Inquilab Logo

ان کہی اوردھوپ کنارے جیسے ڈراموں کی خالق حسینہ معین نہیں رہیں

Updated: March 27, 2021, 11:29 AM IST | Agency | Islamabad

عالمی شہرت یافتہ مصنفہ پاکستان کے ساتھ ساتھ ہندوستانی شائقین اور فنکاروں میں بھی مقبول تھیں

Hasina Moin
حسینہ معین

’ان کہی‘،  اور ’دھوپ کنارے‘ جیسے ٹی وی ڈراموں ( سیرئیل) کے ذریعے سرحد کی پابندیوں کو توڑ کر ہندوستان میں شہرت حاصل کرنے والی قلمکار حسینہ معین اس دنیا میں نہیں رہیں۔ کسی ڈرامے یا فلم کے ساتھ حسینہ معین  کا نام وابستہ ہوجانے کے بعد اسے معیار، مقبولیت اور شائقین کی تفریح ہر چیز کی ضمانت مل جاتی تھی۔  حسینہ معین کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ راج کپور جیسے عظیم ہدایت کار اور فن کار نے انہیں اپنی فلم’ حنا‘ کے مکالمے لکھنے کیلئے مدعو کیا تھا۔ 
  حسینہ معین کی پیدائش اتر پردیش کے شہر کانپور میں ہوئی تھی جو اب ہندوستان کا حصہ ہے۔ ۲۰؍ نومبر ۱۹۴۱ء کو انہوں نے اسی بھرے پورے شہر میں اپنی آنکھیں کھولی تھیں لیکن محض ۶؍ سال کی عمر میں یعنی ۱۹۴۷ء میں جب ملک تقسیم ہوا تو وہ اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان چلی گئیں جہاں ان کا ابتدائی زمانہ راولپنڈی میں گزرا۔اس کےبعد وہ  لاہور، پھر کراچی میں بس گئیں ۔ کراچی ہی سے انہوں نے ۱۹۶۰ء میں گریجویشن اور ۱۹۶۳ء میں پوسٹ گریجویشن( ایم اے) کی ڈگری حاصل کی۔شروع میں انہوں نے ایک مقامی رسالے کیلئے کالم لکھنا شروع کیالیکن انہیں شہرت ملی ریڈیو پاکستان کیلئے لکھے گئے ان کے ڈرامے ’ اسٹوڈیو نمبر ۹‘سے۔  اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا  اور ایک کے بعد ایک مقبول ٹی وی ڈرامے اور فلمیں لکھتی چلی گئیں۔ 
’’ ان کہی، تنہائیاں، دھوپ کنارے، پرچھائیاں، شہروزی، زیر زبر پیش، انکل عرفی، آہٹ، دھند، بندش اور کسک جیسے کئی ٹی وی سیرئیل انہوں نے  ایک کے بعد ایک لکھے۔  ان میں سے ان کہی اور دھوپ کنارے پاکستان کے علاوہ ہندوستان میں بھی خوب مقبول ہوا تھا۔ خاص بات یہ ہے کہ ان ڈراموں یا سیرئیل کو شائقین اس کی مصنفہ یعنی حسینہ معین کے نام سے جانتے تھے۔  انہوں نے کچھ فلموںکا اسکرین پلے (منظر نامہ) بھی لکھا جن میں ’نزدیکیاں‘ اور ’ یہاں سے وہاں‘ تک خاص ہیں۔ ۸۰؍ کی دہائی میں  عظیم اداکار اور ہدایتکار راج کپور نے اپنی فلم ’حنا‘ کے مکالمے لکھوانے کیلئے بھی ان سے رابطہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ۱۹۹۷ء میں ہندوستان میں نویدانتولے کا مشہور ٹی وی سیرئیل ’تنہا‘  بھی انہوں نے ہی تحریر کیا تھا۔ اس سیرئیل کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی طرف کے فنکاروں  نے کام کیا تھا۔ یہ سیرئیل آج بھی ہندوستان میں ’حسینہ معین کے سیرئیل‘  کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔   
 حسینہ معین اس وقت جیو ٹی وی کیلئے ’’سارے موسم اپنے ہیں‘‘ کے علاوہ ’’ میری بن مایا‘‘ لکھ رہی تھیں۔ ۸۰؍ سالہ مصنفہ کی موت پر  فن کاروں کے علاوہ سیاستدانوں اور سماجی شخصیات نے بھی غم کا اظہار کیا ہے۔  

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK