Inquilab Logo

ریاستی حکومت محروم طبقات کی بہبود کی خاطر مستقل مزاجی سے کام کر رہی ہے: گہلوت

Updated: March 08, 2021, 6:49 AM IST | Agency | Jaipur

راجستھان کے وزیر اعلیٰ نےجے پور میں اکھل راجستھان جاٹو مہا سبھا کے ہاسٹل اور کمیونٹی بلڈنگ کی سنگ بنیاد کی تقریب کے دوران اپنی سرکار کی حصولیابیاں بتائیں

Ashok Gehlot - Pic : PTI
اشوک گہلوت ۔ تصویر : پی ٹی آئی

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ سماج کے کمزور، پسماندہ اور محروم طبقات کو آگے بڑھانے کیلئے ریاستی حکومت مستقل مزاجی سے کام کر رہی ہے۔ 
 گہلوت اتوار کو اپنی رہائش گاہ سے وی سی کے ذریعے جے پور میں اکھل راجستھان جاٹو مہا سبھا کے ہاسٹل اور کمیونٹی بلڈنگ کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ایسے ترقیایتی منصوبے چلائے جا رہے ہیں جن کا پورا فائدہ ان طبقات کے افراد کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کیلئے جلدہی زمین الاٹ کی جائے گی۔گہلوت نے کہا کہ جاٹو سماج کو ہاسٹل اور کمیونٹی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ۲۰۱۳ء میں ہماری حکومت نے رعایتی شرح پر زمین الاٹ کی تھی۔مجھے خوشی ہے کہ آج ہماری حکومت کے وقت ہی اس کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہاسٹل اور کمیونٹی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ سے ۵؍ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ 
 وزیراعلیٰ نے کہا کہ۵؍ ہزار کی آبادی پر انگلش میڈیم کے۱۲۰۰؍ اسکول، ۷؍ گورنمنٹ، امبیڈکر ہاسٹل اور خواتین صنعت کاروں کے ہنر کو فروغ دینے سے متعلق بجٹ میں کئے گئے اعلانات سے پسماندہ طبقات کو قومی دھارے میں آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریاست کے باشندوں کی صحت کی  حفاظت کے نقطہ نظر سے یونیورسل ہیلتھ کوریج جیسا اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس سے انہیں۵؍ لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ مل سکے گا۔ 
’’ریاست کورونا سے جنگ جیت چکی ہے ‘‘
 راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاست عالمی وبا کورونا سے جنگ جیت چکی ہے اور اب  ایسی کوئی لاپروائی نہ کی جائے جس سے ہم جیتی ہوئی بازی  ہار جائیں۔
 انہوں نے پروگرام میں شریک کچھ لوگوں کو  ماسک نہ پہننے پرمتنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی مہاراشٹر ، مدھیہ پردیش اورہریانہ سمیت کئی مقامات پر کورونا کا اثر پھر سے دیکھنے کو مل رہا ہے اور غیرممالک میں بھی ابھی لاک ڈاؤن جیسی صورت حال برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں توپچھلے ۴-۶؍ مہینوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کوئی لاپرواہی نہیں برتنی ہے اور ماسک لگاکر رکھنا ہے اور اپنے گھروالوں کا خیال رکھنا ہے۔ ریاست میں کورونا کے دور میں حکومت نے بھی لوگوں کا خیال رکھا ہے اور عوام کو کسی طرح کی کوئی تکلیف نہیں ہونے دی اور اچھا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں آگے بھی دھیان رکھا جائےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK