Inquilab Logo

پانچ بچے پیدا کریں، ورنہ دوسرا پاکستان بننے میں دیر نہیں لگے گی

Updated: January 28, 2021, 10:00 AM IST | Agency | Meerut

بی جے پی لیڈر ونیت اگروال کی برادران وطن سے اپیل ،یہاں تک کہا کہ اپنے بچوں کو ہتھیار چلانے کی تربیت بھی دیں

Vinit Agarwal
ونیت اگروال شاردا

مسلم  دشمنی میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈر کس قدر نفرت انگیز بیان بازی کر سکتے ہیں اس کی مثال  میرٹھ شہر میں اس وقت نظر آئی جب بی جے پی کے ایک لیڈر نے ہندوؤں کو مسلمانوں اور پاکستان کا خوف دکھا کر ۵؍بچے پیدا کرنے کی صلاح دی۔بی جے پی کے شعبہ تجارت کے ریاستی کنوینر ونیت اگروال شاردا نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کے دوران ’ہم دو، ہمارے پانچ‘ کا نعرہ دیا اور یہاں تک کہہ ڈالا کہ اپنے بچوں کو لوہا (ہتھیار) خریدنا اور چلانا سکھائیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دو بچے پیدا کرنے کا اصول نافذ نہیں ہوتا تب تک پانچ بچے پیدا کرنے کا عہد لیں۔ انہوں نے کہا، ’’یا تو ان کے بھی دو، ہمارے بھی دو ہونے چاہئیں یا پھر ہم دو، ہمارے پانچ کا عہد کریں۔‘‘
 بی جے پی لیڈرونیت اگروال  نے پانچ بچوں میں سے ہر ایک کو کس کام پر لگایا جانا چاہئے یہ بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا بچہ سیاست میں جائے۔ ایک بچے کو عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے لوہا خریدنا اور چلانا سکھائیے۔ ایک بچے کو فوج میں بھیجیں، ایک بچے کو کاروبار میں لگائیں اور ایک بچے کو آئی اے ایس  یا آئی پی ایس  بنا کر ملک کی خدمت میں لگائیے۔ ونیت شاردا نے کہا کہ جمہوریت کے جشن کا دن ہے۔ اس دن یا تو ہم دو ہمارے دو یا پھر ہم  ۲؍ ہمارے  ۵؍ کا اصول حکومت سب کے لئے بنا دے، یا پھر ہم آج عہد کریں کہ ہم دو ہمارے پانچ پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راجہ دشرتھ کے چار بیٹے تھے۔ اگر  ان کے چار بیٹے نہیں ہوتے تو راون کے راج کا اختتام نہیں ہوتا۔ اس لئے ملک کو ہم دو ہمارے پانچ کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK