Inquilab Logo

عمران خان ہائی کورٹ میں طلب، الیکشن کمیشن کا بھی نوٹس

Updated: August 24, 2022, 11:35 AM IST | Agency | Islamabad

سابق وزیراعظم کا قافیہ تنگ،انتخابی کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ پرجواب مانگا جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت معاملے میں  ۳۱؍ اگست کو ذاتی طورپر پیش ہونے کا حکم دیا

Despite the case against him, Imran Khan has decided to continue the meetings under the scheduled programs .Picture:AP/PTI
عمران خان نے اپنے خلاف مقدمہ کے باوجود طے شدہ پروگراموں کے تحت جلسوں کا سلسلہ جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔تصویر: اے پی/ پی ٹی آئی

 عوامی ریلی کے دوران    ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کیلئے دھمکی آمیز لہجہ استعمال کرنے پر عمران خان کے خلاف منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کے مقدمے پر شنوائی کا آغاز ہوگیا۔ ہائی کورٹ نے   نے تحریک انصاف پارٹی کے چیئر میں عمران خان کو ان کے بیان پر وجہ بتاؤ  نوٹس جاری کرتے ہوئے۳۱؍ اگست کو بہ نفس نفیس کورٹ میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ 
عمران خان کا رویہ نامناسب: کورٹ
 معاملے کی شنوائی سہ رکنی بنچ کررہی ہے  جس کی قیادت  جسٹس محسن اختر کیانی کے ذمہ  ہے۔ ان کے  علاوہ بنچ میں شامل دیگر ۲؍جج  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار  ہیں۔منگل کو دوران سماعت عدالت نے کہا کہ سابق وزیراعظم سے ایسے بیان کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ خاتون جج سے متعلق عمران خان کا بیان بہت زیادہ نامناسب ہے۔ کورٹ نے اس بات پر بھی تشویش کااظہار کیا کہ عمران خان عدلیہ، پولیس اور سرکاری ملازمین سب کو دھمکا رہے ہیں۔
عدلیہ پر دباؤ بنانے کی کوشش!
 عدالت نےسماعت کے دوران  استفسار کیا کہ عمران خان نے کس کیس سے متعلق  مذکورہ  ریمارکس دیئے تھے۔اس پر  ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے  بتایا کہ شہباز گل کیس میں ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے ریمانڈ کے خلاف نظرثانی درخواست سنی تھی۔عمران خان نے بیان کے ذریعے عدلیہ پر دباؤ ڈالنے اور انصاف کے راستے میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ تحریک انصاف کے  چیئرمین   عمران خان نے  خاتون جج کا نام لے کر دھمکی دی ہے۔
عمران خان کے تعلق سے کورٹ کا رویہ سخت
 کورٹ نے منگل کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے معاملے  پر شنوائی کرتے ہوئے جس طرح  کے تبصرے کئے ہیں ان سے اندازہ لگایا جارہاہے کہ سابق وزیراعظم کے تعلق سے عدالت کا رویہ سخت ہے۔ کورٹ نے کہا کہ   پورے پاکستان کی عدلیہ کے وقار کو ٹھیس پہنچائی گئی، ایک خاتون معزز جج کو اس طرح مخاطب کیا گیا جو ہزاروں کیس سن رہی ہیں۔
  سہ رکنی بنچ نے  برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بات صرف ایک خاتون جج کی حد تک نہیں ہے، جو عدالتیں آپ کے خلاف فیصلے دیں گی، کیا آپ  ان کے خلاف تقریریں شروع کر دیں گے۔‘‘ کورٹ نے کہا کہ ’’جو شخص خود  ملک کا  وزیراعظم  رہ چکا ہے ،اس سے ایسے بیان کی توقع نہیں کی جاتی۔‘‘
 الیکشن کمیشن نے بھی جواب طلب کیا
 اس بیچ الیکشن کمیشن نے بھی عمران خان کی پارٹی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ انتخابی کمیشن نے  غیر ملکی فنڈنگ  کے تعلق سے پاکستان تحریک انصاف سے جواب طلب کیاہے۔پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسے ۲؍ ہفتوں میں جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملے کی شنوائی  ۶؍ ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل نے اس دوران کورٹ سے ۶؍ ہفتے مانگے مگران کمیشن نے توجہ نہیں دی۔ 

imran khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK