Inquilab Logo

انتیس جنوری سےبھی ٹرینیں عام مسافروں کیلئے شروع نہیں ہوں گی

Updated: January 28, 2021, 10:03 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ریلوے نے جمعہ سے لوکل ٹرین میں عام شہریوں کو سفرکی اجازت دینےکی خبرکی تصدیق نہیں کی ۔سوشل میڈیا کے الگ الگ گروپ میں سفر کی اجازت کی خبروں سے ریلوے انتظامیہ بھی حیران، اطلاع دی کہ ۲۹؍جنوری سے ویسٹرن ریلوے میں۹۹؍ سروسیز بڑھائی جارہی ہیں اس کے سوا مزید کوئی تبدیلی نہیں

Local Train - Pic : INN
لوکل ٹرین ۔ تصویر : آئی این این

ریلوے میں عام مسافر لوکل ٹرینوں  میں سفر کی راہ دیکھ رہے ہیں اور ۱۰؍ماہ سے اس بات کے منتظر ہیں کہ اسے لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت  جلد مل جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع سے سفر میں آنے والی پریشانیوں سے اسے نجات مل سکے لیکن خبر لکھے جانے تک حتمی طور پر کوئی ایسا فیصلہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے نہیں کیا گیا ہے جس سے یہ واضح ہوسکے کہ واقعی عام مسافر کس تاریخ اور کس دن سے پہلے کی طرح لوکل ٹرینوں میں سفر کر سکے گا۔ البتہ اس دوران سوشل میڈیا میں الگ الگ گروپ میں اس طرح کی خبریں مسلسل پوسٹ کی گئیں اور پیغامات بھیجے گئے کہ۲۹؍جنوری سے عام مسافروں کو لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت دی جائے گی بلکہ دے دی گئی ہے ۔ ان پیغامات کے ساتھ ویسٹرن ریلوے کا ایک پیغام بھی بھیجا گیا اور اسے بطور ثبوت مختلف گروپ میں پیش کیا جانے لگا کہ۲۹؍ جنوری سے واقعی عام مسافروں کو سفر کی اجازت دیئے جانے کیلئے یہی بنیاد ہے۔ مسلسل بھیجے گئے پیغامات سے ریلوے  بھی حیران ہوگیا اور اسے باقاعدہ وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔
  اس سلسلے میں نمائندۂ انقلاب نے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر اور سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نیز سینئر پی آر او اے کے جین سے رابطہ قائم کیا اور جس پوسٹ کو بنیاد بنا کر یہ خبریں پھیلائی جارہی ہیں ، اسے بھی انہیں بھیجا۔  اس پر ان افسران نے جواب دیا کہ۲۹؍  جنوری سے عام مسافروں کیلئے لوکل ٹرینیں شروع کرنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ۲۶؍ جنوری کو ایک سے زائد مرتبہ انہیں وضاحت کرنی پڑی ۔ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کا آخری مشترکہ بیان ۲۶؍  جنوری کی رات میں پونے بارہ بجے جاری کیا گیا جس میں یہی وضاحت کی گئی۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر نے انقلاب کو یہ بھی بتایا کہ عام مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت کے سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ ویسٹرن ریلوے کی اب تک چلائی جانے والی۱۲۰۱؍ سروسیز میں۹۹؍ سروسیز کا اضافہ کرکے۲۹؍ جنوری سے ۱۳۰۰؍ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت خاتون مسافر اور ایمرجنسی خدمات کی فہرست میں شامل کئے گئے مسافروں کی ویسٹرن ریلوے میں مجموعی تعداد۱۱؍  لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ اس لئے یہ سروسیز بڑھائی جارہی ہیں۔ سمیت ٹھاکر نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ آج کل فرضی خبریں پھیلانے کی باڑھ سے آئی ہوئی ہے اور ہر شخص پترکار بن کر گھوم رہا ہے، خواہ اسے کوئی معلومات ہو یا نہ ہو، خبر ہو یا افواہ بغیر تصدیق کئے ہوئے وہ اسے عام کرنے میں یقین رکھتا ہے۔
  ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او اور سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او نے عام مسافروں سے یہ اپیل بھی کی کہ اب تک جن‌ مسافروں کو ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے ذریعے سفر کی اجازت دی گئی ہے وہی لوکل ٹرینوں میں کووڈ۱۹؍ سے متعلق تمام پابندیوں اور احتیاط کے ساتھ سفر کر سکیں گے۔ جب عام مسافروں کو سفر کی اجازت دی جائے گی تو انہیں باضابطہ طور پر پیشگی اطلاع دی جائے گی لیکن سردست ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK