Inquilab Logo

عمران خان کا پاکستان میں فوری انتخابات پر اصرار

Updated: June 21, 2022, 12:03 PM IST | Agency | Islamabad

 بدامنی اور انتشار کا خدشہ ظاہر کیا ، جلد ہی پر امن تحر یک کا اعلان کریں گے۔ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب کی پی ٹی آئی سربراہ پر جارحانہ تنقید اور عوام سےمظاہروں میںشرکت نہ کرنے کی اپیل کےباوجود ریلیوںمیں بھیڑ ، اتوار کی شب ملک کے تمام بڑے شہروں میںپی ٹی آئی حامی سڑکوں پر اترے

Pakistan Tehreek-e-Insaf (PTI) workers protest in Karachi on Sunday night..Picture:INN
اتوار کی شب کر اچی میں  پاکستان تحریک انصاف کارکن احتجاج کرتےہوئے۔ تصویر: اےپی / پی ٹی آئی

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی کوئی بھی کوشش ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دے گی۔ انہوں نے بدامنی کا بھی خدشہ ظاہر کیا۔   پیر کو مقامی میڈیا نے بتایا کہ مر یم اورنگ زیب نےحکومت مخالف مظاہروں میں شرکت نہ کرنے کی اپیل کی تھی ۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ گھرو ں سے نکلے اور حکومت مخالف نعرے لگائے، مہنگائی پر احتجاج کیا ۔ قبل ازیں پاکستان کی وزیر اطلاعات ونشریات  مریم اورنگ زیب نے کہا  تھا کہ ‎عمران صاحب! عوام آپ کا منافق چہرہ پہچانتے ہیں، عوام مہنگائی  بڑھانے اور بے روزگاری بڑھانے والوں کی  اپیل پر احتجاج کے لئے کیوں نکلیں گے؟ اس کے باوجودپارٹی صدر عمران خان کی اپیل پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن اور حامی اتوار کی رات ملک کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔  اسی دوران بنی گالہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے  عمران خان نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ جلد پرامن تحریک کی اپیل کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اسی وقت ختم ہوگی جب انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی نے پورے ملک میں اہم احتجاجی مقامات پر بڑی اسکرینیں لگائیں۔ اسلام آباد کے ایف نائن پارک، کراچی کے شاہراہ قائدین، لاہور کے لبرٹی چوک، فیصل آباد کے گھنٹہ گھر چوک، راولپنڈی کی کمرشیل مارکیٹ، ملتان کے شاہ عبداللہ چوک اور پشاور کے ہشت نگری گیٹ پر بڑے  پیما نے پر مظاہرے کئے گئے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے ہوئے۔
 پی ٹی آئی کے چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ اگر موجودہ حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے دیا گیا تو وہ تمام سرکاری اداروں کو تباہ کر دیں گے کیونکہ وہ پہلے ہی این اے بی اور ایف آئی اے کو ختم کر چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات آزادانہ اور غیرجانبدارانہ نہ ہوئے تو ملک کے حالات مزید خراب ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکمراں جماعت نے پنجاب میں ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا سیاسی مخالفین کیخلاف کارروائی کیلئے  استعمال کیا ۔ پولیس کی بھی مدد لی۔   قبل ازیں مریم اورنگ زیب نے کہا  تھا،’’‎عمران صاحب! عوام آپ کا جھوٹا اور منافق چہرہ پہچانتے ہیں، ’سازشی بیانیہ‘ دفن ہونے کے بعد ۲۵؍مئی کا بھگوڑا اب اپنی دی ہوئی مہنگائی پر فتنہ و فساد پھیلانا چاہتا ہے۔‘‘ انہوں نے سوالات کئے کہ عوام ملکی مفاد کو چند ہیروں کے عوض بیچنے کی اپیل پر کیوں نکلیں؟ ‎عوام جھوٹے فتنہ، منافق اور چور کی اپیل پہ کیوں نکلیں؟ ‎عوام ۴؍ سال مزدور کی مزدوری اور عوام کی روٹی کھانے والے کی  اپیل پر کیوں نکلیں؟ ‎مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری کے ذمہ داروں کی  اپیل  پر عوام کیوں نکلیں؟مریم اورنگ زیب نے اسی انداز میں یہ بھی کہا کہ‎آٹا کی قیمت۳۵؍ سے۹۰؍ روپے کرنے، ‎چینی کے دام  ۵۲؍ سے۱۲۰؍ روپے کرنے والوں، خونیں مارچ کی  اپیل کرنے والوں، ‎پولیس والوں کو گولیاں مارنے والوں، ‎ملک کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی ہرزہ سرائی کرنے والوں، ‎‎عوام کو تاریخی مقروض کرنے والوں اور ’کشمیر فروشوں‘ کیلئے عوام کیوں نکلیں؟ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت ملک کی معاشی سمت درست کر رہی ہے۔ کسی خونیں اور فسادی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK