Inquilab Logo

جی ۲۰؍کی سربراہی: کانگریس کا طنز،ایسا ڈراما ابھی تک کسی نے نہیں کیا

Updated: December 03, 2022, 9:54 AM IST | New Delhi

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش کے مطابق جی ۲۰؍ کی سربراہی سبھی کو باری باری ملتی ہے ، اس میں نیا کیا ہے ؟ مودی کو شاندار ایونٹ منیجرقرار دیا

Congress leader Jairam Ramesh; Photo: INN
کانگریس لیڈر جے رام رمیش ؛تصویر:آئی این این

  ہندوستان میں اگلے سال جی ۲۰؍ سربراہی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ اجلاس ستمبر۲۰۲۳ءمیں نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ وزیراعظم کے مطابق جی ۲۰؍ کی چیئرمین شپ ملنا ملک کے لئے فخر کی بات ہے اور یہ ہندوستان کے لیے بہت بڑا لمحہ  ہے۔ تاہم کانگریس نے اسے صرف سیاسی ڈراما قرار دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ  جی ۲۰؍کی سربراہی باری باری سے تبدیل ہوتی ہے اور ہندوستان کو اس کی چیئرمین شپ ملنا طے تھا۔ اس میں نیا کیا ہے؟ اور قابل فخر بھی کیا ہے؟ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اب تک امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جنوبی کوریا، فرانس، میکسیکو، روس، آسٹریلیا، ترکی، چین، جرمنی، ارجنٹائنا، جاپان، سعودی عرب، اٹلی اور انڈونیشیا جی ۲۰؍کی صدارت کر چکے ہیں۔
 بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ ہندوستان کو صرف ایک سال کے  لئے جی۲۰؍ کی صدارت ملنے کے بعد جس طرح کا ہائی وولٹیج ڈراما کیا جا رہا ہے، ایسا ابھی تک کسی اور ملک نے نہیں کیا۔ وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ مجھے ایل کے اڈوانی کی وہ بات یاد آ رہی ہے جو انہوں نے جولائی۲۰۱۴ء میںکہی تھی۔ انہوں نے مودی کو ایک شاندار ایونٹ منیجر کہا تھا اور اپنے دور اقتدار میں مودی جی نے یہ ثابت کیا ہےکہ وہ صرف ایک ایونٹ منیجر ہیں، ملک چلانے کا کام نہیں کرسکتے۔ حکومت کی جانب سے جی ۲۰؍سربراہی اجلاس کا لوگو بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس لوگو میں کمل کا پھول نظر آ رہا ہے۔ کانگریس نے لوگو میں بی جے پی کے انتخابی نشان کمل کا پھول ہونے پر اعتراض کیا ہے۔ جے رام رمیش نےکہا کہ ۷۰؍سال پہلے پنڈت نہرو نے کانگریس کے جھنڈے کو ہندوستان کا جھنڈا بنانے کی تجویز کو ٹھکرا دیا تھا لیکن اب بی جے پی کا انتخابی نشان جی ۲۰؍کی صدارت کا سرکاری لوگو بن گیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ پی ایم مودی اور بی جے پی   اپنے آپ کو فروغ دینے کا کوئی موقع نہیں گنوائیں گے اور یہ عالمی موقع تو وہ کسی قیمت پر چھوڑنا نہیں چاہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK