Inquilab Logo

کورونا کے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی گئی

Updated: January 22, 2021, 11:25 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بے باک کلیکٹیو گروپ کی جانب سے تشکیل دی گئی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اپنی رپورٹ آن لائن پیش کی

Fact finding team
زوم میٹنگ کے ذریعہ رپورٹ پیش کی گئی

کورونا وباء کے دور میں یوں تو تمام طبقات کےلوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن انتہائی منصوبہ بند طریقےسےمسلمانوں کو بدنام کرنے، انہیں متہم کرنےاور ان سے لوگوں کو متنفر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ اسی سلسلے میں بے باک کلیکٹیو گروپ کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ ٹیم تشکیل دے کر۷؍ ریاستوں کے الگ الگ حصوں کی تفصیلات یکجا کرکے ۲۱؍جنوری کو زوم کانفرنسنگ کے ذریعے اسے عام کیا گیا۔‌
 اس تعلق سےبےباک کلیکٹیو گروپ کی رکن حسینہ خان نے رپورٹ تیار کرنے اور اسے منظر عام پر لانے کامقصد یہ بتایا کہ مارچ میں تبلیغی جماعت کے کارکنان کے حوالے سے مسلمانوں کو بدنام کرنے بلکہ اس بیماری کا اصل سبب مسلمانوں کو بتانے سے شروع ہوا اور اس کے بعد مختلف شکلوں میں مسلمانوں کے خلاف اس طرح کی مہم میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ 
 انہوں نے یہ بھی کہا کہ حیرت یہ ہوئی کہ وباء میں بھی جم کرسیاست کی گئی اور نفرت پھیلا کر ایک طبقے کو نشانہ بناکر اسے الگ کیاگیا۔اسی لئے اس رپورٹ کی ضرورت پڑی۔حسینہ خان نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کا جو دوسرا دور ہے اس میں ایسے قوانین بنائے گئے اور بنائے جارہے ہیں جو انتہائی خطرناک ہیں۔‌
 اس رپورٹ کے تیار کرنے میں اہم رول ادا کرنے والی خوالہ زینب اور عمارہ زینب نے رپورٹ کی تلخیص کی۔سماجی خدمت گار عمارہ زینب نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے حوالے سےکوروناکومسلمانوں کے سرمنڈھ دیاگیا، اشتعال انگیزی کی گئی اور فرضی خبروں کے ذریعے مسلمانوں کو بدنام کیا گیا، مسلم حاملہ خواتین کو علاج میں دشواری پیش آئی اور یہ تک کہا گیا کہ دیکھو کورونا جارہا ہے۔ 
 معروف سماجی خدمت گار ٹیسٹا سیتلواد نے کہا کہ کورونا وباءکے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت اور اشتعال انگیزی میں خاصا اضافہ ہوا لیکن ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیےکہ اچانک یہ نفرت نہیں پھیلی ہے۔ بلکہ بہت پہلے سے اس کی کوشش جاری تھی اور جو طاقتیں اس میں پیش پیش تھیں وہ اب محلے سے کچہری تک اپنی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK