Inquilab Logo

کرلا کے ونوبا بھاوے نگر میں کورونا کے مفت جانچ کیمپ کا انعقاد

Updated: September 18, 2020, 11:03 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

کرلا کے ونوبا بھاوے نگر میں کورونا کے مفت جانچ کیمپ کا انعقاد ،۵۰؍سے زائدنمونے لئے گئےاچھی بات یہ رہی کہ جانچ میں لئے گئے سبھی نمونے منفی پائے گئے،مقامی کارپوریٹر دلشاد اعظمی کی رہنمائی میں یہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا تھا جس کا مقصد طبی جانچ کرنے کے علاوہ عوام میں اس وباء کے تعلق سے بیداری لانا تھا ۔ ایل وارڈ کے ڈاکٹروں کےعلاوہ ۲۷؍ اہلکاروں نے اپنی خدمات پیش کیں

In a free medical camp a doctor tests a person`s temperature with a machine.Picture :Inquilab
مفت میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر ایک شخص کا ٹمپریچر مشین کے ذریعہ معلوم کرتے ہوئے۔ تصویر:انقلاب

  کورونا پر قابو پانے اور لوگوں میں  اس تعلق سے بیداری لانے کی غرض سے کرلا کے   ونوبا بھاوے میونسپل اسکول میں میونسپل کار پوریشن کے ذریعہ مقامی کارپوریٹر کی   جدوجہداور ان کی نگرانی میں   مفت کورونا جانچ کیمپ  کا  اہتمام کیا گیا تھا ۔ جانچ کیمپ میں تقریباً ۵۰؍ افراد کی کورونا  جانچ کی گئی لیکن اس جانچ کے دوران کورونا کا کوئی مریض نہیں پایا گیا ۔ اس کیمپ کے ذریعہ عوام میں اس تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی بھی کوشش کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق کرلا کے ونوبا بھاوے نگر میں رہنے والی اوروارڈنمبر ۱۶۷؍ کی مقامی کارپوریٹر دلشاد اعظمی نے انقلاب کوبتایا کہ مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی کی اسکیم ’ میرا پریوار ، میری ذمہ داری ‘ کے عنوان سے ونوبابھاونے نگر میونسپل اسکول میں کورونا جانچ کیلئے مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا تھا ۔ اس کیمپ میں جمعرات کی صبح ۱۰؍ بجے سےدوپہر ۲؍بجے تک  اسی علاقے سے آنے والےافراد کی کورونا جانچ کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں دلشاد اعظمی نے کہا کہ چونکہ پرائیویٹ لیباریٹری میں اس جانچ کیلئے ۲۸۰۰؍ روپے خرچ ہوتے ہیں اور غریب آدمی اتنے پیسے خرچ نہیں کرسکتا ۔ اس لئے خصوصی طور پر ان کے لئے یہ کیمپ لگایا گیا تھا اور ان شاءاللہ آئندہ بھی کرلا کے متعدد علاقوں میں بھی اس طرح کے کیمپ لگائے جائیں گے ۔  کیمپ میں موجود کارپوریٹر اشرف اعظمی کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں کرلا ایل وارڈ کے ۳؍ ڈاکٹروں سمیت ہیلتھ محکمہ کے ۲۷؍ اہلکاروں نے اپنی خدمات پیش کی تھی ۔ کیمپ لگانے کا مقصد یہ تھا کہ اس کے ذریعہ عوام میں بیداری لا ئی جائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں و جانچ کی ترغیب دلانے کے علاوہ کورونا پر قابو پانے کی کوشش کی جائے ۔ بقول اشرف اعظمی اگر جانچ کے ذریعہ کوروناسے کوئی شخص متاثر پایا جاتا تو اسے بی کے سی میں کورینٹائن کیلئے بھیج دیا جاتا۔ یا اگر کوئی پرائیویٹ اسپتال میںجانا چاہتا تو اسے وہاں جانے کی اجازت دی جاتی ۔ اس ضمن میں کرلا ایل وارڈ کے ایک ڈاکٹر کے مطابق کورونا کی جانچ ہر شخص کو کرالینا چاہئے تاکہ اگر معلوم ہوجائے تو اس پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔و رنہ اس کے ذریعہ پہلے اس کے گھروالے متاثر ہوتے ہیںاور ان کےذریعہ محلے کے دوسرے لوگوں میں کورونا  پھیل جاتا ہے ۔ اس مہم کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں بیداری لانا مقصد ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK