Inquilab Logo

تکنیکی دشواری کےسبب سیکڑوں طلبہ امتحان سےمحروم

Updated: October 05, 2020, 8:47 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ممبئی یونیورسٹی نے فائنل ائیرکا آن لائن امتحان تکنیکی پیچیدگیوں کی وجہ سے نہ دے پانے والے طلبہ کودوبارہ موقع فراہم کرنےکا یقین دلایا

Exam - Pic : INN
امتحان ۔ تصویر : آئی این این

ممبئی یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ڈسٹنس اوپن لرننگ ( آئی ڈی اوایل ) فاصلاتی نظام تعلیم کےآن لائن امتحان کے پہلے دن سنیچرکو تکنیکی دشواریوںکی وجہ سے سیکڑوں طلبہ امتحان نہیں دے سکے جس کی وجہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ ان طلبہ کو آئی ڈی اوایل کی جانب سے جو لنک دی گئی تھی اس پر سوالیہ پیپر اپ لوڈ نہیںہورہاتھاعلاوہ ازیں ممبئی یونیورسٹی کی ویب سائٹ بھی اوپن نہیں ہورہی تھی۔  ویب سائٹ اورسوالیہ پیپرکے اوپن  نہ ہونےسے جو طلبہ امتحان نہیں دے سکے تھے ۔ ان میں مایوسی پائی گئی  ۔و ہ سمجھ رہےتھےکہ امتحان نہ دینےسے ان کاسال خراب ہوسکتاہے۔متعدد طلبہ نے یونیورسٹی جاکر آئی ڈی اوایل  میں اس کی شکایت کی ۔ آئی ڈی او ایل نے ان طلبہ کیلئے جو سنیچرکو امتحان نہیں دے سکے ہیں ان کیلئے  ۹؍اکتوبر کو دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا اعلان کیاہے ۔ واضح رہے کہ تقریباً ۸؍ ہزار طلبہ یہ امتحان دینےوالے تھے۔ اس امتحان کو منعقد کرنےکی ذمہ داری سنگاپورکی لٹل مور نامی کمپنی کو دی گئی تھی۔
 میراروڈ کےٹی وائی بی کام کے ایک طالب علم نے بتایاکہ ’’ لاک ڈائون میں مالی مشکلات کے باوجود آن لائن ٹیوشن کی ہزاروں روپے فیس اداکرکےمیں نے امتحان کی تیاری کی تھی۔امتحان سےایک ہفتہ قبل متواتر تیز بخار کے باوجود میں نے  اپنی پڑھائی جار ی رکھی تاکہ کسی طرح امتحان دےکر ڈگری حاصل کرسکوں ۔ سنیچر کو صبح سے ہی امتحان دینےکی تیاری میں مصروف تھا۔ ساڑھے ۱۲؍بجے سے ہی میں کوشش کررہاتھا لیکن ہمیں جو لنک دی گئی تھی اس پر کسی طرح کی کوئی اپ ڈیٹ نہیں آرہی تھی۔ ایک بجے کےبعد بھی جب مذکورہ لنک فعال نہیں ہوئی تو تشویش بڑھنے لگی ۔ پوری کوشش کےباوجود کامیابی نہیں ملی جس کی وجہ سے  میرےہاتھ پیر پھولنے لگے ۔دیکھتے دیکھتے امتحان کا وقت ختم ہوگیااورسوالیہ پرچہ اپ لوڈ ہی نہیں  ہوا ۔ میں نے سوچاکہ شاید میرے ساتھ ہی ایسا ہواہے مگر ایسا نہیں ہےکئی ساتھیوںنے بھی اس طرح کی شکایت کی ہے۔‘‘
  ٹی وائی   بی اے کے ایک طالب علم نے کہا کہ ’’ ممبئی یونیورسٹی کی جانب سے ہمیں ایک لنک اور جنرل سوالات کا نمونہ روانہ کیاگیاتھا۔میں نے پونے ایک بجے مذکورہ لنک پر لاگ ان کیا لیکن پیپر اپ لوڈ نہیں ہوا۔ اسکرین پر صرف شیڈول اور اسٹیٹس دکھائی دے رہاتھا۔ اس پر کافی وقت تک  امتحان کی تفصیلات اور شیڈول کا کہیں کوئی اشارہ نہیں دکھائی دیا۔ یونیورسٹی کو چاہیے تھاکہ تجرباتی طورپر پہلے ماک ٹیسٹ منعقد کرتی پھر امتحان لیا جاتاتو اس طرح کی پریشانی نہ ہوتی۔ ‘‘
 ٹی وائی بی اےکے ایک طالب علم نے کہا کہ ’’ یونیورسٹی کیطرف سے مجھے جمعہ کو لنک روانہ کی گئی تھی۔ لیکن جب میںنے لنک اوپن کرنے کی کوشش کی تو وہ اوپن نہیں ہوئی ۔ لہٰذا میں آئی ڈی اوایل کے آفس گیااوروہاں جاکر کمپیوٹر پربھی اس لنک کواوپن کرنےکی کوشش کی لیکن وہاں بھی مجھے کامیابی نہیں ملی ۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہےکہ جو طلبہ دیہی علاقوںمیں رہائش پزیر ہیں انہیں کس طرح کی پریشانی کا سامناکرنا پڑا ہوگا۔‘‘
  متعدد طلبہ نے اس امتحان کیلئے  خدمات فراہم کرنےوالی کمپنی کے ہیلپ لائن نمبرپر بھی رابطہ کرنےکی کوشش کی۔

 پہلے ماک ٹیسٹ لینا چاہئے تھا

 سماجی رضاکار سنتوش گنگرڈے نےکہاکہ ’’یونیورسٹی کوپہلے ماک ٹیسٹ لیناچاہئے تھا۔ امتحان والےدن اس طر ح کی تکنیکی پیچیدگی سے طلبہ کو ذہنی دبائو کاشکار ہوناپڑاہے۔ یہ سنگین نوعیت کی تساہلی ہے۔ انہوںاس تساہلی کی وجہ سے ۵۰؍فیصد طلبہ امتحان نہیںدے سکے ہیں اس بات کادعویٰ کیاہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK