Inquilab Logo

کورونا متاثرین کے معاملے میں ہندوستان ۹؍ ویں مقام پر پہنچ گیا

Updated: May 30, 2020, 8:10 AM IST | New Delhi

کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد بھی چین سے زائد ہو گئی ، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ۶۹؍ ہزارپہنچ گئی لیکن روبہ صحت ہونے والے بھی ۷۲؍ ہزار سے زائد ہو گئے ، ملک کے کئی حصوں میں کووڈ۱۹؍ سے مقابلے کیلئے نئے اسپتال اور مراکز قائم کئے گئے،دہلی اور گجرات میں معاملات تیزی کے ساتھ بڑھنے سے تشویش ۔

Kolkata`s busiest flyover. Photo: PTI
کولکاتا کا مصروف ترین فلائی اوور۔تصویر : پی ٹی آئی

ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ہرروز بڑھنے کی وجہ سے یہ وبا خطرناک شکل اختیار کرتی جارہی ہے کیوں کہ معاملات روزانہ بڑھنے کی وجہ سے اب ہندوستان کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں ۱۰؍ ویں سے ۹؍ ویں پائیدان پر آگیا ہے ۔ یہاں ہونے والی اموات کی تعداد بھی چین سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ملک میں انفیکشن کے ریکارڈ۷۴۶۶؍ نئے معاملے سامنے آنےسے مریضوں کی کُل تعداد ایک لاکھ ۶۹؍ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اس مدت میں ۱۷۵؍ افراد کی موت ہوئی ہے اور اس لحاظ سے اموات کی تعداد ۴؍ ہزار ۸۲۰؍ ہو گئی ہے جو چین میں اب تک کورونا سے ہونے والی اموات سے زائد ہے۔ حالانکہ اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں اس سے متاثر ہونے والے۳۴۱۴؍ لوگ ٹھیک بھی ہوئے ہیں جس سے ٹھیک ہونے والے لوگوں کی کل تعداد ۷۲؍ ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جمعہ کو جاری کئےگئے اعدادو شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک کورونا سے ایک لاکھ ۶۹؍ ہزار کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں اور ۴۸۲۰؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں فی الحال کورونا کے کل۹۱؍ ہزار معاملات ہیں ۔ وزارت کے مطابق ملک میں بدھ اور منگل کو نئے معاملوں میں کمی دیکھی گئی تھی لیکن بعد میں یہ تیزی کے ساتھ بڑھ گئے۔ مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔اس ریاست میں کورونا نے بہت قہر برپاکیا ہے لیکن اس وقت تشویش کا سبب دہلی اور گجرات ہیں جہاں معاملات بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں ۔ مہاراشٹر میں پچھلے ۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۵۹۸؍ نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔اس کے بعد ریاست میں اب تک اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر۵۹؍ ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ ریاست میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک۱۹۸۲؍ لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ ۱۸؍ ہزار سے زائد افراد ٹھیک ہوئے ہیں ۔
 کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں تمل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ۲۰؍ ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے اور۱۴۵؍ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔کورونا کی وجہ سے ، قومی دارالحکومت دہلی کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں یہ تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی میں ۱۶؍ ہزار ۲۸۱؍ افراد متاثر ہوئے ہیں اور۳۱۶؍ کی موت ہوچکی ہے جبکہ علاج کے بعد ۷۴۹۵؍ مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کورو نا سےمتاثر ہونے کے معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک ۱۵؍ ہزار ۵۶۲؍ افراد متاثر ہوچکے ہیں اور ۹۶۰؍ افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ 
 دنیا کی سب سے بڑی ٹیسٹنگ لیب کی تیاری 
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے سابق طلبہ نے کورونا کے متاثرین کی جانچ کے لئے دنیا کی سب سے بڑی ٹیسٹنگ لیب تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی آئی ٹی ایلومنائی کونسل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ممبئی میں کورونا کے ٹیسٹ کے لئے ایک میگا لیب بنائے گی جس کے ذریعہ ہر ماہ ایک کروڑ لوگوں کا ٹیسٹ کیا جاسکے گا۔ کونسل کے صدر روی شرما نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ دنیا میں کورونا کا ٹیکہ تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن کونسل نے وائرس کے ماہرین سے رابطہ کرکے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ممبئی میں ایک بہت بڑی لیب بنائی جائے۔ اس کے لئے گلوبل پارٹنرس کی تلاش اور انہیں مدعو کیا جا رہا ہے۔ آئی آئی ٹی کے تقریباً ایک ہزار سابق طالب علم دنیا بھر میں اپنی سطح پر کوششیں کرکے اس خاص پروجیکٹ کو پورا کرنے میں مصروف ہیں ۔ اس لیب میں روبوٹ ٹیکنالوجی کااستعمال کیا جائے گا اور دیگر متعدی امراض کی جانچ بھی ہوگی۔ اس میں مستقبل میں ہر ماہ دس کروڑ لوگوں کے ٹیسٹ کی سہولت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK