Inquilab Logo

کل مہاراشٹر بندکوریاست کی تینوں حکمراں جماعتوں کی بھرپور حمایت

Updated: October 10, 2021, 8:24 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاست کے شہریوں سے رضاکارانہ طور پر بند میں شامل ہونے کی اپیل ، لازمی خدمات کو مستثنیٰ رکھا گیا ،گزشتہ دنوں شرد پوار نے بھی بند کی حمایت کی تھی

Sachin Sawant, Sanjay Rawat and Nawab Malik during the press conference.Picture;Inquilab
سچن ساونت ، سنجے رائوت اور نواب ملک پریس کانفرنس کے دوران تصویر انقلاب

لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو گاڑی سے کچلنے  کے خلاف پورے ملک میں بی جے پی کیخلاف شدید احتجاج ہو رہا ہے اور  ریاست مہاراشٹر میں بند کا اعلان کیا گیا ہے۔اب  اس معاملے میںمہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں شامل این سی پی ، کانگریس اور شیو سینا   کے لیڈروں نے بھی   بندکی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مہا وکاس اگھاڑی کی پارٹیوں کے مطابق ریاست میں ۱۱؍ اکتوبر یعنی پیر کو بند منایا جائے گا۔ حالانکہ اس دوران لازمی خدمات متاثر نہیں ہونے دی جائے گی لیکن عوام سے اپیل کی گئی وہ  رضاکارانہ طور پر بند میں شامل ہوں۔اس سلسلے میں منعقد پریس کانفرنس سے  این سی پی  کے قومی ترجمان نواب ملک ، کانگریس کے ریاستی  ترجمان سچن ساونت اور شیوسینا رکن پارلیمان سنجے راؤت نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ این سی پی سربراہ اور مہا وکاس اگھاڑی کے قیام میں اہم رول ادا کرنے والے شرد پوار نے گزشتہ روز شولا پور میں این سی پی کے ایک پروگرام میں ۱۱؍ اکتوبر کو  ہونے والےمہاراشٹر بند کی حمایت کا اعلان کیا تھا  جبکہ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں بھی تشدد کیخلاف مذمتی  تجویز اتفاق رائے سے منظور کی گئی تھی۔
  پریس کانفرنس میں نواب ملک نے کہا کہ پیر۱۱؍ اکتوبر کو بند  میں سبھی تاجروں اور عام لوگوں کو اپنے طور پر بند کی حمایت کرنی چا ہئے۔یہ بند کسان بھائیوںکی حمایت اور ظالم حکومت کی مخالفت میں کیا جارہا ہے۔   انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو پریشانی نہ ہو اس کا بھی خیال رکھا جائے گا اور لازمی خدمات کو پوری طرح سے بند سے چھوٹ رہے گی۔ اس لئے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہماری اپیل یہی ہے کہ وہ بند میں شامل ہوں۔  
  شیو سینا  کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ کسانوں کے خلاف تشدد کی مذمت میں ۱۱؍ اکتوبر کو کئے جانے ولے بند میں شیو سینا اپنی پوری طاقت کے ساتھ شامل رہے گی اور اسے صد فیصد کامیاب بنانے کی کوشش کرے گی۔   انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا  کسان اکیلا نہیں  ہے۔ ہم اس کے ساتھ ہیں اور اگھاڑی سرکار کی تینوں پارٹیاں اس بند میں شرکت کررہی ہیں   ۔   
  کانگریس کے ریاستی ترجمان سچن ساونت نےکہاکہ’’مرکزی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوںکی مخالفت میںمہاراشٹر بند ضروری ہے اور ہم ہر طرح سے اس کی حمایت کریں گے۔ 
  اس بارے میں ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ نے کہاکہ اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں انصاف مانگنے والے کسانوں کو کچلنے پر ملک بھر میں ہر سطح پر احتجاج کیا جارہا ہے اور ممبئی، جو ہر طرح کی تحریکوں کا مرکز رہا ہے ، کے عوام  بھی  کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے بند میں شامل رہیں گے ۔ بھائی جگتاپ نے کہاکہ ممبئی  کانگریس کے تمام بڑے لیڈر، عہدیدار اور بڑی تعداد میں ورکر ۱۱؍ اکتوبر کے مہاراشٹر بند کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK