Inquilab Logo

گوونڈی :راشن دکانداروں پرسرکاری اناج کی کالابازاری کا الزام

Updated: May 24, 2021, 12:15 PM IST | Kazim Shaikh | Govandi

لاک ڈاؤن کے سبب راشن دکان سے دیئے جانے والے ۲؍ روپے کلوگیہوں اور ۳؍ روپے کلو چاول کوریاستی حکومت نے مئی اورجون میں مفت تقسیم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔۔صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایتوں کے بعد مقامی کارپوریٹر نے کارروائی کا مطالبہ کیا۔دکانداروں نے کہا: اگر صارفین کو شکایتہے تو وہ دکان میں رکھی کمپلینٹ بک میں اسے درج کریں

A ration shop in Begum Wari area of ​​Govandi.Picture : Inquilab
گوونڈی کے علاقے بیگن واڑی کی ایک راشن دکان ۔ تصویر: انقلاب

لاک ڈاؤن میں صارفین کو راحت پہنچانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے جہاں  راشن  دکانوں میں ۲؍ روپے کلو گرام گیہوں اور ۳؍ روپے کلوگرام چاول  مل رہا تھا وہیں  اب ریاستی حکومت   اور مرکزی حکومت کی جانب سے مئی اور جون میں   اتنا ہی اناج  صارفین کو مفت  دینے کی ہدایت دی گئی ہے اوردکانوں پر بھر پور اناج  پہنچابھی دیا گیا ہے۔  تاہم صارفین کی جانب سے ایسی شکایتیںمل رہی ہیں کہ دکاندار غریبوں کو  اناج  مفت نہ دیتے ہوئے اس کی  کالابازاری کررہے ہیں  ۔  گوونڈی کے علاقے بیگن واڑی کی کارپوریٹر عائشہ نورجہاں رفیق شیخ نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  مقامی افراد سے شکایتیں مل رہی تھیں کہ گوونڈی کی متعدد سرکاری راشن   دکانوں پر مفت دیئے جانے والے   اناج  میں دھاندلی ہورہی ہے اور دکاندار بڑے پیمانے پر کالا بازاری کررہے ہیں ۔ کارپوریٹر عائشہ نورجہاں کا کہناہے کہ پہلے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سےممبئی سمیت پورے مہاراشٹر  میں سرکاری  راشن  دکانوں سے پیسے سے ملنے والے اناج مفت دیئے گئے تھے ۔ اسی طرح کورونا کی دوسری لہر کے دوران لاک ڈاؤن میں جہاں ریاستی حکومت کے ذریعہ ۲؍ روپے کلوگرام گیہوں اور ۳؍ روپے کلوگرام چاول سرکاری راشن  دکانوں پر مل رہے تھے ،  وہ حکومت کے ذریعہ مئی اور جون میں مفت  دینے کا نہ صرف اعلان کیا تھابلکہ مئی سے اس کی تقسیم بھی شروع ہوچکی ہے ۔ 
 کارپوریٹر عائشہ شیخ کے والد رفیق شیخ جو  سابق کارپوریٹر  ہیں ، نے کہا کہ ریاستی حکومت سے مفت اناج جس میں  فی صارف ۲؍ کلو چاول اور ۳؍ کلوگیہوں  کے برابر  مرکزی حکومت کی جانب سے بھی ۳؍ کلوگرام گیہوں اور ۲؍ کلوگرام چاول ، دونوں ملاکر ۴؍ کلو چاول اور ۶؍ کلوگرام گیہوں تقسیم کرنے کیلئے تمام سرکاری راشن دکانوں کو ہدایت دی گئی ہے ۔بیگن واڑی میں رہنے والے صارفین کی جانب سے شکایت ملی تھی کہ سرکاری راشن  دکانوں سے انھیں راشن برابر نہیںمل رہا ہے اور دکاندار اناج نہیں آیا ، دکان لاک ڈاؤن کی وجہ سے نہیں کھول رہی ہے، دکان کی بائیومیٹرک مشین خراب ہے ، نیٹ نہیں چل رہا ہے اور مشین میںکاغذ کا رول نہیں ہے  اس طرح کے بہانے کرکے  صارفین کو  واپس کیا جارہا تھا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ شکایت ملنے کے بعد ہم نے نہ صرف اپنے  بلکہ  دیگر علاقوں میں ایک دن راشن کی دکانوں کا جائزہ لیا تو  زیادہ تر دکانیں بندملیں اور صارفین  کےذریعہ شکایتیں ملیں کہ دکاندار اناج دینے میں آنا کانی کررہے ہیں ۔ اس کے بعد اس کی شکایت گوونڈی راشننگ آفس کی خاتون آر او  ابھے سے کی گئی ۔ اس کے علاوہ تحریری شکایت راشننگ آفس کے متعلقہ حکام سے بھی کی گئی ہے۔  افسران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اناج نہ دینے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائےورنہ ہم لوگ دکانداروں  اور افسران کے خلاف احتجاج کریں گے۔ اس ضمن میں گوونڈی کی راشننگ افسر ابھے میڈم سے متعدد مرتبہ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی مگر کامیابی نہیں ملی۔

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK