Inquilab Logo

وزیرہاؤسنگ جتیندر اوہاڑ نے اپنی سالگرہ پر پلازمہ عطیہ کیا

Updated: August 06, 2020, 6:52 AM IST | Staff Reporter | Mumbra

این سی پی لیڈر اور کئی کارکنان نے بھی پلازمہ عطیہ کیا۔ اناج ، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کئے گئے

Jitendra Awhad - Pic : INN
وزیر ہاؤسنگ جتیند ر اوہاڑ اوراین سی پی لیڈر آنند پرانجپے اپناپلازمہ عطیہ کرتے ہوئے۔

کورونا وائر س کو مات دے کر اسپتال سے گھر لوٹ آنے  والے مہاراشٹر کے وزیرہاؤسنگ  اور ممبرا کلوا کے رکن اسمبلی جتیند ر اوہاڑ نے۵ ؍ اگست کو تھانے کے  بلڈ بینک میں جاکر اپنا پلازمہ عطیہ کرتے ہوئے اپنی سالگرہ منائی۔ اس موقع پر این سی پی  تھانے کے صدر آنند پرانجپے  دیگر کئی کارکنان اور لیڈر جوکووڈ۱۹؍ سے صحت یاب  ہوئے ہیں، نے بھی اپنا پلازمہ عطیہ کیا۔ اوہاڑ نے اپنے حامیوں سے درخواست کی تھی کہ وہ سالگرہ کے موقع پر  بینرس ، پوسٹرس  اور کسی تقریب کا انعقاد نہ کرتے ہوئے پلازمہ کا عطیہ کریں ، غریبوں کی مدد کرے ، ماسک ، ہینڈ سینیٹائزر ااور تھرمل گن تقسیم کریں ۔
 اوہاڑ نےذرائع ابلاغ سےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہماری ریاست اور پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے شدید پریشان ہے۔ خاص و عام سبھی اس بیماری سے جوجھ رہے ہیں۔ان حالات کو دیکھتے ہوئے مَیں نے اپنے حامیوں سے امسال  میری سالگرہ کاجشن منانے کےبجائے پلازمہ کا عطیہ کرنے ، لاک ڈاؤن سے پریشان حال غریبوں کو اناج ، ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور اس  طرح کی دیگر اشیاء تقسیم کرنے کو کہا۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ عوا م کی دعاؤں کے سبب ہی مَیں موت کےمنہ سے بچ کر واپس آیا ہوں ۔‘‘
 اپنے لیڈر کی سالگرے کے موقع پر ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے این سی پی کے صدر اور ٹی ایم ٹی کمیٹی کے رکن شمیم خان کی جانب سے این سی پی آفس (دوست اپارٹمنٹ) سے تقریباً ایک ہزار غریبوں کو راشن کے پیکٹ ، ۵؍ ہزار ماسک  اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو تھرمل گن، آکسیجن میٹر تقسیم کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر  کارپوریٹر اور ٹی ایم سی میں اسٹینڈنگ کمیٹی کےرکن اشرف(شانو) پٹھان  بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK