Inquilab Logo

گوونڈی :ڈگری کالج کا کام تقریباً مکمل،اسی تعلیمی سال سے پڑھائی کا آغاز

Updated: June 28, 2021, 1:11 PM IST | Kazim Shaikh | Govandi

نیاز نیشنل ڈگری کالج میں آرٹس،کامرس اور سائنس کے طلبہ داخلہ لے سکیں گے،پہلے سال ۲۴۰؍ طلبہ کو تعلیم دینے کی اجازت مل چکی ہے

Abu Azmi. Picture:INN
ابو عاصم اعظمی۔تصویر :آئی این این

یہاں گوونڈی کے علاقے میں مقامی رکن اسمبلی  ابو عاصم اعظمی کے والد سے منسوب ’ نیاز نیشنل ڈگری کالج‘ کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے اوربہت جلد کالج میں تعلیمی سلسلہ بھی   شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کالج میں سائنس ، آرٹس اور کامرس فیکلیٹی کی تعلیم دی جائے گی ۔ گوونڈی کے آس پاس ۷؍ کلومیٹر کے دائرے میں کوئی ڈگری کالج نہ ہونے سے علاقے کے بہت سے غریب  طلبہ تعلیمی سلسلہ کو منقطع کردیتے ہیں اور خاص طور پر طالبات کو دوسرے علاقوں میں تعلیم کیلئے جانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔نیاز نیشنل ڈگری  کالج  اسی تعلیمی  سال  سے شروع کردیا جائے گا۔ امسال ۲۴۰؍ طلبہ کو تعلیم دینے کی اجازت دے دی گئی ہے اور داخلے کیلئے  ایچ ایس سی کے طلبہ کے  رزلٹ کا انتظار ہے ۔ 
 سماجوادی پارٹی کے ممبئی صدر اور مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے نمائندہ ٔ انقلاب سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ گوونڈی کے رفیع نگر علاقے میں واقع نیاز احمد میڈیکل سینٹر کے وسیع کمپاؤنڈ میں نیاز نیشنل ڈگری کالج کا کام نہ صرف جنگی پیمانے پر جاری ہے بلکہ تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے ۔ کالج میں طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ لکچرر وغیرہ  کے تقرری اورفرنیچر وغیرہ کابھی کام شروع ہوچکا ہے ۔ اس سال کالج میں بی کام اور بی اے فرسٹ ایئر میں۲۴۰؍ طلبہ کے داخلہ کی اجازت دی گئی ہے۔ البتہ ممبئی یونیورسٹی کی ایک ٹیم کالج آئے گی اورمعائنہ کرے گی کہ کالج شروع کرنے کیلئے جو تیاریاںہونی چاہئے ، وہ پوری ہوئی  ہیں یا نہیں ۔ اس ٹیم کی جانچ کے بعد کالج کے  انتظامیہ کو طلبہ کے داخلے کیلئے این او سی بھی مل جائے گی ۔ 
 ایک سوال کے جواب میں ابوعاصم اعظمی نے مزید کہا کہ اس سال ہم  اس کالج میں آرٹس اور کامرس کا تعلیمی سلسلہ شروع کریں گے اور آئندہ برس سائنس اور پروفیشنل کورسیس بھی ان شاءاللہ شروع کردیں گے ۔ ہم نے فی الحال کالج میں ۵۰۰؍ طلبہ کی تعلیم دینے کا انتظام کیا ہے اور آئندہ برسوں میں طلبہ بڑھیں گے تو ان کیلئے ہم مزید جگہ بنائیں گے ۔  فی الحال ہم نے یہ  جگہ مہاڈا سے حاصل کی ہے ۔ ابوعاصم اعظمی کے بقول ، ہم نے حکومت سے مزید ڈگری کالج  بنانے کیلئے آس پاس کے علاقے میں ڈھائی ایکڑ زمین کا مطالبہ کیا ہے۔  نیاز نیشنل ڈگری کالج کا کام ۵؍ افراد پر مشتمل ایک ٹیم  دیکھ ریکھ کررہی ہے ۔ ان میں سے ٹیم کے سربراہ  نصیر خان نےبتایا کہ گوونڈی کے مکینوں کی جانب سے برسوں سے یہ مطالبات کئے جارہے تھے کہ گوونڈی میں کالج اور خاص طور سے ڈگری کالج کے نہ ہونے سے گوونڈی   کے بہت بڑی تعداد میں  طلبہ ایس ایس سی کے بعد تعلیم چھوڑ دیتے ہیں ۔ ان میں خاص طور سے لڑکیاں  شامل ہیں ۔ 
 ایک سوال کے جواب میں انھوں نے مزید کہا کہ کالج میں طلبہ کی تعلیم کیلئے ہم نے کئی اچھے پروفیسر اور اساتذہ کا انتخاب کرلیاہے اور کالج شروع کرنے سےپہلے ہم اخبار ات میں اشتہار کے ذریعہ مزید پروفیسروں کا انتخاب کریں گے ۔نصیر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ۳۰؍ جون تک ہم کالج کے تقریباً تمام کام مکمل کرلیں گے ۔ اس کالج کا کام گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کیا گیا تھا اور بہت جلد کالج کا افتتاح بھی عمل میں آئے گا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK