Inquilab Logo

سعودی عرب میں سردلہروں کا آغاز،مدینہ منورہ میں سب سے زیادہ ٹھنڈ

Updated: January 18, 2023, 10:20 AM IST | Riyadh

صبح فجر کی نماز کے وقت چبھنے والی سرد ہواؤں سے بچنے کیلئےعمر ہ زائرین نے اپنے گرم لباس نکال لئے ۔ تد ریسی خدمات بھی متاثر

Umrah pilgrims and other people in warm clothes outside the Prophet`s Mosque after the Fajr prayer.
فجر کی نماز کے بعد مسجد نبوی ؐکے باہرعمرہ زائرین اور دیگر افراد گرم لباس میں ۔

 سعودی عرب میں  منگل سے سر دلہروں کا آغاز ہوگیا  ہے جس سے صبح  کے  وقت عمرہ زائرین کو  دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہیں سردی سے بچنے کیلئے گرم لباس کا سہار ا لینا پڑ رہا ہے۔ 
  میڈیار پورٹس کے مطابق   منگل کو سب سے زیادہ سردی مدینہ منورہ میں محسوس کی گئی ۔  اس کے ساتھ ہی  ریاض، حائل، قصیم، حفر الباطن اور  تبوک  میں بھی سرد لہریں چلتی رہیں ۔ اس دوران کچھ مقامات پر  درجۂ حرارت میں ۲؍ سے۴؍ سینٹی گریڈ کمی  ہوئی ۔
  قبل ازیں موسمیات کے قومی مرکز نے  بتایا تھا کہ بدھ کو سعودی عرب پوری طرح شدید سردی کی  زد میں ہوگا  ۔خاص طور   سے  ریاض، مشرقی منطقہ اور مدینہ منورہ میں زیادہ  ٹھنڈہوگی۔ 
  عینی شاہدین کے مطابق جنوری  کے پہلے ہی عشرے میں  مدینہ منورہ میں سردی محسوس کی جانے لگی تھی۔ نماز فجر کےبعد مسجد نبویؐ سے باہر نکلتے وقت سردی سے بچنے کیلئے عمر زائرین اور دیگر افراد مفلر اور رومال وغیرہ کا استعمال کر رہے ہیں۔  خصوصاًمعمر زائرین  سر سے  پاؤں تک خود کو گرم لباس سے ڈھکے رہتےہیں۔عمرہ کےدو ران کچھ مقامات پر اس قدر تیز ہوائیں چلتی ہیں کہ زائرین کو اپنا لباس سنبھالنا پڑتا ہے۔ احرام کے اوپری حصے کو اڑنے سے بچا ناپڑتا ہے۔ 
 ا دھر  خراب موسم  کے سبب منگل کو شمالی حدود ، الجوف اور القریات  منطقوں میں تعلیمی ادارے بند رہے اور آن لائن تدریس  کا فیصلہ کیا گیا  ۔ شمالی حدود، الجوف اور القریات کے محکمۂ تعلیم نے حکم جاری کیا، ’’تمام تعلیمی اداروں میں منگل کو آن لائن تدریس ہوگی۔تمام تعلیمی اداروں کا تدریسی اور انتظامی عملہ آن لائن ڈیوٹی دے گا ۔‘‘محکمۂ تعلیم نے کہا  کہ یہ فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کو موسم کی مار سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK