خصوصی ٹرین روانہ کی جائے گی۔اس بلاک کے دوران مسافروں کو مین لائن سے سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔ویسٹرن لائن پر اس ہفتہ دن میں میگا بلاک نہیں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK