Inquilab Logo

گجرات میںبی جے پی کو متعدد سیٹوں پر باغیوں کا سامنا

Updated: November 24, 2022, 7:35 AM IST | ahmedabad

ہفتے بھر میں دوسری بار کارروائی پر مجبور، پرچہ واپس نہ لینے پر ۶؍ بار کے رکن اسمبلی مدھو سریواستو اور ۲؍ سابق ایم ایل ایز سمیت ۱۲؍کو ۶؍ سال کیلئے پارٹی سےنکال دیاگیا

During BJP president JP Nadda`s election campaign, the party is facing at least 19 rebel candidates in Gujarat.
بی جےپی صدر جے پی نڈا انتخابی مہم کے دوران، پارٹی کو گجرات میں کم از کم ۱۹؍ باغی امیدواروں کا سامنا ہے۔

گجرات اسمبلی الیکشن میں   بی جےپی کیلئے کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہی ساتھ  اپنے باغی امیدواروں سے نمٹنے کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔   پارٹی نے  بدھ کو ہفتے بھر میں دوسری بار باغی لیڈروں  کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے  ۱۲؍ لیڈروں کو معطل کردیاہے۔ ان میں  ۶؍ بار کے رکن اسمبلی  مدھو سریواستو اور ۲؍ سابق  ایم ایل اے شامل ہیں۔ اس سے قبل سنیچر کو  زعفرانی پارٹی  نے اپنے اُن ۷؍ لیڈروں کو معطل کیاتھا جنہوں نے بی جےپی امیدوار کے مقابلے میں باغی امیدوار کے طورپر پرچہ داخل کیا اور واپس لینے کی آخری تاریخ کو بھی پرچہ واپس نہیں لیا۔ 
 دوسرے مرحلے میں کم از کم ۱۲؍ باغی امیدوار
   سنیچر کو جن ۷؍ لیڈروں کو معطل کیاگیاتھا، وہ پہلے مرحلے کی پولنگ (یکم دسمبر) کیلئے امیدوار تھے جبکہ بدھ کو جن لیڈروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، ان کے اسمبلی حلقوں میں پولنگ دوسرے  مرحلے میں  ۵؍ دسمبر کو ہوگی۔  بدھ کو بی جےپی سے نکالے گئے لیڈروں میں  ۶؍ بار کے رکن اسمبلی مدھو سریواستو  اور ۲؍ سابق ایم ایل اے شامل ہیں۔  دیگر لیڈروں کی طرح انہوں نےبھی پارٹی کا ٹکٹ  نہ ملنے پر  بی جےپی کے باغی امیدوار کے طورپر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔  ان کی معطلی کا اعلان   بدھ کو گجرات کی بی جےپی اکائی کے صدر سی آر پاٹل نے کیا ہے۔  واضح رہے کہ گجرات میں  ۹۳؍ سیٹوں پر دوسرے مرحلے میں پولنگ ہونی ہے جن کیلئے پرچہ نامزدگی واپس لینے کی تاریخ  ۲۱؍  نومبر تھی۔ پارٹی نے ۲۱؍ نومبر تک انتظار کیا مگر جب مذکورہ لیڈروں نے پارٹی کے امیدوار کے خلاف اپنی امیدواری واپس نہیں لی تو بدھ کو مجبوراً کارروائی کی گئی۔  بتایا جارہاہے کہ ہماچل کی طرح گجرات میں بھی بی جےپی  باغی امیدواروں  کے سنگین مسئلے سے دوچارہے۔ اس معاملے میں  اس کی حالت کانگریس سے بھی بدتر ہے جو ہمیشہ بغاوتوں سے جوجھتی رہتی ہے۔ 
کن کن لیڈروں کو نکالا گیا
  بی جےپی کی کارروائی سے واضح ہوگیا ہے کہ گجرات الیکشن میں اسے ۱۸۲؍ اسمبلی حلقوں  میں کم ازکم ۱۹؍ باغی امیدواروں کا سامنا ہے۔ بدھ کو جن لیڈروں کو نکالا گیا ان میں واگوڈیا اسمبلی حلقے سے ۶؍ بار جیتنے والے مدھو سریواستو بھی شامل ہیں۔ انہیں باہو بلی لیڈروں میں شمار کیا جاتا ہے جن کے خلاف گجرات فساد سمیت پولیس معاملات کی ایک طویل فہرست ہے۔ ان  کے علاوہ  پاڈرہ  سے سابق رکن اسمبلی دینو پٹیل اور بیاڈ کے سابق ایم ایل اے دھول سنگھ زالا بھی پارٹی  سے نکالے گئے لیڈروں میں  شامل ہیں۔ان کے علاوہ کلدیپ سنگھ راؤل(ساؤلی)، کھتو بھائی پاگی (شہرا)، ایس ایم کھانت (لوناواڈا)، جے پی پٹیل (لونا واڈا)، رمیش زالا(اُمریٹھ)، امرشی زالا (کھمباٹ)، رام سنگھ ٹھاکور (کھیرالو)، ماؤجی دیسائی (دھنیرا) اور لیب جی ٹھاکور (دیسا) شامل ہیں۔ گجرات میں  سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق  باغی امیدوار کئی   اسمبلی حلقوں  میں   بی جےپی کا کھیل بگاڑ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK