Inquilab Logo

اسکولی طلبہ کومالی سرگرمیوں سےمتعارف کروانےکیلئے ’فائنانشیل لٹریسی مشن‘کا افتتاح

Updated: April 18, 2022, 10:57 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بی ایم سی اسکولوں کے طلبہ کو مالی ومعاشی خواندگی سے متعارف کروانےکیلئے حکومت نے بامبے اسٹاک ایکسچینج کے تعاون سے پروجیکٹ شروع کیا

Aditya Thackeray and others can be seen with the students. Picture: Suresh Karkira
آدتیہ ٹھاکرے و دیگر کو طلبہ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔تصویر:سریش کرکیرا

بی ایم سی اسکولوں کے ۸؍ویں اور ۹؍ویں جماعت کے طلبہ کو معاشی ومالی خواندگی سے متعارف کروانے کیلئے بی ایم سی اور بامبے اسٹاک ایکسچینج ( بی ایس ای) کےاشتراک سے ’’فائنانشیل لٹریسی مشن ‘‘ پروگرام کا بی ایس ای میں ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے کے ہاتھوں گزشتہ روز افتتاح کیاگیا۔  واضح رہےکہ بی ایم سی اسکولوںکے بیشتر طلبہ کا تعلق پسماندہ طبقے سے ہے۔ ان طلبہ کو معاشی خواندگی سےمتعارف کرواکر انہیں معاشی علم سے روشناس کروانا اس پروجیکٹ کا مقصد ہے تاکہ مستقبل میں ان طلبہ کی مالی حالت بہتر ہو سکے۔ اس ضمن میں بی ایم سی نے بی ایس ای کے ساتھ ایک میمورنڈم پردستخط بھی کیاہے جس کے ذریعے ۸؍ویں اور ۹؍ویں جماعت کے طلبہ کو مذکورہ مہم کے تحت مالی و معاشی لین دین کی تعلیم دی جائے گی۔ اس کیلئے بی ایس ای کے تعاون سے بی ایم سی نے ایک کتاب بھی تیار کی ہے۔ کتاب کے ذریعے اسکولوںمیں طلبہ کو معاشی معلومات دی جائےگی۔  ابتدائی مرحلہ میں ۱۰۰؍ اساتذہ کو بی ایس ای انسٹی ٹیوٹ لمیٹیڈ کے نمائندے ماسٹر ٹریننگ دیں گے۔یہ ماسٹر ٹرینربی ایم سی اسکولوںکے اساتذہ اور طلبہ کو مذکورہ کتاب کے ذریعے معاشی تعلیم دیں گے۔ آئندہ تعلیمی سال جون سے اسکولوںمیں اس پروجیکٹ کے تحت مذکورہ جماعتوںکے طلبہ کو معاشی خواندگی کی معلومات فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر آدتیہ ٹھاکرے نے پروجیکٹ کا افتتاح کرنےکےبعداپنے خیالات کا اظہار کرتے  ہوئے کہاکہ ’’ اس سے پسماندہ طبقے کے بچے اور ان کےوالدین مستفیض ہوںگے۔ ان کی معاشی اور مالی حالت بہتر ہوگی۔ ‘‘ بی ایس ای کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امبرش دتا نے اپنی تقریر میں کہاکہ ’’ بی ایم سی ملک کی پہلی میونسپل کارپوریشن ہے جس نے اسکول کی سطح پر ۸؍ویں اور ۹؍ویں جماعت کے طلبہ کیلئے اس طرح کا کوئی معاشی اور مالی لین دین سےمتعلق کورس متعارف کروایاہے۔ چھوٹی سے عمر میں طلبہ کو معاشی اور مالی سرگرمیوںکے بارےمیں معلومات فراہم کرکے انہیں عملی زندگی میں قدم رکھنے سے پہلےان میں خوداعتمادی پیداکرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔   اس پروجیکٹ کے نوڈ ل آفیسر اور بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈنٹ ممبئی نثار خان نے بتایا کہ’’ فی الحال مذکورہ کتاب انگریزی زبان میں تیار کی گئی ہے۔ مراٹھی اور ہندی میڈیم کے طلبہ کیلئے اس کاترجمہ کیا جا رہاہے۔ اُردو میڈیم کے بچوںکیلئے اُردومیں بھی کتاب شائع کی جائے گی۔ ابتدائی مرحلےمیںاس کورس کیلئے مہینےمیں ۲؍ پیریئڈ رکھےگئےہیں۔ ماسٹر ٹرینر اسکولوں کے اساتذہ کو ٹریننگ دیں گے جن کےذریعے طلبہ کو اس کورس کی پڑھائی کروائی جائے گی۔‘‘  افتتاحی پروگرام میں آدتیہ ٹھاکرے کے علاوہ جنوبی ممبئی کےرکن پارلیمان اروند ساونت، بی ایم سی ایجوکیشن کمیٹی کی صدر سندھیا جوشی، جوائنٹ میونسپل کمشنر اجیت کمبھار ،ایجوکیشن آفیسر راجیش کنکال، راجو تڑوی اور دیگر اعلیٰ ایجوکیشن افسران موجودتھے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK