Inquilab Logo

شہر میں پھرموسلادھار بارش ، جھیلوں میں ۹۱ ؍فیصد پانی ذخیرہ

Updated: August 22, 2020, 3:32 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی ، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں جمعرات سے ایک بار پھر موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔اسی دوران متعدد علاقوں میں درخت گرنے کے بھی واقعات ہوئے اور تعمیرات کا حصہ بھی منہدم ہوا ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ممبئی ، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں جمعرات سے ایک بار پھر موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔اسی دوران متعدد علاقوں میں درخت گرنے کے بھی واقعات ہوئے اور تعمیرات کا حصہ بھی منہدم ہوا ۔شہری انتظامیہ کے مطابق ممبئی میں ۱۰؍  جبکہ تھانے میں ۴؍ مقامات پر درخت گرنے کی شکاتیں ملیں ۔ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ جمعہ کو ۹؍گھنٹوں میں سانتاکروز میں ۴۵؍ ملی میٹر قلابہ میں ۲۰؍ ملی میٹر اور تھانے میں ۱۲؍ گھنٹوں میں ۴۵؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے سنیچر کوبھی بارش کے تعلق سے اورینج الرٹ جاری کیاہے۔
  اطمینان بخش کی خبر یہ ہے کہ جھیلوں پر بھی خاطرخواہ بارش ہوئی جس کے سبب ذخیرہ آب میں اضافہ ہوا ہے ۔ ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں سب سے بڑی جھیل بھاتسا کے تحفظ کے سبب جمعہ کوجھیل سے بھاتساندی میں پانی چھو ڑ اگیا تھا اور اس تعلق سے ضلع کلکٹراور تحصیلدار کی معرفت اس ندی کے اطراف کے مکینوں کو مطلع کیا گیا تھا اور احتیاط برتنے کی بھی تلقین کی گئی تھی۔
 ممبئی کے شہریوں کیلئے راحت کی خبریہ ہے کہ جس طرح شہر ومضافات میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جار ی ہے، اسی طرح کی بارش ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں کےعلاقوں میں بھی ہورہی ہے جس کے سبب ان کی سطح آب میں اطمینان بخش اضافہ ہوا ہے ۔
  گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں جھیلوں پر ۳۸؍ یا ۱۱۰؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔بی ایم سی کے محکمہ آب رسانی کے مطابق جھیلوں میں مجموعی طو رپر ۱۴؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۳۶۳؍ ملین لیٹر پانی ذخیرہ ہونے کی گنجائش ہے اور مسلسل بارش ہونے کے سبب ۲۱؍ اگست کی صبح ۶؍ بجے سے ۷؍ بجے تک جھیلوں میں مجموعی طور پر ۱۳؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار ۴۲۳؍ ملین لیٹر یعنی ۹۰ء۸۸؍ فیصد پانی ذخیرہ ہو چکا ہے ۔ گزشتہ برس یہ مقدار ۱۳؍ لاکھ ۷۳؍ ہزار ۷۰۸؍ ملین لیٹر (۹۴ء۹۱؍ فیصد) اور ۲۰۱۸ء میں ۱۳؍لاکھ ۵۰؍ ہزار ۵۵۴؍ملین لیٹر (۹۳ء۳۱؍ فیصد) تھی۔
 اس مانسون ۷؍ جھیلوں میں سے ا ب تک ۴؍  جھیلیں چھلک چکی ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK