Inquilab Logo

مروڈجنجیرہ میں تیرتی جیٹی اور بریک واٹرکی تعمیرکیلئے تقریباً۹۵؍کروڑ کا فنڈ منظور

Updated: November 05, 2022, 12:24 PM IST | Siraj Shaikh | Murud/Janjira

قلعہ کے مغرب میں واقع مرکزی دروازے کے پاس جیٹی کی تعمیر ہوجانے کے بعد جنجیرہ قلعہ تک سیاحوں کا جانا آسان ہوجائے گا

A beautiful picture of the historical fort of Marood Janjira located in the sea..Picture:INN
سمندر میں واقع مروڈ جنجیرہ کے تاریخی قلعے کی ایک خوبصورت تصویر۔ ۔ تصویر:آئی این این

 مرکزی حکومت کی ساگرمالا اسکیم کے تحت، مروڈ تعلقہ کے راجپوری گرام پنچایت حدود میں واقع معروف جنجیرہ قلعہ میں فلوٹنگ جیٹی اور بریک واٹر کی تعمیر کیلئے تقریباً ۹۵؍کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ تاکہ مسافروں کو صدر دروازے سے کشتیوں میں سوار ہونے اور اترنے کی سہولت فراہم کی جاسکے۔  میری ٹائم بورڈ نے اس کام کے لئے  ٹینڈر بھی جاری کر دیا ہے اور نومبر کے مہینے میں ٹینڈر کا عمل مکمل کر کے متعلقہ ٹھیکیدار کو کام دے دیا جائے گا اور جلد ہی اس قلعے پر جیٹی کا کام شروع ہو جائے گا۔ مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کے سینئر افسر سدھیر دیورے نے حال ہی میں یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے مذکورہ کام کو دو سال میں مکمل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سیاحوں کو محفوظ طریقے سے قلعے میں چڑھنے کیلئے  صدر دروازے پر ایک جیٹی کی اشد ضرورت تھی جس کا مطالبہ وقتاً فوقتاً کیا جاتا رہا ہے۔ کچھ اوقات میں قلعہ کے صدر دروازے کے پاس سمندری موجوں کا زیادہ زور ہوتا ہے جس کے سبب لانچ اوربادبانی لشتیوں کو دروازے کے پاس  لگانا مشکل ہوتا ہے  اور اس صورت میں سیاحوں کو کشتیوں سے اترکر قلعہ کی سیڑھیوں تک پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔بچے، خواتین اور معمر افراد کو کشتیوں سے اترنے  اور اس میں چڑھنے میں زیادہ دقتیں آتی ہیں۔ شروعات میںقلعہ کے مشرقی صدر دروازہ کے پاس ہی  جیٹی تعمیر کرنے کا منصوبہ تھا ، لیکن متعلقہ محکمہ کی تکنیکی ٹیم نے سروے رپورٹ میں کہا  کہ قلعہ کے سامنے والے دروازے کے قریب اونچی اوربہت مضبوط لہریں اٹھتی ہیں اسلئے یہاں  پر جیٹی تعمیر نہیں کی جاسکتی۔  دوبارہ سروے کیا گیا اور قلعہ کے عقب میں جیٹی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیاہے کیونکہ یہاں سمندر کا پانی پرسکون ہے اور  لہریں جیٹی کو متاثر نہیں کریں گی ۔ مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کی طرف سے اس منصوبہ کی رپورٹ محکمہ آثار قدیمہ کو بھیجی گئی  جو  منظور کر لی گئی، جلد ہی اس منصوبے کے تحت کام شروع کر دیا جائے گا۔
 میری ٹائم بورڈ کا کیا کہنا ہے؟
 محکمہ کے افسر سدھیر دیورے نےکہا کہ     قلعہ کے جس دروازے کو ہم  مرکزی دروازہ سمجھتے ہیں در اصل وہ قلعہ کا پچھلا دروازہ ہے۔  فی الحال سیاح قلعے کے پچھلے دروازے سے اندر جاتے ہیں۔ چونکہ قلعہ کا مرکزی دروازہ مغرب میں ہے اسلئے  محکمہ آثار قدیمہ اور ماہر میری ٹائم بورڈ کے حکام نے سمندر کی لہروں کی شدت کو دیکھ کر تیرتی جیٹی اور  بریک واٹر کی تعمیر کیلئے  اس جگہ کا انتخاب کیا ہے۔ چونکہ مغربی دروازہ بڑا ہے اور اس کا پلیٹ فارم کافی بڑا ہے اسلئے  جیٹی بنانا آسان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ  قلعہ کے مغربی  حصہ میں جیٹی کی تعمیر سے راجپوری سے قلعہ کی خوبصورتی میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔ اس  جیٹی کی  تعمیر ہون پر یہاں ۵۰۰؍ سیاح بحفاظت اتر سکیں گے۔ سمندر کی لہروں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے  یہاں ۲۵۰؍ فٹ لمبائی کی  بریک واٹر (دیوار) تعمیر کی جائےگی۔

murud janjira Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK