Inquilab Logo

نالاسوپارہ میں کتے کی درد مندی سے لاوارث نوزائیدہ بچے کو سہارا ملا

Updated: August 25, 2022, 10:15 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

ٹیمپو میں نوزائیدہ بچے کو روتا دیکھ کتا نہ صرف بھونکنے لگا بلکہ ایک راہ گیر خاتون کو کھینچ کر بچے تک لے گیا ، جس نے اسے پولیس تک پہنچایا

Tolang police is looking for the person who abandoned the child in the tempo
تولنج پولیس بچے کو ٹیمپو میں چھوڑ کر جانے والے کی تلاش کر رہی ہے

) یہاں دردمندی کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس کے تعلق سے کہا جا سکتا ہے کہ ایسا صرف فلموں یا کہانیوں میں ہوتا ہے حقیقت میں ایسے واقعات نہیں ہوتے ۔ مگر یہ دردمندی کسی انسان نے نہیں بلکہ ایک آوارہ کتے نے دکھائی ہے۔ نالاسوپارہ میں ایک  لاوارث بچے کو سہارا دلانے میں کتے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔  ایک ٹیمپو میں بلکنے کیلئے چھوڑ دیئے گئے نوزائیدہ بچے کو دیکھ کر نہ  صرف  بھونکنے لگا بلکہ ایک خاتون کو بچے تک کھینچ کر لے گیا جس نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے  اسے محفوظ ہاتھوں تک پہنچا دیا۔  ایک مقامی تنظیم کی شکایت پر پولیس نے نوزائیدہ کو لاوارث حالت میں چھوڑ کر جانے والی خاتون کی تلاش شروع کردی ہے ۔  
  نالا سوپارہ میں تولنج پولیس اسٹیشن  کے  انسپکٹر  راجندر کامبلے نے بتایا کہ نالاسوپارہ کے امبے واڑی علاقے میں شرڈی نگر  واقع ہے جہاں شادی ڈاٹ کام کے دفتر کے ٹھیک  سامنے ایک ٹیمپو ( تھری وہیلر) کھڑا تھا ۔ کوئی اس ٹیمپو میں ایک نوزائیدہ بچے کو چھوڑ گیا۔    بھوک لگنے پر بچہ بلک بلک کر رونے لگا۔ اس کے رونے کی آواز گلی کے ایک آوارہ کتے کے کانوں تک پہنچی ۔ اطلاع کے مطابق کتا ٹیمپو میں چڑھا اور بچے کو سونگھ کر نیچے اتر گیا۔ اس وقت آس پاس کوئی نہیں تھا۔ کتے نے وہیں کھڑے ہو کر بھونکنا شروع کر دیا۔  آوارہ کتے کی بھونکنے کی آواز گلی میں گونجتی رہی لیکن راہ گیروں نے اسے نظر انداز کیا جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے۔  
  پولیس افسر کے مطابق کچھ دیر بعد کتے کی نظر ایک خاتون پر پڑی جو اپنے بچے کو اسکول چھوڑنے جا رہی تھی۔ کتا خاتون کے قریب جا کر بھونکنے لگا اور اس کی ساڑی کو اپنے دانتوں سے کھینچنے لگا۔ کتے کی اس حرکت پر خاتون گھبرا گئی لیکن اسے  کتے کی یہ حرکت غیر معمولی محسوس ہوئی۔     ہمت کرکے وہ کتے کے  پیچھے گئی جو اسے ٹیمپو تک لے گیا۔ ٹیمپو میں بچے کو روتا دیکھ کر  اس نے فوراً گود میں اٹھا لیا۔ خاتون جو خود بھی ایک ماں تھی فوراً سمجھ گئی کہ بچہ بھوک کے سبب رو رہا ہے۔ اس نے ممتا کا فرض ادا کرتے ہوئے فوراً ایک طرف بیٹھ کر بچے کو دودھ پلایا۔ پیٹ بھرتے ہی بچہ اطمینان سے سوگیا۔  خاتون نے اطراف کے لوگوں کو خبر کی۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں ہجوم اکٹھا ہوگیا۔  اس کے بعد پولیس بلائی گئی۔ قاعدے کے مطابق ایک مقامی سماجی تنظیم نے پولیس میں  اس معاملے کی شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے اس شخص ( یا خاتون )   کو ڈھونڈ رہی ہے جس نے بچے کو ٹیمپو میں چھوڑا تھا۔  پولیس افسر نے بتایا کہ بچے کو اس وقت ویرار کے ایک سرکاری اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ اگر اس کا کوئی وارث نہ ملا تو اسے کسی سماجی تنظیم کے حوالے کیا جائے گا۔   علاقے میں جہاں اس رحم دل خاتون کی تعریف ہو رہی ہے جس نے انسانیت کا فرض ادا کرتے ہوئے بچے کو دودھ پلاکر اس کی جان بچائی اور پولیس کا اس کی اطلاع دی وہیں اس کتے کی ستائش کر رہے ہیں جس نے درد مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو وہاں تک پہنچایا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی درخواست کی ہے۔

nalasopara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK