Inquilab Logo

مہینے بھر میں گھن گرج کے ساتھ پانچویں مرتبہ تیز بارش ، کئی حادثا ت اور ہلاکتیں

Updated: July 19, 2021, 11:06 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ممبئی میں جگہ جگہ پانی بھر جانے ، دیواریں گرنے ، زمین کھسکنے اور گھروں کے منہدم ہونے کی وجہ سے عام زندگی بری طرح متاثر، ۳؍ گھنٹوں میں ۲۵۰؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،ماہرین نے ۲۶؍ جولائی کی بارش سے موازنہ کیا

The picture below shows how much water flooded the roads. Picture: PTI
زیر نظر تصویر سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ سڑکوں پر کس قدر پانی بھر گیاتھا۔ تصویر: پی ٹی آئی

عروس البلاد  میں موسم کے تیوروں میں اچانک آنےو الی تبدیلی کی وجہ سے سنیچر کو آدھی رات کے بعد  انتہائی تیز اور تباہ کن بارش  نے  ۲۶؍ جولائی۲۰۰۵ء کی تلخ یادیں  تازہ کر دیں۔ رات ۱۲؍ بجے سے ۳؍ بجے تک محض ۳؍ گھنٹوں میں ۲۵۰؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو غیر معمولی ہے۔  صبح تک ۳۰۷؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔بارش کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ اکثر مقامات پر ایک فٹ سے بھی زیادہ پانی بھر گیا۔ رات میں بلا رُکے کئی گھنٹوں تک ہونے والی یہ بارش شہر بھر میں  ۲۴؍ سے زائد جانوں  کے اتلاف کا سبب بنی ہے جبکہ بڑی تعداد میں شہری بے گھر ہوئے ہیں۔ 
؍ ۲۶؍ جولائی جیسی کیفیت پیدا ہوسکتی تھی
  ماہرین نے بارش کی شدت کا موازنہ ۲۶؍ جولائی ۲۰۰۵ء کی  اُس بارش سے کیا ہے جس  نے پورے شہر کو جھیل میں تبدیل کردیاتھا۔ ۲۰۰۵ء میں  ۲۴؍ گھنٹوں   میں  ہونے والی ۹۴۴؍ ملی میٹر بارش  بڑی تعداد میں  ہلاکتوں کا سبب ہی نہیں بنی تھی بلکہ    شہر کو  اس نے اس قدر سراسیمہ کردیا کہ آج بھی بارش میںتیزی شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیتی  ہے۔ سنیچر کی رات ہونے والی غیر معمولی بارش کے تعلق سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ممبئی کو ’ریڈ الرٹ‘ کے زمرے میں رکھا گیاتھا ۔ اس بات کے اشارے ملے تھے کہ ’’کچھ علاقوں  میں  شدید سے شدیدتر اور چند علاقوں میں  انتہائی  شدید بارش ہوسکتی ہے۔‘‘
  ماہر موسمیات اکشے دیورس کے مطابق ’’مانسون  کے دوران ممبئی  بلکہ پورے مغربی  ساحل میں اس طرح کی طوفانی بارش  وہ بھی جولائی کے مہینے میں معمول کے قطعی برخلاف ہے۔اس دوران   بادل جس اونچائی پر تھے ،اس کا موازنہ  ۲۶؍ جولائی  سے کیا جاسکتاہے۔‘‘ ان کے مطابق ایسے ہی بادل ۲۶؍ جولائی جیسی بارش کا سبب بنتے ہیں۔ ڈاپلر راڈار کے مطابق سنیچر کی رات بارش کے وقت بادل ۶۰؍ہزار فٹ کی بلندی پر تھے۔  ماہرین کے مطابق بارش جس تیزی سے ہورہی تھی اگر اسی تیزی سے ہوتی رہتی تو  ۲۶؍ جولائی جیسے حالات پیدا ہوسکتے تھے۔ 
مہینے بھر میں ۵؍ ویں بار طوفان ِ’برق وباراں‘
 دیورس جو برطانیہ کی یورنیورسٹی آف ریڈنگ  میں  موسمیات  کے شعبے میں  پی ایچ ڈی اسکالر ہیں،  نے  بتایا ہے کہ جولائی کے مہینے  میں ممبئی  میں  گھن گرج کے ساتھ  یہ پانچویں  بارش (طوفان ’’برق وباراں‘‘ ) ہے۔  ان کے مطابق ’’ شہر میں اس سے قبل ۹،۱۱، ۱۲؍ اور ۱۶؍ جولائی کو بھی طوفان برق وباراں آچکاہے۔‘‘

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK