Inquilab Logo

طالب علم کے حق میں فیصلے کا امکان ، کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

Updated: October 20, 2020, 9:25 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ( آئی آئی ٹی ۔ بامبے ) میں انڈسٹریل ڈیزائن کورس میں داخلہ کے لئے منتخب کئے جانے کے باوجودطالب علم پرتھمیش پدمکر کو انسٹی ٹیوٹ مسلسل داخلہ دینے سے انکار کررہا ہے۔

Bombay High Court - Pic : Mid-Day
بامبے ہائی کورٹ ۔ تصویر : مڈ ڈے

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ( آئی آئی ٹی ۔ بامبے ) میں انڈسٹریل ڈیزائن کورس میں داخلہ کے لئے منتخب کئے جانے کے باوجودطالب علم پرتھمیش پدمکر کو انسٹی ٹیوٹ مسلسل داخلہ دینے سے انکار کررہا ہے۔ وہیں ۲۳؍ سالہ عرضداشت گزار کے وکیل اشرف احمد شیخ نے اس سلسلہ میں پیر کو کھڑک پور یونیورسٹی میں طلبہ کے منتخب کئے جانے کے بعد داخلہ سے انکار پر سپریم کورٹ کے سنائے گئے فیصلہ اور آرٹی آئی کے ذریعہ حاصل شدہ تفصیلات بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا کے روبرو پیش کی۔ کورٹ نے داخلے کے سلسلہ میں پیش کردہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کو قبول کرتے ہوئے آئی آئی ٹی بامبے کے خلاف داخل کردہ عرضداشت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔ اس بات کے قوی امکان ہیں کہ بامبے ہائی کورٹ، سپریم کورٹ کے سنائے گئے فیصلے کی روشنی میں طالب علم کے حق میں فیصلہ سنائے ۔
  پیر کو ہونے والی سماعت کے دوران چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ نے طالب علم پرتھمیش کے وکیل اشرف احمدشیخ کو انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ داخلہ کے سلسلہ میں انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے برتی جانے والی لاپرواہیوں کوثابت کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر وکیل نےطالب علم کے داخلہ کے لئے منتخب ہونے سے لے کر شیڈول کاسٹ کا ہونے کے سبب اسکالر شپ دیئے جانے کی اطلاع ای میل کے ذریعہ دینے کا ثبوت پیش کیا۔ ساتھ ہی داخلہ کے لئے فیس بھرنے سے متعلق بھیجے گئے ای میل کے نہ ملنے کی اطلاع دی اور اس بات کا خود انسٹی ٹیوٹ کے اعتراف کرنے کی بھی یاد دہانی کرائی تھی ۔ وہیں داخلہ سے متعلق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب داخلہ کی تاریخوں میں کی گئی تبدیلی سے بھی آگاہ نہ کئے جانے کی اطلاع دی تھی ۔
  اسی درمیان کورٹ نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے حوالوں اور داخلہ سے متعلق اطلاع دینے میں انسٹی ٹیوٹ کی غلطی پر متاثرہ طالب علم کو داخلہ دینے کے لئے بنائے گئے ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پرتھمیش کو داخلہ دینے کا مشورہ دیا تھا۔ عدالت کے مشورہ کے باوجود انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پیروی کرنے والے وکیل نے ایک بار  پھر سیٹوں کے مکمل ہونے اور ویب سائٹ پر داخلہ دیئے جانے کی اطلاع کو ہی صحیح قرار دینے کی کوشش کی تھی ۔ چیف جسٹس دیپانکر دتا اور جسٹس جی ایس کلکرنی نے اس پر وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK