Inquilab Logo

کالسیکر اسپتال کے ڈائلیسس کے مریضوں کو تھانے کے ۳؍ اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت

Updated: April 10, 2020, 1:11 PM IST | Iqbal Ansari | Thane

یہاں کالسیکر اسپتال کے ایک اسٹاف ممبر کو کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے سبب اس اسپتال کو مکمل طور پر بند کر دیاگیا ہےجس کی وجہ سے ایک جانب شہریوں کو علاج کے لئے پریشانی ہو رہی ہے تو دوسری جانب یہاں ڈا ئلیسس کرانے والے تقریباً ۱۰۸؍مریضوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

Kalsekar hospital - Pic : INN
کالسیکر اسپتال ۔ تصویر : آئی این این

 یہاں کالسیکر اسپتال کے ایک اسٹاف ممبر کو کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے سبب اس اسپتال کو مکمل طور پر بند کر دیاگیا ہےجس کی وجہ سے  ایک جانب شہریوں کو  علاج کے لئے پریشانی ہو رہی ہے   تو دوسری جانب یہاں ڈا ئلیسس کرانے والے تقریباً ۱۰۸؍مریضوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر رکن پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے اور تھانے کے میئر نریش مہسکے نے میونسپل افسران کی ہنگامی میٹنگ طلب کی اور کالسیکراسپتال کے مریضوں کو تھانے کے ۳؍  اسپتالوں میں مفت ڈائلیسس کی سہولت مہیا کرانے اور انہیں گھر سے اسپتال اور لانے لے جانے کی بھی مفت سہولت مہیا کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران مقامی کارپوریٹر اشرف ( شانو) پٹھان نے بھی ممبرا کے ایک مقامی اسپتال میں ڈائلیسس کی سہولت مہیا کرانے کا یقین دلایا ہے۔
 اس سلسلے میں رکن پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے نے بتایا کہ ’’کالسیکر اسپتال میں ۱۰۸؍مریض علاج کروا رہے تھے لیکن یہ اسپتال بند ہونے کی وجہ سے وہاں کے مریضوں کا بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں متعدد مریضوں کی جانب سے مجھے بھی فون آیا۔ اس سنگین مسئلہ کودیکھتے ہوئے تھانے میئر نریش مہسکے کی صدارت میں ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ ان ۱۰۸؍ مریضوں کو تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) کے واڈیا اسپتال،جیتو اسپتال( کوپری) میں واقع ڈائلیسس سینٹر میں  مفت میں ڈائلیسس کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔ اس کا خرچ ٹی ایم سی  ہی برداشت کرے گی۔‘‘ انہوں نے ممبرا اور کوسہ کے عوام سے اپیل کی ہے جو بھی مریض کالسیکر میں علاج کروا رہا تھا، ان سبھی کیلئے جمعہ سے ان اسپتال میں مفت علاج کیا جا ئے گا۔ ان مریضوں کو لانے لے جانے کی سہولت بھی ٹی ایم سی کی ایمبولینس کے ذریعے کی جائے گی۔لہٰذا اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ مریض استفادہ کرےتا کہ ان کا ڈائلیسس نہ رکے۔‘‘
   اس میٹنگ میں کالسیکر اسپتال مریضوں کا ٹی ایم سی کے واڈیا اسپتال، کوپری میں واقع لکھیم چند فاطمہ چند اسپتال اور اسی طرح حضوری علاقے میں واقع جیتو اسپتال میں نظم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔کالسیکر میں ڈائلیسس کرانے والے مریضوں کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے۔ ان مریضوں سے روزانہ رابطہ قائم کر کے انہیں ڈائلیسس کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔
 مئیر کی جانب سے کالسیکر کے مریضوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دیگر اسپتالوں میں جانے کیلئے پریشان نہ ہوں اور ٹی ایم سی کی اس سہولت سے استفادہ کریں۔میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انیرودھ مالگاؤنکر نے کالسیکر کے مریضوں کو متذکرہ سہولت مہیا کرانے کیلئے ضروری کارروائی کرنے کایقین دلایا ہے۔ 
 برہانی میں بھی ڈائلیسس کی سہولت
 اسی دوران کالسیکر اسپتال میں ڈائلیسس کروانے والے مریضوں کیلئے کابینی وزیر جتیندر اوہاڑ اور کارپوریٹر اشرف (شانو) پٹھان کی جانب سے ممبرا پولیس اسٹیشن کے قریب واقع برہانی اسپتال میں بھی ڈائلیسس کا نظم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK