Inquilab Logo

افغانستان میں تشدد کم نہ ہوا تو بین الافغان مذاکرات میں پیش رفت مشکل

Updated: September 30, 2020, 11:58 AM IST | Agency | Islamabad

افغان لیڈر عبداللہ عبداللہ کا پاکستان دورہ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات۔ خطے میں امن کیلئے افغانستان میں امن کو لازمی قرار دیا

Abdullah and Qureshi - PIC : PTI
افغان لیڈر عبداللہ عبداللہ اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ( تصویر: ایجنسی

افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ  گزشتہ روز پاکستان آئے تھے۔ اس دوران انہوںنے کہا ہے کہ  افغانستان میں امن پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک  میں موجود استحکام کو مزید تقویت فراہم کرے گا لیکن اگر افغانستان میں تشدد کم نہ ہوا تو افغان امن عمل میں پیش رفت کو یقینی بنانا مشکل ہو گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ’
  واضح رہے کہ حال ہی میں دوحہ میں شروع ہوئے بین الافغان مذاکرات میں  امریکہ کے علاوہ پاکستان کا بھی اہم کردار ہے۔ اس لئے طالبان کے علاوہ دیگر افغان لیڈران بھی پاکستان سے رابطے میں ہیں۔  عبداللہ عبداللہ اسی سلسلے میں گفتگو کیلئے پاکستان آئے تھے جہاں انہوں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور افغانستان کے تعلق سے گفتگو کی۔  انھوں نے کہا کہ’’ پاکستان اور افغانستان نے مختلف شدت پسند گروہوں کا سامنا کیا اور امن بحال کرنے کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور یہ گروہ اب بھی معاملات کو خراب کرنے کو کوششوں میں مصروف ہیں۔ہمیں ایسے عناصر/گروپس کے خلاف ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
  عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کسی بھی شدت پسند تنظیم کو کسی دوسری قوم یا ملک کے لئے خطرات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کا آغاز ایک اہم موقع ہے، یہ وہ موقع ہے جس کی مدد سے ہم جنگ کو قصہ پارینہ بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغان حکومت نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو صبر کرنے اور سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار رہنے کو کہا ہے۔
  مصالحتی کونسل کے سربراہ نے پُرامن اور خوشحال بقائے باہمی کیلئے باہمی رابطوں پر بھی زور دیا ہے۔عبداللہ عبداللہ نے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔  واضح رہے کہ افغانستان میں ان دنوں عجیب صورتحال ہے ۔ جو امریکہ طالبان کو نیست ونابود کرنے آیا تھا وہ اسی طالبان سے معاہدہ کرکے واپس جا رہا ہے جبکہ امریکہ کی بٹھائی ہوئی حکومت اور اس کا ساتھ دینے والے پاکستان  بھی گفتگو میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK