Inquilab Logo

طوفانی بار ش اور ہواؤں سے شہرومضافات میں عام زندگی بری طرح متاثر

Updated: May 18, 2021, 8:29 AM IST | saadat khan and kazim Shaikh | Mumbai

نشیبی علاقے زیرآب ،ٹرین کی پٹریاںبھی پانی میں ڈوب گئیں ، شہریوں میں ڈرو خوف کا ماحول ، پیر کی صبح سے جاری موسلادھار بارش سے عوام کو ضرور ی اشیاء کی خریداری کیلئے دقت اُٹھانی پڑی، پانی بھرجانے سے دکانداروںاور مکینوںکوپریشانی کا سامنا ، بی ایم سی اور فائر بریگیڈکے ہیلپ لائن نمبروں پر فون ریسیونہ کرنے کی شکایتیں ، بی ایم سی اور فائر بریگیڈ عملے کی طرف سے مددنہ ملنے سے کچھ علاقوںمیں نوجوانوں نے اپنے طورپر راحت کاکام کیا

Due to the storm, the waves can be seen rising very high in the sea.Picture:Inquilab
طوفان کے سبب سمندر میں لہریں بہت اونچی اٹھتی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر انقلاب

 طوفان تائوتے کے سبب پیرکو ہونےوالی متواتر موسلادھار  طوفانی بارش اور ہواؤں سے شہر و مضافات کے  بیشتر علاقوںمیں پانی بھرگیا جس سے  نہ صرف عام زند گی بری طرح متاثر ہوگئی بلکہ عروس البلاد نے مانسون سے قبل  ہی سیلابی کیفیت کا  بھی سامنا کرلیا ۔ پریشانیوں کے ساتھ ساتھ عوام میں ڈر اور خوف کا ماحول بھی  پیدا ہوگیا تھا۔  پیر کی صبح سے جاری موسلادھار بارش سے عوام کو ضرور ی اشیاء کی خریداری کیلئے دقت اُٹھانی پڑی۔ نشیبی علاقو ںمیں پانی بھرجانے سے دکانداروںاور مکینوںکوپریشانی کا سامنا رہا۔تیز ہوااور بارش کی وجہ سے لوگوںنے گھر میں ہی رہنا مناسب سمجھا۔ طوفانی ہوا کے خوف سے لوگوںنے اپنے بچوںکو گھر سے باہر نکلنے سے منع کیا۔نشیبی علاقوںمیں پانی بھرنے ، شارٹ سرکٹ ، درختوں کے منہدم ہونےاور چھتوں سے تال پتری اور پتروںکے اُڑنےکی شکایت کیلئے بی ایم سی اور فائر بریگیڈ کے ہیلپ لائن نمبروں پر متعدد بار فون کر نےکے باوجود کسی نے فون ریسیونہیں کیا۔ایسی بھی شکایتیں ملی ہیں ۔ بی ایم سی اور فائر بریگیڈ عملے کی طرف سے مددنہ ملنے سے کچھ علاقوںمیں نوجوانوں نے اپنے طورپر راحت کاکام کیا۔
 جنوبی ممبئی کے قلابہ، کرافورڈ مارکیٹ، محمد علی روڈ،بھنڈی بازار، جے جے جنکشن ، ناگپاڑہ، مدنپورہ ، بائیکلہ ، لال باغ ، پریل ، سیوڑی ، ورلی ،گرانٹ روڈ، مولاناشوکت علی اور دیگر نشیبی علاقوںمیں پانی بھرجانے سے عام زندگی بری طر ح متاثر رہی۔ پانی بھرنے سے ان علاقوںمیں کچرے کا انبارجمع ہوگیاتھا۔ مدنپورہ گھیلابائی اسٹریٹ میں واقع انجمن خیرالاسلام اسکول کی چھت پر لگے پترے ہواکی تیزی سے ڈھلے ہوکر بکھار کی چال میں گر گئے ۔ خو ش قسمتی سےاس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہواہے ۔
  اسکول کے پرنسپل رابعہ قریشی نے بتایاکہ ’’ اسکول کی چھت پر لگےپتروںمیں سے کچھ پترےطوفانی ہوا سے ڈھلے ہوکر بکھار کی چال میں گرگئے ہیں مگر اس حادثہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ دیگر پتروںکو کھول کرنکال دیاجائے اس لئے میں نے متعدد مرتبہ فائر بریگیڈ اور بی ایم سی کو فون لگایامگر فون ریسیونہیں کیاگیا۔ ‘‘بکھار کی چال کے سماجی کارکن مشیر انصاری نے بتایاکہ ’’انجمن خیرالاسلام اسکول کی چھت سے کچھ پترے ہماری چال کےکچھ گھر وں پر آکر گرے تھےلیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں پہنچاہے۔ یہ ضرو رہےکہ علاقےمیں پانی بھرجانے سے ہمارے گھروںمیں بھی پانی بھر گیاہے جس سے کافی تکلیف ہورہی ہے ۔‘‘
  محمد علی روڈ کے سماجی کارکن امین پاریکھ نے کہاکہ ’’محمد علی روڈ، بھنڈی بازار ، جے جے جنکشن ،مینارہ مسجد،نل بازار، پائیدھونی اور جاملی محلہ وغیرہ کے علاقوںمیں پانی بھرجانے سے عوام کو دقت کاسامنا رہا۔ پائیدھونی میں ایک مکان کی چھت سے پترا گر اتھالیکن اس سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔‘‘
  ممبئی سینٹرل جنکشن پر واقع ریلائنس مال کے قریب ایک تناور درخت کے سڑک کے بیچ گر جانے سےدونوں جانب سے آنےجانے والی ٹریفک کا نظام متاثر رہا۔ اسی طرح وائی ایم سی اے گرائونڈ، بائیکلہ ، ہنس روڈ، مورلینڈ روڈ، سات راستہ ، مولاناشوکت علی روڈ ، عرب گلی ، گرانٹ روڈ اور ڈونگری وغیرہ کے علاقوںمیں بھی درختوں کے گرنے سے عوام کو پریشانی ہوئی ۔ 
 کرلا پائپ روڈ  سے ناری شکتی فاؤنڈیشن کی صدر زیتون شیخ نے بتایا کہ لکشمی سدن کمپاؤنڈ سے لے کر بفاتی گلی اور اس کے آس پاس علاقے میںکئی دکانوں اور مکانوں میں  پانی بھرگیا ۔ گٹریں  بھرنے کی وجہ سے علاقے میں گندگی پھیل گئی ۔ انھوں نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن کے مغربی اور مشرقی جانب بھی پانی بھرجانے سے آنے جانے والوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ محمود درانی چوک پر سنسار ہوٹل کے سامنے اور پائپ روڈ مرکز مسجد کے سامنے پانی بھرگیا تھا ۔ 
 ساکی ناکہ سے محمد بھائی رگڑہ والے کا کہنا ہے کہ اس طوفانی بارش کے دوران خیرانی روڈ کے قریب سری نگر کے کئی چالیوں میں پانی بھرنے سے مکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا اور لوگوں کو بارش کے دوران گھروں سے پانی نکالنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ ا س کے علاوہ دھاراوی ،  وڈالا ،چمبور  لوکھنڈے مارگ ، مانخورد ، چیتا کیمپ، مرول ، گھاٹ کوپر، وکھرولی ، بھانڈوپ ، واشی ناکہ،پوائی موہلی ولیج ،   ملاڈ کے سنجے نگر اور کرار کے علاوہ مالونی ،   کے علاقوں میں بھی نشیبی مقامات پر پانی بھر گیا تھا ۔ 
 جوگیشوری سے ابواللیث شیخ نے بتایا کہ پیر کی صبح سےتیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی  بارش سے اندھیری سب وے ، سانتاکروز ملن سب وے، ملاڈ دیشپانڈے روڈ ، دہیسر سب وے  اور بوریولی میں پانی بھرجانے سے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی تھی۔    انھوں نے کہا کہ بوریولی کے علاقے میں بھی الگ الگ مقامات پربارش کے دوران درخت گرے اور اس کی زد میں آکر کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔

heavy rain Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK