Inquilab Logo

برطانیہ کے خصوصی ایلچی کی ملاعبدالغنی برادر سے اہم ملاقات

Updated: October 06, 2021, 8:31 AM IST | kabul

انسانی بحران سے نمٹنےکیلئے مالی امداد کی پیشکش ، ملک چھوڑنے کے متمنی افراد کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی اپیل

Mullah Abdul Ghani Baradar during a meeting with the British delegation in Kabul.
ملا عبدالغنی برادر کابل میں برطانوی وفد سے ملاقات کے دوران۔

 برطانیہ کے ایک اہم وفد نے منگل کو افغانستان پہنچ کر طالبان حکومت  میں   نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سےملاقات کی  اور ملک  کے انسانی بحران سے نمٹنے میں مالی امداد کی پیشکش کی۔ برطانوی وفد کی قیادت  برطانیہ  کے خصوصی ایلچی سائمن گاس نے کی جبکہ اس میں ڈاکٹر مارٹن لانگڈین بھی تھے جنہوں نے  دوحہ میں افغانستان کیلئے برطانیہ کے مشن کے انچارج کی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ 
  برطانوی حکومت  کے مطابق اس کے وفد  نے انسانی بحران  سے نمٹنے میں مدد کی پیشکش کے علاوہ دہشت گردی کو روکنے اور جو لوگ ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں ان کیلئے محفوظ راستےفراہم کرنے سےمتعلق گفتگو کی۔  اس کے ساتھ ہی وفدنے  خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا معاملہ بھی اٹھایا۔  افغان حکام کے مطابق اس اہم ملاقات میں برطانوی وفد نے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے طالبان حکومت کو مالی امداد کی پیشکش بھی کی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی اور وزیر خارجہ امیر اللہ متقی بھی موجود تھے۔ برطانوی وزارت خارجہ کے مطابق’’سر سائمن اور  ڈاکٹر مارٹن افغان حکام سے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ وہ انسانی بحران سے نمٹنے میں افغانستان کی کس طرح مدد کرسکتا ہے اور کس طرح ملک کو دہشت گردی کی آماج گاہ بننے سے روکا جاسکتاہے۔‘‘
 ملاقات کے دوران برطانوی ایلچی نے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے مالی امداد کی پیشکش کرتے ہوئے ملک کو شدت اور عسکریت پسندوں  کی آماج گاہ نہ بننے دینے کی یقین دہانی کو سراہا۔
 برطانوی ایلچی نے طالبان قیادت سے درخواست کی کہ جو لوگ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں انھیں محفوظ راستے فراہم کئے  جائیں جب کہ اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی  برادر نے افغان عوام کو مالی امداد کی فراہمی کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ اقلیتوں اور خواتین کو تحفظ اور شریعت میں حاصل حقوق فراہم کر رہی ہے۔
 نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ طالبان  افغانستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی متعدد بار کراچکے ہیں۔  انہوں  نے مطالبہ کیا کہ’’ عالمی قوتیں بھی ہماری حکومت کو تسلیم کرکے منجمد فنڈز کی بحالی پر غور کریں۔‘‘واضح رہے کہ ملاقات میں برطانوی ایلچی سائمن گاس کے ساتھ ڈی افیئرز بھی موجود تھے۔

taliban Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK