Inquilab Logo

گھاٹ کوپر :انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس کا اخراج ، ایک مزدور ہلاک

Updated: January 11, 2022, 9:18 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

دیگر۲؍مزدوراسپتال میں زیر علاج،حالت خطرے سے باہر،پولیس تفتیش میں مصروف ،ممکنہ لاپروائی کی بھی جانچ کی جائے گی

Gas can be seen leaking out of the industrial estate at Ghatkopar
گھاٹکوپر کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں سے گیس خارج ہوتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے

یہاں کرلا انڈسٹریل اسٹیٹ میں  زہریلی گیس کے اخراج  سےایک کمپنی میں کام کرنے والے ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ۲؍ ملازمین کو دم گھٹنے کی شکایت پر گھاٹ کوپر کے راجا واڑی اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے۔جہاں اب ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے ۔ پولیس نےحادثاتی موت کا معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ 
 میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ گھاٹ کوپر کے علاقے میں واقع نارائن نگر بجاج سروس سینٹر کے قریب کرلا انڈسٹریل  اسٹیٹ میں کیمیکل کی ایک فیکٹری ہے اور اس فیکٹری میں پیر کی صبح۸؍بج کر ۱۵؍ منٹ پرکیمیکل فیکٹری کا ٹینک کمپنی کے۳؍ مزدور صاف کررہے تھے ۔ اسی دوران اچانک انڈسٹریل اسٹیٹ میں میتھانول اورسائینورک کلورائیڈ گیس کا اخراج ہوااور تینوں مزدور بے ہوش ہوگئے ۔ 
 پولیس کاکہنا ہے کہ اس گیس کے اخراج سے کام کرنے والے مزدوروں کا دم گھٹنے لگا اور بے ہوشی کے حالت میںانھیںاسپتال پہنچا یا گیا۔ پولیس کے مطابق گھاٹ کوپر کے راجا واڑی اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے رام نواس سروج (۳۶) کو اسپتال میں داخل کرنے سے پہلے ہی مردہ قرار دےدیا ۔ 
 پولیس نے بتایا کہ گیس سے متاثر ہونے والے مزید ۲؍ مزدوروں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں دونوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق اسپتال میں زیر علاج مزدروں کے نام روبن سولکر (۳۶) اور سرویش سوناونے (۲۵)  بتائے جارہے ہیں ۔ 
 پولیس کے مطابق پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نےجائے وقوع پر جاکر تفتیش شروع کردی ہے ۔ پولیس نے اے ڈی آر کا معاملہ درج کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ حادثہ میں کسی کے ذریعہ لاپروائی تو نہیں ہوئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے افسران بھی انکوائری کے ذریعہ یہ پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ حادثہ کیسے پیش آیا اور گیس کا اخراج کہاں سے اور کیسے ہوا ہے۔ 

ghatkopar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK