Inquilab Logo

گھاٹ کوپر : گارڈن کی تزئین کاری کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا

Updated: April 07, 2022, 10:07 AM IST | Mumbai

نیتا جی سبھاش چندر بوس گارڈن میں زنگ آلود آلات سے بچوں کے زخمی ہونے کا خطرہ،بی ایم سی کی کام جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی

The swings in the garden have been removed and put in one place. (Photo: Samir Markande)
گارڈن میں لگے جھولے وغیرہ کو نکال کر ایک جگہ رکھ دیا گیا ہے۔(تصویر:سمیر مارکنڈے)

 گھاٹ کوپر کے پنت نگر علاقہ میں واقع برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی)کے نیتاجی سبھاش چندر بوس گارڈن میں بے ترتیبی سے پڑے زنگ آلود سامان کی وجہ سے لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔مقامی افرادکا کہنا ہے کہ گارڈن کی تزین کاری کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے اور اس گارڈن میں موجود مختلف آلات لاوارث چھوڑ دئیے گئے جس کی وجہ سے بچوں کو خطرہ لاحق ہے۔ان زنگ آلود ساز و سامان کی وجہ سے بچوں کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 مقامی افراد نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ کو خط لکھ کر گارڈن کی تزین کاری کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی گزارش کی ہے۔  سواتی ارون نام کی ایک خاتون نے بتایا کہ ان کا گھر اس گارڈن کے قریب ہے۔ان کا ۱۴؍سالہ بیٹااپنے دیگر دوستوں کے ساتھ اس گارڈن میں روزانہ کھیلنے کیلئے آتا ہے۔کچھ روز قبل میں نے دیکھا کہ گارڈن کے ساز و سامان ،جن میں بچوں کے جھولے وغیرہ بھی شامل ہیں،ایک کونے میں رکھے ہوئے ہیں۔بے ترتیبی سے رکھے یہ جنگ آلود سامان بچوں کےلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتے ہیں۔سندیش کدم نام کے ایک دیگر مقامی شخص، جو  روزانہ اس گارڈن میں آتے ہیں، نے بتایا کہ ’’میں روزانہ اپنی ۳؍سالہ بیٹی کے ساتھ اس گارڈن میں آتا ہوں۔گزشتہ دنوں میں نے دیکھا کہ گارڈن کے کنارے  رکھے ہوئے سامان پر بچے کھیل رہے ہیں۔یہ سامان ۲؍ہفتے سے ایسے ہی پڑے ہیں۔ ان سے بچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے‘‘
 مقامی سماجی کارکن سچن مانجریکر نے ’این‘ وارڈ آفس میں شکایت درج کرائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’’گزشتہ کئی دنوں سے گارڈن کی تزئین کاری کا کام نامعلوم وجوہات کے سبب بند کردیا گیا ہے۔چند معمر افراد اورآس پاس رہنے والوں نے گارڈن میں موجود ساز و سامان کے تعلق سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پڑے پڑے یہ آلات خراب ہورہے ہیں اور سب جنگ آلود ہوچکے ہیں۔ کھیلتے وقت بچوں کو چوٹ لگنے کا امکان بھی ہے۔میں نے بی ایم سی کے وارڈ آفس میں اس تعلق سے تحریری شکایت  کی ہے۔بی ایم سی کو چاہئے کہ وہ گارڈن کی تزئین کاری کا کام جنگی پیمانے پر شروع کرتے ہوئے جلد از جلد مکمل کر دے کیوںکہ گرمیوں کی چھٹیاں ہونے والی ہیں اور اس وجہ سے گارڈن میں بچوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی آمد میں اضاف ہوجائے گا۔‘‘
 دریں اثنا بی ایم سی کے گارڈن سپرنٹنڈنٹ صاحب راؤ گاوت سے جب اس تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوںنے بتایا کہ ’’گارڈن کی تزئین کاری کا کام آخری مرحلے میں ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔گارڈن میں  مانسون کے دوران پانی بھرنے کی شکایت کے  بعد اس میں بھرنی کا کام جاری ہے۔اسی وجہ سے گارڈن میں موجود جھولے،جم کے سامان اور دیگر چیزوں کوایک جگہ رکھ دیا گیا ہے۔جیسے ہی گارڈن کا کام مکمل ہوجائےگا ویسے ہی یہ سب چیزیں اپنی پرانی جگہوں پر لگا دی جائیںگی۔ہم نے بچوں کے کھیلنے کی جگہ پر ایک طرح کی کالین بچھانے کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ کھیلتے وقت گرنے سے بچوں کو چوٹ نہ لگے۔گارڈن میں موجود تمام آلات جنگ آلود ہوچکے ہیں اور بہت جلد انہیں ہٹاکر نئے سامان لگائے جائیںگے۔ اس گارڈن کی تزئین کاری پر ایک کروڑ ۲۰؍لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔‘‘

ghatkopar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK