Inquilab Logo

راجستھان میں وزارت اعلیٰ کیلئے ہلچل پھر تیز

Updated: September 30, 2022, 10:25 AM IST | new Delhi

گہلوت نے سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے اپنے حامیوں کی حرکت پر معافی مانگی، اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی کا صدارتی الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا،سچن پائلٹ کی بھی پارٹی صدر سےملاقات، وزارت اعلیٰ سے متعلق فیصلہ دوایک روز میں متوقع

Ashok Gehlot after meeting Sonia Gandhi. KC Venugopal can also be seen in the picture. (PTI)
اشوک گہلوت سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد۔ تصویر میں کے سی وینو گوپال کو بھی دیکھا جاسکتاہے۔(پی ٹی آئی)

:  راجستھان میں وزارت اعلیٰ کیلئے ہلچل پھر تیز ہوگئی ہے۔جمعرات کو وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے پارٹی صدر سونیا گاندھی  سے ملاقات کی اور اپنے حامیوں کی ضابطہ شکنیپر معافی مانگی۔اس کےساتھ ہی ملاقات کےبعد انہوں نے  اتوار کو جے پور میں  جو کچھ بھی ہوا اس کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی کا صدارتی الیکشن  نہ لڑنے کا اعلان کیا۔ان کی ملاقات کے بعد سچن پائلٹ نے بھی  سونیا گاندھی سے ملاقات کی  تاہم یہ نہیں معلوم کہ کیا گفتگو ہوئی۔ سچن پائلٹ راجستھان میں  وزارت اعلیٰ کے دعویدار ہیں۔ 
وزارت اعلیٰ پر دو ایک روز میں فیصلہ
  سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد گہلوت نے اعلان کیا کہ    راجستھان میں بطور وزیراعلیٰ وہ برقرار رہیں گے یا کسی اور کو یہ ذمہ داری سونپی جائے گی اس کافیصلہ سونیا گاندھی کریں گی۔ اس کی وجہ سے  ریاست کی وزارت اعلیٰ  کے تعلق سے ہلچل پھر تیز ہوگئی ہے۔ اشوک گہلوت سے ملاقات کرنے کے بعد سونیا گاندھی نے   پارٹی  کے  جنرل سیکریٹری(تنظیمی امور) کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی۔ بعد میں  وینو گوپال نے اعلان کیا کہ راجستھان میں وزارت اعلیٰ کے عہدہ پر کون رہے گا اس کافیصلہ  دوتین دنوں  میں کر دیا جائےگا۔ 
جو کچھ ہوا اس سے میں بھی حیران ہوں: گہلوت
 سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر اکٹھا نامہ نگاروں کے ذریعہ گھیر لئے جانے پر ان کے سوالوں کے جواب میں  اشوک گہلوت نےبتایا کہ ’’کانگریس کی کارگزار صدر سونیا گاندھی سے میری بات چیت ہوئی۔ (چند روز قبل جے پور میں)جو کچھ بھی ہوا اس  سے میں بھی حیران رہ گیا ہوں۔ اس سے یہ پیغام گیا کہ یہ سب کچھ اس لئے ہوا کہ  میں وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں چھوڑنا چاہتاتھا۔ اس کیلئے میں  نے سونیا گاندھی سے معافی مانگی ہے۔‘‘ گہلوت پہلے بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ ان کے حامیوں کی ضابطہ شکنی کا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ گہلوت  نے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ایک لائن کی تجویز ہماری روایت ہےلیکن ایسی صورت حال پیدا کی گئی کہ یہ نہ ہو سکے۔‘‘
  کے سی وینو گوپال کی سونیا گاندھی سے ملاقات
 اشوک گہلوت  کےبعد کےسی وینو گوپال سونیاگاندھی سے ملنے ۱۰؍ جن پتھ پہنچے۔ اس سے قبل بھی وہ راجستھان کی سیاسی ہلچل پر سونیا گاندھی سے ملاقا ت کرچکے ہیں۔  انہوں نے  گہلوت کے اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ راجستھان  میں وزارت اعلیٰ کے تعلق سے فیصلہ ۲؍ سے ۳؍ دنوں میں کرلیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK