Inquilab Logo

عمران خان کا آخری سانس تک لڑنے کا عزم

Updated: January 26, 2023, 10:09 AM IST | islamabad

پاکستان تحریک انصاف کے اہم لیڈر فواد چودھری کی گرفتاری پر پارٹی سربراہ کا خطاب، کہا ،’’ میں آخری گیند اور آخری سانس تک لڑوں گا ، پاکستان کے دشمنوں کا مقابلہ کروں گا۔ ‘‘ مریم اورنگ زیب کے مطابق یہ گرفتاری سیاسی نہیںہے

PTI chief Imran Khan speaking.
پی ٹی آئی سربراہ عمران خان خطاب کرتے ہوئے۔

پاکستان تحریک انصاف  (پی ٹی آئی )کے چیئرمین اور پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے  اپنی جماعت کے اہم لیڈر فواد چودھری کی گرفتاری پر سخت احتجاج کیااور  اس کیخلاف آخری سانس تک لڑنے کا عزم ظاہر کیا ۔ دریں اثناء پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم  اورنگ زیب کہا کہ یہ گرفتاری سیاسی نہیں ہے لیکن اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ قبل ازیں عمران خان کے قریبی سمجھے جانے والے سابق   وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے  اہم لیڈر فواد چو دھری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ۔
  اس گرفتاری کے فوراً بعد عمران خان کی گرفتاری کی خبریں گشت کرنے لگیں ۔ اس  کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ  نے ٹویٹ کیا ، ’’میں شام ۴؍بجےپریس کانفرنس کروں گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی )کےکردار کی نہایت موزوں وضاحت پر فواد کی گرفتاری کےبعدکوئی شک باقی نہیں رہتاکہ پاکستان قانون کی حکمرانی سےیکسرمحروم ایک ’بناناریپبلک‘ بن چکاہے۔ ہمیں اپنےبنیادی حقوق کیلئےکھڑا ہوناہوگاتاکہ ملک کو اس مقام تک پہنچنے سے بچایا جاسکے جہاں سےواپسی ممکن نہ رہے۔ ‘‘
  حسب وعدہ  عمران خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’ میری آواز بند کرنے کی کوشش جا رہی ہے اور  مجھے جیل جانے سے کوئی ڈر نہیں۔جیل سے نہیں ڈرنا چاہئے، یہ کتنوں کو جیل میں ڈالیں گے؟ میری جدوجہد پاکستانی عوام کیلئے ہے۔میرا یہ ایمان ہے یہ جو مرضی کر لیں، ان شاءاللہ میں جیت جاؤں گا ۔ ‘‘
   انہوں نے اس کی تفصیل  بیان کی ،’’میں لا الہ الا اللہ کو ماننے والا انسان ہوں جس نے موت کو قریب سے دیکھا ہے، نہ مجھے جیل سے کوئی ڈر ہے نہ موت سے۔ میں آپ سب  سے بھی کہتا ہوں کہ آپ کو جیل سے ڈرنا نہیں چاہئے، اگر آپ کو اس ملک کو بچانا ہے تو آپ کو اللہ کے حکم پر چلتے ہوئے انصاف کیساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔‘‘
 پی ٹی آئی  لیڈر فواد چو دھری کی گرفتاری سے متعلق عمران خان نے سوال کیا ،’’ انہوں نے کیا جرم کیا تھا؟عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ آزاد انسان ہیں، کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔  ‘‘
 عمران خان نے عزم ظاہر کیا ،’’ ہم آخری گیند اور آخری سانس تک لڑیں گے۔اللہ نے ایمان دیا ہے اور ایمان کی طاقت دی ہے جس کی وجہ سے میں آخری سانس تک پاکستان کے دشمنوں کا مقابلہ کروں گا۔‘‘
  انہوں نے سوال کیا ،’’کیا الیکشن کمیشن کو نہیں پتہ  ہےکہ آپ کی ذمہ داری صاف اور شفاف الیکشن کروانا  ہے۔ آپ نے کس بنیاد پر محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنایا اور باقی افراد کو کیوں مسترد کیا؟‘‘
  پی ٹی آئی سربراہ نے وکیلوں  کومخاطب  کرتےہوئے کہا ،’’ میں آج اپنی عدلیہ اور وکلاء برادری سے کہتا ہوں کہ اگر آج آپ انصاف کیلئے نہ کھڑے ہوئے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔‘‘
  ان کا مزید کہنا تھا،’’ آپکے پاس دو راستے ہیں، ایک تباہی کا راستہ اور ایک جدوجہد کا راستہ جو پاکستان کی عظمت کا راستہ ہے۔‘‘
  قبل ازیں بدھ کو پی ٹی آئی لیڈر فواد چودھری  کو بدھ کو پنجاب پولیس نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا اور چوہنگ میں واقع سی ٹی ڈی کے تھانے میں رکھا۔ بعدازاںپی ٹی آئی لیڈر کو درجنوں پولیس کی گاڑیوں کے حصار میںریمانڈ کیلئے کینٹ کچہری کی طرف روانہ کیا  گیا ۔ اس  بارے میں پی ٹی آئی نے  اپنے ٹویٹ میں دعویٰ کیا ، ’’ فواد چو دھری کو منہ پر کپڑا ڈال کر ایف ایٹ کچہری پہنچا دیا گیا۔ ‘‘ بعدازاں پاکستان کی  وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ،’’  فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کے خلاف بیانات دیئے اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے بچوں کو کھلے عام دھمکیاں دی ہیں۔ فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی نہیں لیکن ان کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔  سیکریٹری الیکشن کمیشن کی مدعیت میں فواد چودھری کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔‘‘
 دریں اثناء بدھ کو عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی آئی کے کارکن زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچے  اور مرکزی دروازے کے باہر دھرنا دے دیا ۔   پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں ہوں، جیلیں ہوں، چاہے کچھ بھی ہوجائے۔خان کے ساتھ کھڑا ہیں، عمران کی گرفتاری ہماری سرخ لکیر ہے۔ 

imran khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK