Inquilab Logo

جرمنی: کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کیخلاف احتجاج

Updated: August 03, 2020, 6:38 AM IST | Agency | Berlin

ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین کی شرکت،مظاہرین رقص کرتے ہوئے گارہے تھے:ہم آزادمنش لوگ ہیں

Germany Protest
جرمنی میں لاک ڈاؤن کیخلاف احتجاج ۔ تصویر

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سنیچر کےروز ہزاروں افراد نے عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کیلئےعائد کی جانے والی پابندیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں سے لوگوں کے حقوق اور آزادیاں سلب ہوئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی تعداد ۱۷؍ہزارکے قریب تھی اور ان میں لبرل، آئین سےوفاداری رکھنے والے اور ویکسین کے مخالف سرگرم کارکن شامل تھے۔ مظاہرین میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد بھی محدود تعداد میں شامل تھے، جنہوں نےقدیم امپیرئل سیاہ، سفید اور سرخ پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ 
 مظاہرین رقص کرتے ہوئے یہ گا رہے تھے کہ ہم آزاد منش لوگ ہیں۔ جب کہ مظاہرے میں شامل کئی افراد کے پاس پلے کارڈ تھے جن پر لکھا تھا کہ ماسک پہنیں نہیں، لیکن اس کے متعلق سوچیں ضرور۔مظاہرے میں شامل ایک شخص کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ ہمیں جمہوریت لوٹا دو۔ یہ مظاہرہ مائیکل بالوگ کی اپیل پر ہواجو ایک کاروباری شخصیت ہیں اور ریلیاں منظم کرتے ہیں۔وہ جرمنی کے ایک جنوب مشرقی شہر کے میئر کا انتخاب لڑنے کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔پولیس نےمظاہرے کے منتظمین کے خلاف  ایک درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں سےماسک پہننے اور سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پابندی کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ مرکزی دھارے کی سیاست دانوں نے اس مظاہرے کے انعقاد پر نکتہ چینی کی ہے۔جرمنی نے آغاز میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کر لی تھی، لیکن اب کچھ عرصے سےیہ مہلک وبا وہاں دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ جسے روکنے کیلئے حکومت پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔جب کہ حکومت نے حال ہی میں تفریحی اور وائرس کے پھیلاؤ کے مقامات سے لوٹنے والوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی کر دیے ہیں۔جس کے خلاف کئی لوگ آواز اٹھا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK