Inquilab Logo

آج عازمین حج کی عرفات روانگی

Updated: July 30, 2020, 9:44 AM IST | Agency | Mecca

دن بھر میدان عرفات میں عباد ت کریں گے، شام کو مزدلفہ کیلئے روانہ ہوںگے، کورونا کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل، مکہ میں عازمین حج کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں کورونا کی وبا کے دوران سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ بدھ  ۸؍ ذی الحجہ کو مناسک حج کا آغاز ہوگیا۔احرام میں  ملبوس عازمین حج  طواف کعبہ(طواف القدوم )   کے بعد منیٰ  کیلئے روانہ  ہوگئے جہاں امسال سابقہ برسوں  کے برخلاف خیموں کی چھوٹی سی بستی تیار کی گئی ہے۔

Hajj 2020 - Pic : PTI
حج ۲۰۲۰ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کورونا کی وبا کے دوران سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ بدھ  ۸؍ ذی الحجہ کو مناسک حج کا آغاز ہوگیا۔احرام میں  ملبوس عازمین حج  طواف کعبہ(طواف القدوم )   کے بعد منیٰ  کیلئے روانہ  ہوگئے جہاں امسال سابقہ برسوں  کے برخلاف خیموں کی چھوٹی سی بستی تیار کی گئی ہے۔  واضح رہے کہ کورونا کے سبب امسال بیرون ملک سے کوئی حاجی حج کرنےنہیں پہنچا ہےبلکہ سعودی عرب میں  ہی مقیم ۱۶۰؍ ممالک کے شہریوں کو حج میں شریک کر کے   ان ممالک کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔  مجموعی طور پر امسال حج کی سعادت حاصل کرنے والوں میں  ۷۰؍ فیصد غیر ملکی شہری اور ۳۰؍ فیصد مقامی افراد   شامل ہیں۔ 
  بدھ کو مناسک حج کے آغاز سے قبل عازمین حج نے ۷؍ دن اپنے گھر پر اور ۴؍ دن مکہ پہنچنے کے بعد ہوٹل میں قرنطینہ میں گزارا۔ اس کے علاوہ حج کے دوران بھی احتیاط سے متعلق وزارت صحت کی گائیڈ لائن پر سختی سے عمل ہورہاہے۔ عازمین کیلئے  سوشل ڈسٹنسنگ کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے انہیں  احرام، فیس ماسک، جائے نماز اور رمی جمرات کیلئے کنکڑیاں پہلے ہی فراہم کردی گئی ہیں۔ 
 بدھ کو احرام  پہنے ہوئے اور فیس ماسک باندھے ہوئے   حاجیوں  نے  سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھتے ہوئے  طواف کعبہ کیا اور پھر منیٰ کیلئے روانہ ہوگئے۔ بدھ کو منیٰ میں قیام   کےبعد جمعرات کو علی الصباح  عازمین  کا یہ قافلہ میدان عرفات پہنچے گا جہاں دن بھر عبادت کرنے کے بعد شام ہوتے ہوتے مزدلفہ کیلئے روانہ  ہوجائےگا۔  مزدلفہ میں عازمین  حج  عصر اور مغرب کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔   احتیاطی تدابیر کے تحت حج کے ایام میں مکہ معظمہ میں عازمین حج کے علاوہ کسی کے بھی داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کو ۱۰؍ ہزار سعودی ریال بطور جرمانہ ادا کرنا پڑےگا۔ مقامات مقدسہ کی طرف جانے والے راستوں پر سیکوریٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں   تاکہ قانون توڑنے والوں کو روک کر ان پر جرمانے کو یقینی بنایا جائے۔
  واضح رہے کہ ہر سال دنیا بھر سے ۲۵؍ لاکھ سے زائد افراد حج کی ادائیگی کیلئے پہنچتے ہیں تاہم اس  سال  کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر حکومت سعودی عرب نے  حج ویزا ہی  جاری نہیں کیا ہے۔  حج کیلئے منتخب ہونےوالے عازمین کو بھی حج کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ رہنما خطوط  کے مطابق  اس بار عازمین کو خانہ کعبہ کو چومنے اور حجر اسود کا بوسہ لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو یقینی بنانا ہو گا۔ احتیاطی تدابیر ہی کے تحت اس بار عازمین کو  رمی جمرات کیلئےکنکریاں بھی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔اسی طرح ہر عازم حج کو الگ سے جائے نماز بھی اسی مقصد سے دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK