Inquilab Logo

سینٹرل ریلوے میں ڈیجیٹل ٹکٹ استعمال کرنے والوں میں اضافہ

Updated: May 30, 2022, 10:22 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

گزشتہ ۶؍ماہ میںیوٹی ایس ایپ کے ذریعہ ٹکٹ خریدنے والوں کی تعداد ۹؍لاکھ بڑھی،کووڈوبا کے دوران مقبول ہونے والے نظام کو مسلسل فروغ حاصل ہورہا ہے

There is no need to wait in such a long queue to get a ticket for a local train..Picture:INN
اب لوکل ٹرین کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے اس قدر لمبی قطار لگانے کی ضرورت نہیں، موبائل ایپ سے بھی ٹکٹ نکالا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیاگیاہےکہ کورونا کی وبا کے دوران شروع کئے گئے لوکل ٹرین کے ڈیجیٹل ٹکٹ کی خریداری میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔ ریلوے نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ۶؍ ما ہ میں ڈیجیٹل طریقے  یعنی یو ٹی  ایس موبائل ایپ سے ٹکٹ خریدنے والوں کی تعدادمیں  ۹؍ لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ دسمبر ۲۰۲۱ءمیں ۵ ؍لاکھ ۹۳ ہزار ڈیجیٹل ٹکٹ نکالے گئے تھے یہ تعداد ۲۶ مئی تک  بڑھ کر ۱۴؍لاکھ ۲۰ ؍ہزار ہو گئی۔ سینٹرل ریلوے ذرائع کے مطابق کووڈ کے بعد مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ڈیجیٹل یو ٹی ایس موبائل ٹکٹنگ سسٹم کا انتخاب کر رہی ہے، جو اس بات کی جانب نشاندہی کرتی ہے کہ مستقبل قریب میں ڈیجیٹل ٹکٹنگ کا فیصد مزیدبڑھےگا۔یو ٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے ممبئی مضافاتی سفرکےٹکٹوں / سیزن ٹکٹوں کی خریداری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا وائرس( کووڈ ۱۹)گزشتہ دو برسوں سے ایک عالمی وبا بنی ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئےتھے۔سوشل ڈسٹنسنگ اور ٹکٹ بکنگ آفس میں بھیڑ کو کم کرنے کی ضرورت کےپیش نظر ٹرین ٹکٹ خریدنے کے لیے ڈیجیٹل طریقہ اپنایا جا رہا ہے۔کووڈ ۱۹؍ کی وبا کے دوران یو ٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹ بک کروانے والے مسافروںکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریلوے رابطہ عامہ کے افسر کے مطابق اس ماہ یعنی ۲۶؍ مئی ۲۰۲۲ء تک  موبائل ایپ کے ذریعے۱۴؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار ٹکٹ جاری کئے جاچکے ہیں اور ۷۸؍ لاکھ ۱۳؍ ہزار مسافروں نے یو ٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل ٹکٹ کےساتھ لوکل ٹرینوںمیں سفر کیا۔ اس حساب سے یومیہ اوسطاً۵۴؍ہزار ۶۳۵؍ٹکٹ بک کئے گئے اور ۳؍لاکھ۵۲۱؍  مسافروں   نے سفر کیا ہے۔ مارچ ۲۰۲۲ء میں پری کووڈ کے دوران کل۱۲؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار ۹۵؍موبائل لوکل ٹرین کے ٹکٹ بک کئے گئے تھےجبکہ اپریل ۲۰۲۲ء میں ان یو ٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے بک کئے گئے لوکل ٹکٹوں کی تعداد  ۱۴؍   لاکھ ۶۰؍ہو گئی تھی۔  اس طرح ڈیجیٹل ٹکٹ بک کرنے کی شرح میں۹ء۴۵؍ فیصد کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح اپریل ۲۰۲۲ء میں یو ٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے لوکل ٹرین کے ٹکٹوں کی خریداری کا فیصد دیگر ٹکٹوں کی اقسام جیسےیو ٹی ایس کاؤنٹر ٹکٹ ،اے ٹی وی ایم ، جے ٹی بی ایس اور دیگر ٹکٹ کےمقابے ۵ء۷۹؍ فیصد ہے ۔ ایپ پر مبنی ٹکٹنگ سسٹم ایک جدید طریقہ ہےجس نے کووڈ۱۹؍کی وبا سے مسافروں اور ٹرینوں دونوںکی کئی طریقوں سے مدد کی ہے، کاغذ کے بغیر لین دین سے لے کر زیادہ کیش لیس، ڈیجیٹل اکانومی تک۔ مسافر تمام لوکل اےٹی وی ایم مشینوں پر یو پی آئی  پر مشتمل ٹکٹنگ سسٹم کا استعمال کر رہے ہیں۔ سینٹرل ریلوے کی جانب سے یو ٹی ایس موبائل ایپ کو مقبول بنانے کے لئے کئی مہم شروع کی گئی تھی۔ مسافروں کو یو ٹی ایس ایپ کے فیچرز، اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ کار اور اسے استعمال کرنے کے طریقہ سے آگاہ کرنے کیلئے مختلف اسٹیشنوں پر متعدد مہموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یو ٹی ایس ایپ کو ٹکٹ رولز، اینیمیٹڈ ویڈیو اور ریڈیو جِنگلز اور لوکل ریلوے نظام کے مرکزی اعلان  کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے۔ یو ٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے لوکل ٹرین کے ٹکٹ کی خریداری کووڈکےبعد ۶؍مہینوں میں نمایاں طور پر بڑھی ہے کیونکہ یہ مسافروں کو بغیر کاغذ کے لین دین میں مددکرتاہے، وقت بچاتا ہے۔ممبئی لوکل ٹرین کے مسافروں کے لئے یو ٹی ایس موبائل ٹکٹ قطار میں کھڑے ہوئے بغیر قیمتی وقت کی بچت ، بغیر کسی پریشانی کے ٹکٹ بکنگ، موبائل ٹکٹ پر پیپر لیس اورپرنٹ آؤٹ دونوں دستیاب ہونا مستقبل کے لئے ایک خوشگوار تجربہ ہوگا۔ سینٹرل ریلوے نے مسافروں سے یو ٹی ایس ایپ کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کی درخواست کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK