Inquilab Logo

اسمارٹ فون کی فروخت میں ہندوستان سرفہرست

Updated: November 10, 2020, 8:46 AM IST | Agency | New Delhi

سال کی تیسری سہ ماہی میں ملک میں اسمارٹ فونز کی کھپت میں ۱۷؍ فیصد اضافہ ہوا ، چین اور امریکی مارکیٹ میں  مندی

smartphone market
اسمارٹ فون مارکیٹ

کووڈ ۱۹؍ کی وبا کے دوران معیشت پر اس منفی کے اثرات دھیرے دھیرے کم ہوتے نظر آرہے ہیں۔ ملک کی فون انڈسٹری نے  بھی عالمی بازار میں  اوّل  مقام حاصل کرلیا ہے ۔  بین الاقوامی ڈیٹا کارپوریشن (آئی ڈی سی) کی رپورٹ کے مطابق سال کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں ابتدائی۳؍ ممالک میں ہندوستان کا بازار اسمارٹ فونز کی کھپت میں ۱۷؍ فیصد اضافہ درج کرنے والا  واحدمارکیٹ  رہا۔ یہاں ۵۴ء۳؍ملین (۵ء۴۳؍کروڑ) اسمارٹ فونز  کا شپمنٹ زیادہ ہوا جبکہ اسی دوران چین اور امریکی مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔
 رپورٹ کے مطابق ، ستمبر سہ ماہی میں سب سے زیادہ شپمنٹ  میں ۲۵؍فیصد شیئر کے ساتھ   ’شیاؤمی‘  پہلے مقام پر رہی۔سیمسنگ۲۲ء۳؍ فیصد کے  ساتھ دوسرے ،’ ویوو‘۶۱ء۷؍ فیصد کے ساتھ تیسرے ، ’ریئیل می‘۱۴ء۷؍فیصد کے ساتھ چوتھے  اور’ اوپو ‘۱۱ء۳؍ فیصد کے چوتھے مقامی رہی۔
 ہندوستانی ٹیک مارکیٹ نے تہوار کی فروخت سے زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔اسمارٹ فونز کی فروخت آف لائن مارکیٹ کے مقابلے میں آن لائن مارکیٹ میں زیادہ تھی۔ اس  دوران  دونوں مارکیٹوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بیشتر صارفین نے اس عرصے کے دوران آن لائن خریداری کو ترجیح دی  کیونکہ انہیں بینک آفرز کے ساتھ ساتھ دوسری چھوٹ بھی مل رہی تھی۔آف لائن چینلز نے بھی سال کے  نصف حصےکے بعد ۱۱؍ فیصد کی میڈیم گروتھ   درج کی گئی ہے۔
  مبصرین کے مطابق آن لائن ریٹیلرس کے حصص اس عرصے کے دوران ۴۸؍ فیصد کے اضافے کے ساتھ اب تک کی  بلندی پر پہنچ گئے۔ اس میں سالانہ بنیادپر ۲۴؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
 تیسری سہ ماہی  کے دوران اسمارٹ فون کی ترسیل میں۸؍ فیصدکا اضافہ ہوا۔ عالمی بازار کا جائزہ  لینے والی ایجنسی’کینالیز ‘کی رپورٹ کے مطابق  اس سہ ماہی کے دوران ریکارڈ ۵۰؍ ملین (۵؍ کروڑ) یونٹ  کا شپمنٹ ہوا۔ یہ کسی بھی سہ ماہی میں اسمارٹ فون کی  شپمنٹ کا اب تک سب سے  بلند ریکارڈ ہے۔ کینالیزکے تجزیہ کار اڈویٹ مرڈیکر نے ریکارڈ شپمنٹ کے بارے میں کہا  کہ ہندوستان  میں طویل  لاک ڈاؤن کے بعد اس میں نرمی دیئے جانے سے بازار میں اثر نظر آرہا ہے۔ اسمارٹ فون کی فروخت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس کی طلب  کے تقریباً تمام پلیٹ فارمز پر اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر آن لائن پلیٹ فارم جیسے فلپ کارٹ اور امیزون نے تہوار کے سیزن میں ریکارڈ اسمارٹ فون فروخت کئے ہیں۔ اس کے   سبب  فون مارکیٹ میں ایک بار پھر رونق  لوٹ رہی ہے۔
 آئی ڈی سی انڈیا کے ریسرچ ڈائریکٹر  کے مطابق  ستمبر کے سہ ماہی میں اسمارٹ فون کی فروخت  میں بہتر شرح نمو اکتوبر اور نومبر کے تہواروں کے موسم  میں جاری رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی  وبا کی وجہ سے  سال کا پہلا نصف حصہ چیلنج بھرا  رہا ہے۔ اس کے سبب اس برس بازار میں شرح نمو میں مزید اضافہ کا امکان نہیں ہے۔
 فروخت میں اضافہ کی وجہ اور ماہرین  کا  تجزیہ
   بازار کے ماہرین کے مطابق  بحرانی حالت کے بعد سال کی تیسری سہ ماہی میں   اوریجنل ایکوپمنٹ  مینوفیکچرس ( او ای ایم ایس)نے کم لاگت والے اسمارٹ فون لانچ کئے۔ ان میں کواڈ کیمرہ ، ہائی میگا پکسل کائونٹس( ۴۸؍ ایم پی اوراس سے زائد) ، زیادہ اسٹوریج (۶۴؍جی بی اور اس سے زائد) ، زیادہ صلاحیت کی بیٹریاں (۵؍ ہزارایم اے ایچ) کے ساتھ مزید جدید تکنیک سے لیس فون لانچ  کئے گئے۔ صارفین کو راغب کرنے کیلئے  کمپنیوں  کی جانب سےخصوصی پیشکش اور قیمتوں میں رعایت نے بھی اہم کردار کیا۔ مبصرین نے   اسمارٹ فون اور دیگرترسیلی الکٹرانک آلات  کی فروخت میں اضافہ کیلئے آن سرگرمیوں میں بھی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق  کورونا  سے احتیاط کے پیش نظر آن لائن  تعلیم  اور دفتری  شعبے میں ورک فرام ہوم کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے۔ اس کے سبب یہ اشیاء لازمی ضروریات میں شمار کی جانے لگی ہیں۔ کورونا کی وبا اب تک قابو میں نہیں آسکی ہے ۔ اسی کے پیش نظر   الیکٹرانک آلات کی مانگ میں اضافہ جاری رہے گا۔
اسمارٹ فون استعمال کرنےوالوں میں مسلسل اضافہ
  بازار اور صافرین کا جائزہ لینے والی ایجنسی‘اسٹیٹسٹا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں اسمارٹ فون صارفین کی تعداد تقریباً۷۰؍ کروڑ تک جا پہنچی ہے۔ صرف ایک سال میں یہ تعداد۷۶؍ملین کو عبور کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۳ء تک ملک میں اسمارٹ فون رکھنے والوں کی تعداد۸۷؍کروڑ سے زائد اور  ۲۰۲۵ء تک۹۷؍ کروڑ سے زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔

دیہات شہروں کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں

  دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسمارٹ فون کے استعمال کے معاملے میں دیہی علاقوں نے  شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سیلولر انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ، انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے استعمال کے معاملے میں ۲۰۱۸ء  سے دیہی علاقوں میں ۳۵؍ فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ شہری علاقوں میں یہ نمو اس سے کم رہی  ہے۔  اب دیہی عوام بھی موبائل سروسز پر زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK