Inquilab Logo

کورونا بڑی آزمائش ہے،صبر اوردعا سے اللہ کی رحمت کوپکارو

Updated: July 31, 2020, 7:47 AM IST | Agency | Mecca

شیخ عبداللہ بن سلیمان نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا ، کہا کہ عبادات سے ہی مصیبتوں سے چھٹکارہ ملتا ہے ، تقویٰ اختیار کرنے اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی تلقین کی، عازمین نے میدان عرفات میں  حج کا رُکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا ، جبل رحمت پر رب کریم سے دعائیں کیں فریضہ ٔحج کی ادائیگی کیلئے اکٹھاہونےوالے منتخب عازمین  حج نے  جمعرات کو میدان عرفات میں پہنچ کر حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا اور جبل رحمت پر رب کریم سے رورو کر دعائیں کیں

Hajj 2020 - Pic : PTI
حج ۲۰۲۰ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

فریضہ ٔحج کی ادائیگی کیلئے اکٹھاہونےوالے منتخب عازمین  حج نے  جمعرات کو میدان عرفات میں پہنچ کر حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا اور جبل رحمت پر رب کریم سے رورو کر دعائیں کیں۔ سفید احرام    میں ملبوس  عازمین حج کی تعداد انتہائی قلیل ہونے  کے باوجود جبل رحمت پر سفید چادر سی  نظر آرہی تھی ۔کورونا وبا کے پیش نظر انتہائی سخت احتیاطی اقدامات کے درمیان عازمین حج جمعرات کو میدان عرفات میں پہنچ گئے تھےجہاں حج کا رُکن  اعظم  یعنی وقوف عرفہ  ادا کیا گیا ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب حکومت نے یہاں پہلے سے ہی عازمین حج کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کا خصوصی انتظام کر دیا تھا اور عازمین کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ وقوف عرفہ کے دوران ماسک ضرور پہنیں۔ حالانکہ سعودی حکومت نے مناسک حج کے مقامات کو وبا سے محفوظ قرار دیا ہے پھر بھی سعودی حکومت کی جانب سے ہر طرح کے احتیاطی اقدامات  کئے  جا رہے ہیں۔عرفہ کا دن مغفرت اور گناہوں سے معافی کا دن ہے۔ اللہ تعالیٰ کے انعام و اکرام کا دن ہے۔ میدان عرفات میں عازمین حج ندامت کے آنسو بہاتے ہوئے کانپتے ہاتھوں اور لرزتے ہونٹوں سے خدائے بزرگ و برتر سے مغفرت طلب کرتے ہیں۔   وقوف عرفہ کے دوران شیخ عبداللہ بن سلیمان نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا جس میں عالمی وبا کورونا کا خاص طور پر ذکر تھا ۔
 شیخ عبداللہ بن سلیمان نے اپنے خطبہ حج میں کہا کہ ’’نبی کریمﷺ ہمارے  لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، ہمیں ان کی سنت پر مضبوطی سے قائم رہنا ہے۔ تقویٰ اختیار کرنے والے تنگ دستی سے دور رہتے ہیں، تم لوگوں کو تقویٰ کی نصیحت کی جاتی ہے، آج بہت بڑی تعداد میں مسلمان اللہ کی تعلیمات سے غافل نظر آتے ہیں۔‘‘شیخ عبداللہ بن سلیمان کا کہنا تھا کہ دین میں کسی نئی چیز کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین کو کامل اور مکمل کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ شرک کو پسند نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہر قسم کی بدعات اور خرافات سے دور رہیں، اللہ تعالیٰ نے خوشی اور غم دونوں حالت میں صبر کی تلقین کی ہے، اللہ نے فرمایا ہے کہ ہم کبھی تمہیں مال میں اور کبھی اولاد میں کمی سے آزماتے ہیں۔خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ عبادات سے ہی مصیبتوں سے چھٹکارہ ملتا ہے، کورونا اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں ۔ہمارے گناہوں کی وجہ سے اللہ نے ہمیں اس آزمائش میں ڈالا ہے، قرآن میں ہے کہ صبر اور دعا کے ذریعے اللہ کی مدد مانگو، اللہ تعالی تمہارے  لئے مشکلات نہیں آسانیاں چاہتا ہے ۔معمولی مصیبت کا مقصد بڑی مشکل سے چھٹکارا ہے اور ایمان والے وہ ہیں جو مصیبت میں بھی اللہ پر ہی یقین رکھتے ہیں۔شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک اختیار کرو، اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ، اپنے بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کا خیال رکھو۔ ان کے تمام حقوق ادا کرو ۔دنیا میں سیدھے راستے پر چلنے والے کے  لئے ہی نجات ہے۔اسلام صدقہ وخیرات کے ذریعے مشکلات حل کرنے کا درس دیتا ہے، اسلام کسی بھی قسم کے فتنے کو پھیلانے سے روکتا ہے، اس کے علاوہ اسلامی تعلیمات ہر اس چیز سے اجتناب کا درس دیتی  ہیں جو انسانی صحت کے لئے مضر ہو۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK