Inquilab Logo

گجرات کی پیکیجنگ فیکٹری میں تباہ کن آتشزدگی، کروڑوں کی مالیت کا سامان خاکستر۲؍افرادکی موت ۷۲؍بچائے

Updated: October 19, 2021, 8:03 AM IST | surat

گجرات میں سورت میٹروپولیٹن کے قریبی کڈودرا انڈسٹریل ایریا میں ایک پیکیجنگ کمپنی کی فیکٹری میں پیر کو علی الصباح لگنے والی آگ میں کم از کم۲؍ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران ۷۲؍ مزدوروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

Firefighters try to put out a fire at the Surat factory (Photo: PTI)
سورت کی فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کی کوشش کرتا ہوا فائر بریگیڈ کا عملہ (تصویر: پی ٹی آئی)

: گجرات میں سورت میٹروپولیٹن کے قریبی کڈودرا انڈسٹریل ایریا میں ایک پیکیجنگ کمپنی کی فیکٹری میں  پیر کو  علی الصباح لگنے والی آگ میں کم از کم۲؍ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران ۷۲؍ مزدوروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
 سورت میٹروپولیٹن بلدیہ کے ڈویژنل فائر آفیسر ایشور پٹیل نے بتایا کہ سورت شہر سے تقریباً۱۸؍ کلومیٹر دور بارڈولی روڈ پر واریلی گارڈن کے قریب جی آئی ڈی سی ایریا میں واقع ڈیوا پیکجنگ کمپنی کی ۵؍ منزلہ عمارت کے تہہ خانے میں علی الصباح تقریباً دوبجے ممکنہ شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگی۔انہوں نے بتایا کہ ایک جلی ہوئی لاش بیس مینٹ سے ملی جبکہ ایک خوفزدہ کارکن کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگانے کے بعدموت ہوگئی۔ آگ سے پورا تہہ خانہ جل گیا۔ باقی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ بیس مینٹ کے باہر واقع ایک درخت کے بھی آگ کی زدمیں آنے سے اس کی لپٹیں چوتھی منزل تک آنے لگیں تو ڈر کرایک کارکن اوپر سے کود گیا۔ اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
 انہوں نے بتایا کہ۱۶؍ فائر فائٹنگ گاڑیاں اور۱۰۰؍ افسران اور اہلکاروں نے ۵؍ گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اس دوران عمارت میں پھنسے تمام۷۲؍ افراد کو بحفاظت باہرنکال لیا گیا۔ دھوئیں سے متاثرہ۲؍ سے ۳؍ افراد کواسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ سے ایک مرنے والے شخص کے علاوہ اور کوئی جلانہیں ہے۔ انہوںنے بتایا کہ تہہ خانے میں پلاسٹک اور دیگر آتش گیر اشیاء کی موجودگی کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ عمارت میں آگ سے بچنے کیلئے مناسب سہولیات بھی نہیں تھیں۔ خوش قسمتی سے ہوا کی سمت کی وجہ سے آگ نے مزید شدت اختیار نہیں کی اور جدید ہائیڈرولک آلات کے ذریعہ لوگوں کو اوپر سے جلد ہی بحفاظت باہرنکال لیاگیا۔
  خیال رہے کہ گجرات میں گزشتہ کچھ مہینوں سے اس طرح آتشزدگی کی کئی وارداتیں ہوچکی ہیں۔

surat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK