Inquilab Logo

ممبئی اور مضافات میں دوسرے روز بھی موسلادھار بارش

Updated: July 05, 2020, 8:24 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی اور اطراف کے علاقوں میںسنیچر کو مسلسل دوسرے روز  بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تیز بارش کے سبب ممبئی میں ۱۰؍ جبکہ تھانےمیں۱۲؍ علاقوں میں پانی بھرجانے کی شکایتیں موصول ہوئیں

Mumbai Rain - Pic : PTI
ممبئی میں موسلا دھار بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ممبئی اور اطراف کے علاقوں میںسنیچر کو مسلسل دوسرے روز  بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔  تیز بارش کے سبب ممبئی میں ۱۰؍ جبکہ تھانےمیں۱۲؍ علاقوں میں پانی بھرجانے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔ اس دوران دیوار کا حصہ منہدم ہونےاور درخت گرنے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔  راستوں اور علاقوں میں پانی بھر جانے سے شہریوں کوشدید دقتوں کاسامنا کرنا پڑا البتہ متعدد مقامات پر میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا عملہ پانی کی نکاسی کے لئے نالوں کی صفائی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار کو بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
ممبئی میں ساڑے ۹؍گھنٹوں میں ۱۱۱؍ ملی میٹر بارش!
 ممبئی کےمحکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی کے سانتاکروز علاقے میں سنیچر کی صبح ۸؍ بجےسے شام  ساڑھے ۵؍ بجے  تک ۱۱۱ء۴؍ ملی میٹر جبکہ قلابہ میں ۶۶؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)کی جانب سے نصب کئے گئے رین گیج کے مطابق صبح ۸؍ تا شام ۶؍ بجے ممبئی شہر میں اوسطاً ۸۱ء۹۱؍ ملی میٹر، مشرقی مضافات میں ۸۲ء۶۹؍ ملی میٹر اور مغربی مضافات میں ۸۸ء۶۷؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
۱۰؍ مقامات پر پانی بھرنے کی شکایتیں
 سنیچر کو موسلادھار بارش کےدوران ممبئی کے ۱۰؍ علاقوں میں پانی بھرجانے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔ ان میں درج ذیل علاقے شامل ہیں: ہندماتا، شکر پنچایت روڈ (وڈالا)، دھاراوی کراس روڈنمبر ،سردار ہوٹل ( کالا چوکی)،ایس آئی ای ایس (ماٹنگا)، بائیکلہ پولیس اسٹیشن ، چمبور بریج کے نیچے، چمبور ریلوے اسٹیشن ، اندھیری سب وے اور نیشنل کالج (باندرہ)  وغیرہ۔
۳۲؍ مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کی شکایت
 ممبئی شہر میں ۹؍، مشرقی مضافات میں ۳؍ اور مغربی مضافات میں ۲۰؍ اس طرح سنیچر کو درخت یا شاخیںگرنے کی کل ۳۲؍ شکایتیں موصول ہوئیں۔
مکان یا عمارت کا حصہ گرنے کی ۴؍ شکایتیں
 بی ایم سی کو مکان یا عمارت کا حصہ گرنے کی ۴؍ شکایتیں موصول ہوئیں۔ شہر سے ۲ ؍ جبکہ مشرقی اور مغربی مضافات سے ایک ایک شکایت موصول ہوئی۔ان کےعلاوہ شارٹ سرکٹ کی ۱۰؍ شکایت بھی ملیں لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تھانے میں۱۰؍ گھنٹوں میں۱۳۹؍ ملی میٹر بارش
 تھانے میونسپل کارپوریشن( ٹی ایم سی)  کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے حاصل کی گئی اطلاعات کے مطابق  تھانے میں سنیچرکی صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے  شام ساڑھے ۶؍ بجے تک ۱۳۹؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ اس دوران شہرکے مختلف علاقوں میں ۱۲؍ مقامات پر پانی بھرنے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔فوری طور پر راحتی کام شروع کر دیا گیا ۔
 موسلا دھار بارش ہونے سے متعدد علاقوں میں پانی بھر گیا اور نالے بھر کر اوو فلو ہو گئے تھے جس کے سبب کئی سڑکوں پر بھی پانی بھر گیا تھا۔
درختوں کے تعلق سے ۱۱؍ شکایتیں
 تھانے میں درخت گرنے ، شاخیں گرنے یا درخت خطرناک حالت میں ہونے کی کل ۱۱؍ شکایتیں موصول ہوئیں ۔ا ن میں درخت گرنے کے ۳؍ شکایتیں بھی شامل ہیں۔
حضوری میں دیوار منہدم 
 ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق مسلسل بارش ہونے کے سبب تھانے کے حضوری علاقے میں کھیتالے گارڈن کے پیچھے کمپاؤنڈ وال کا  ۱۰؍ تا ۱۲؍ فٹ  کا حصہ منہدم   ہوگیا۔خوش قسمتی سے اس حادثہ میںکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اتوار کو بھی چند مقامات پر تیز بارش کا امکان
 ممبئی کے محکمہ موسمیات  کی جانب سے اتوار ۵؍ جولائی کو بھی ممبئی ، تھانے ، پالگھر،  رائے گڑھ اور سندھو درگ کیلئےاورینج اور یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اس الرٹ کا مطلب یہ ہے کہ ان اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK