Inquilab Logo

خواتین کوبغیرمحرم کےعمرہ پرجانےکی اجازت سےحج کمیٹی اورپرائیویٹ ٹورآپریٹرس لاعلم

Updated: October 13, 2022, 9:55 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

حج کمیٹی کے سی ای او اور پی ٹی اوز نےکہا کہ یہ خبریں سوشل میڈیا پرگشت کررہی ہیں لیکن وزارت ِخارجہ یا سعودی قونصل جنرل کی جانب سے کوئی سرکیولریا ہدایت موصول نہیںہوئی ہے

Haj Committee of India has not received any circular regarding the decision till now.
حج کمیٹی آف انڈیا کو اب تک فیصلے سے متعلق کوئی سرکیولر نہیں ملاہے۔

سعودی وزارت برائے امور حج کی جانب سےخواتین کوبغیر محرم کے عمرہ کی اجازت دینے  کی خبریں گشت کررہی ہیں اوریہ کہا جارہا ہے کہ اب محرم کی شرط ختم کردی گئی ہے لیکن اس تعلق سے حج کمیٹی آف انڈیا اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز(پی ٹی اوز) کو باضابطہ کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے اور مرکزی وزارت خارجہ اور سعودی قونصل جنرل کی جانب سےبھی سعودی حکومت کے حوالے سے ایسا کوئی حکم نامہ جاری نہیںکیا گیاہے۔اسی وجہ سے وہ لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں۔ 
 باضابطہ اطلاع نہیں
 نمائندۂ انقلاب نے اس تعلق سے مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا سے استفسار کر نے پر انہوں نے بتایاکہ’’ ہمیںنہ تووزارت خارجہ کی جانب سے اور نہ ہی سعودی میں ہندوستانی قونصل جنرل کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت دی گئی ہے۔ہاں ، یہ ضرور ہے کہ ہم بھی سوشل میڈیا اوردیگرذرائع سے یہ خبریں سن رہے ہیں ۔‘‘  انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ ویسے بھی حج کمیٹی کی جانب سے عمرہ پر بھیجنے کا کوئی نظم نہیںہے اورعمرہ پربھیجنے کیلئے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔اگر حج کےتعلق سے ایسی کوئی گائیڈ لائن جاری کی جاتی ہے اور حج کیلئے محرم کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو حج کمیٹی اپنی جانب سےبھی عازمین کومطلع کرے گی۔ویسے ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہ ہونے کے سبب ہی حج کمیٹی کی جانب سے محرم کا باقاعدہ کوٹہ رکھا جاتا ہے۔‘‘
پی ٹی او کوبھی اطلاع نہیںمگرعمل شروع کردیا گیا ہے
 آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمران علوی سے اس تعلق سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ’’ٹورآپریٹرس کو بھی باضابطہ ایسی کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے کہ بغیر محرم کے خواتین کو عمرہ پر بھیجا جائے مگر خواتین کا گروپ عمرہ کیلئے جاتا ہے۔‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’اس وقت سعودی وزارت برائے حج وعمرہ کی ویب سائٹ پر یہ تبدیلی نظر آرہی ہے کہ پہلے کسی خاتون کاعمرہ کا ویزا لگانے پرفوری طور پرمحرم کا نام بتانا ضروری ہوتا تھا ،اس کے بغیر ویزا نہیں لگتا تھا ،لیکن اب ایسا نہیںہے ۔ ‘‘ 
 عمران علوی کے مطابق ’’ممکن ہے کہ جلد ہی باقاعدہ ہدایت نامہ بھی جاری کردیا جائے ۔ چونکہ اب سارا  کام آن لائن ہورہا ہے اورویزا وغیرہ بھی آن لائن ہی لگتاہے، سوائے ان پاسپورٹ کے جن کیلئے ویزے کی درخواست دینے پر کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے یہ تحریر کیاجاتا ہے کہ ان پاسپورٹس کو قونصلیٹ میںپیش کیا جائے ۔‘‘
 آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کے مطابق ’’ یہ بھی ممکن ہے کہ فیصلہ ہوگیا ہو لیکن سبھی تک باضابطہ ہدایت نامہ پہنچنے میںکچھ تاخیر ہو۔ اس لئے بغیر محرم کے عمرہ پرخواتین کے جانےکی خبریں غلط نہیں معلوم ہوتی ہیں، تاہم یہ سچائی ہے کہ ہم لوگوں کو اب تک کوئی واضح ہدایت اس بارے میںنہیں ملی ہے۔‘‘
’’مشروط طورپرحج کمیٹی کی جانب سے
 پہلے سےاس کی  اجازت ہے  ‘‘
  ۲۰۱۸ء سے حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے خواتین کا گروپ مشروط بنیادوں پربغیر محرم کے حج پر جارہا  ہےاور امسال بھی گیاتھا۔ اس ضمن میں حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوکا کہنا ہے کہ ’’حج کے لئے مرکزی حج کمیٹی کی شرط یہ ہےکہ کم ازکم ۴؍خواتین کا گروپ ہو اور ان کی عمر۴۵؍ سال یا اس سے زائد ہو،اس سے کم عمر کیلئے حج کمیٹی کی جانب سےبغیر محرم کے حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ہم بھی منتظر ہیں کہ اگرایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے توحج کمیٹی بھی اسے پیش نظر رکھ کر آگے کی تیاری کرسکے مگر اب تک ایسا کوئی سرکیولر جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ‘‘

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK