• Fri, 14 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جاب مارکیٹ میں رونق لوٹنے کی اُمید

Updated: November 14, 2025, 3:13 PM IST | Agency | New Delhi

گزشتہ سال ملازمت دینے کی شرح ۷۵ء۹؍ فیصد کے لگ بھگ تھی ،یہ۲۰۲۶ءمیں بڑھ کر۱۱؍ فیصد ہو جائے گی۔

Recruitment is also increasing rapidly in the digital and technology sectors. Photo: INN
ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی تیزی سے بھرتی ہو رہی ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کی جاب مارکیٹ میں دوبارہ رونق لوٹ سکتی ہے۔ نئی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی اور علاقائی توسیع سے ۲۰۲۶ء میں ملازمت کے متلاشیوں کیلئے بے شمار مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ چھوٹے شہروں میں ملازمت کے امکانات بڑھنے کی امیدہے۔ پچھلے ایک سال سے بھرتی کی رفتار کچھ سست تھی۔ کمپنیاں احتیاط سے کام لے رہی تھیں اور مارکیٹ غیر یقینی تھی لیکن اب صورتحال بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔ ٹاجڈ اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی ائی )کی نئی رپورٹ، ’انڈیا ڈیکوڈنگ جابس۲۰۲۶ء ‘کے مطابق ملک میں بہت سی کمپنیاں ملازمت دیں گی۔ کمپنیاں اب پہلے سے زیادہ افراد کو ملازمت دینے کے لئے تیار ہیں۔
گزشتہ سال ملازمت دینے کی شرح ۷۵ء۹؍ فیصد کے لگ بھگ تھی۔ یہ۲۰۲۶ءمیں بڑھ کر۱۱؍ فیصد ہو جائے گی۔ یہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ ہندوستان کی جاب مارکیٹ پھر سے رفتار پکڑ رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق بی ایف ایس آئی (بینکنگ، فائنانس اور انشورنس)، مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر جیسے شعبے روزگار پیدا کرنے میں سب سے آگے ہوں گے۔ ان شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کو اپنانے سے بڑی تعداد میں نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی تیزی سے بھرتی ہو رہی ہے۔ کمپنیاں نئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ اے آئی ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا اینالیٹکس اور سائبرسیکوریٹی کی سمجھ کے حامل امیدواروں کو ترجیح دے رہی ہیں۔رپورٹ کا سب سے دلچسپ نتیجہ یہ ہے کہ بھرتی کے عمل میں مصنوعی ذہانت(اے آئی) کا کردار بڑھ رہا ہے۔ تقریباً۶۰؍فیصدکمپنیاں’ریزیومے‘کی اسکریننگ کیلئے اے آئی کا استعمال کر رہی ہیں، اور۴۵؍ فیصدانٹرویو کے عمل کوآٹومیٹ کر رہی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اے آئی اب صرف تکنیکی ملازمتوں کا حصہ نہیں رہا ہے بلکہ بھرتی کا ایک اہم ذریعہ بھی بن گیا ہے لہٰذا مستقبل میں ہر امیدوار کے لئے اے آئی سے متعلقہ مہارتیں ضروری ہو جائیں گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ۲۰۲۶ء تجربہ کار پیشہ ور افراد کے لئے ایک اہم سال ہوگا۔ کمپنیاں اب۶؍ سے۱۵؍ سال یا اس سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دے رہی ہیں۔ یہ نہ صرف نئی ملازمتوں بلکہ معیاری ہنر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔
ایک اور اہم پیش رفت یہ ہے کہ چھوٹے شہروں میں بھی ملازمت کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق۲۰۲۶ء میں کل ملازمتوں کا تقریباً ۳۲؍فیصد چھوٹے شہروں سے آئے گا۔ کمپنیاں اب خود کو میٹرو شہروں تک محدود نہیں رکھنا چاہتی ہیں بلکہ سستے اور ہنر مند ٹیلنٹ کے لئے اندور، جے پور، لکھنؤ، کوئمبٹور اور چندی گڑھ جیسے شہروں کا بھی رخ کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK