Inquilab Logo

غازی پور: بھیانک سڑک حادثہ

Updated: November 03, 2021, 10:53 AM IST | Agency | Ghazipur

بے قابو ٹرک نے دکان کے سامنے بیٹھے افراد کوروند دیا ،۷؍افراد کی موت ، مشتعل بھیڑ نے احتجاجاً ساڑھے ۳؍ گھنٹے تک نیشنل ہائی وے بند کردیا ، وزیراعلیٰ یوگی نے افسو س کا اظہار کیا

Ghazipur: Locals with a truck at the crash site.Picture:INN
غازی پور: جائے حادثہ پر ٹرک کے ساتھ مقامی افراد۔ تصویر: آئی این این

 اترپردیش کے ضلع غازی پور کے محمدآباد کوتوالی علاقے میں منگل کی صبح سڑک حادثے میں ٹرک ڈرائیور سمیت ۷؍ افراد کی موت ہوگئی۔مقامی پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ محمدآباد کوتوالی کی اہرولی چٹی گاؤں میں صبح تقریباً۷؍ بجے نیشنل ہائی وے پر ہوا۔ حادثے سے مشتعل مقامی افراد نے لاشیں رکھ کر راستہ بند کردیا۔ اسی دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس خوفناک سڑک حادثے کے نتیجے میں اموات پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کی ہر ممکن  مدد کی ہدایت دی ۔ پولیس کے مطابق بلیا کی جانب سے ایک تیز رفتار ٹرک محمد آباد کی جانب جارہا تھا۔ اسی درمیان ایک بائیک سوارکوبچانے کی کوشش میں ڈرائیور توازن کھو بیٹھا اور سڑک کے بائیں جانب واقع چائے مٹھائی کی ایک دکان کے سامنے بیٹھے افراد کو روندتے ہوئے ایک جھوپڑی میں گھس گیا،  دکان کھلی نہیں تھی ۔ اس کے سامنے رکھی چوکی پر لوگ بیٹھے تھے۔  دکان   وریند گپتا عرف  ببو کی ہے۔ اس حادثے میں اوما شنکریادو (۵۲) ، ویریند ر رام(۴۰)،ستیندر ٹھاکر  (۲۸)  اور گولو یادو (۱۴) کی  موقع ہی پر موت ہوگئی۔ ان کے علاوہ شیام بہاری کشواہا(۴۸) اور چندرموہن رائے (۴۷) شدید طورسے زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ضلع اسپتال کے ایمرجنسی میںمامور فارمسسٹ شیوپرساد نے بتایا کہ چندرموہن رائے کی علاج کے دوران موت ہوگئی ۔زخمی شیام بہاری اور ٹرک ڈرائیور اودھیش سنگھ کو ضلع اسپتال  ریفر کر کے وارانسی بھیج دیا گیا تھا لیکن راستے ہی  میں دونوں نے دم توڑ دیا۔  حادثہ کے بعد مشتعل بھیڑ نے۸؍ بجے سےساڑھے ۱۱؍ بجے(  ساڑھے ۳؍ گھنٹے) تک نیشنل ہائی وے  بندکردیا۔ موقع پرپہنچے سی او محمدآباد رویندر ورما، محمدآباد  کوتوال اشوک مشر نے انہیں سمجھا بجھا نے کی کوشش کی مگر مقامی افراد کسی بڑے افسر کوموقع پربلانے کی ضد کرنے لگے۔ صبح۱۰؍ بجے ڈی ایم  ایم پی سنگھ اور ایس پی  رام بدن سنگھ موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی ایم نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے انجینئر کو موقع پر طلب کر کےاعلان کیا کہ اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ  فنڈ سے ۲۔۲؍ لاکھ روپے امداد دینے اور سرکاری اسکیموں کا فائدہ دلانے کا وعدہ کیا ۔اس کے بعد ہی ہائی وے خالی ہوا ۔   ادھر وزیر اعلیٰ یوگی نےمہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیر اعلی دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق یوگی نے اس حادثے میں زخمی افراد کو مکمل علاج اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور راحت پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK