Inquilab Logo

ایئرفورس کا چین کو کسی بھی شرانگیزی سے باز رہنے کا انتباہ

Updated: October 06, 2020, 8:31 AM IST | Agency | New Delhi

پاکستان کو بھی متنبہ کیا، کہا: لداخ میں پوزیشن مضبوط،دو محاذ پر جنگ ہوئی تواس کیلئےبھی ہم تیار ہیں۔فضائیہ کے یوم تاسیس سے قبل سالانہ پریس کانفرنس میں ایئرچیف مارشل بھدوریہ نے کہا کہ فضائیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، یہ بھی کہا کہ ہماری لڑائی کوئی اور نہیں لڑے گا، ہمیں اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی

RKS Bhadoiya
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےفضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل آر کے ایس بھدوریہ

ہندوستانی فضائیہ نے چین اور پاکستان  کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہرایا نہیں جاسکتا۔ فضائیہ نے کہا کہ نہ صرف یہ کہ لداخ میں ہماری پوزیشن بہت مضبوط ہے بلکہ اگر ضرورت پڑی تو ہم دونوں محاذ پر بھی پوری طرح سے لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ فضائیہ  کے سربراہ ایئرچیف مارشل آر کے ایس بھدوریہ  نے کہا کہ چین کی جانب سے کسی بھی حرکت کا جواب دینے کیلئے فوج نے   جگہ جگہ پر تعیناتی کر رکھی ہے۔ 
  فضائیہ کے یوم تاسیس۸؍ اکتوبر سے پہلے پیر کو یہاں روایتی سالانہ پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب میں آر کے ایس بھدوریہ نے کہا کہ لداخ تو چھوٹا علاقہ ہے، ہم نے ہر جگہ مکمل مضبوطی کے ساتھ تعینات کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے مکمل تیاری کے ساتھ ہر جگہ تعیناتی کر رکھی ہے ،اسلئے  اس بات کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا کہ کسی بھی تصادم کی صورت میں چین ہم پرعبور پا سکتا ہے۔‘‘ شمال مشرقی خطوں کے بارے میں خصوصی طور پر پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہاں بھی ہماری تعیناتی اور تیاری دونوں ہے ساتھ ہی فضائیہ کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنے طیاروں اور دیگر ساز و سامان کو ضرورت پڑنے پر فوراً ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فضائیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور اس میں دو محاذ پر ایک ساتھ لڑائی کی صورتحال بھی شامل ہے۔ فضائیہ تمام پہلو ؤںکو دھیان میں رکھتے ہوئے ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ چین کی حرکت کے بارے میں درست ڈھنگ سے پہلی بار مئی میں پتہ چلا ، اس کے بعد ہم فوراً حرکت میں آ گئے۔ یہ کہنا غلط ہوگا کہ ہمیں حیرت ہوئی لیکن ہمیں اس کی توقع نہیں تھی۔ چین کی فوج عام طور پر اس وقت مشق کرتی ہے لیکن اس بار اس نے یہ حرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں پتہ چلا، ہم نے فوراً اقدام کیا۔ فوج کی جو بھی ضرورت تھی جوانوں کو لے جانے کی یا دیگر ساز و سامان پہنچانے کی وہ فوراً مکمل کی گئی۔ اس بار کسی طرح کی کمی نہیں چھوڑی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلے کبھی اتنی چابک دستی سے کام نہیں ہوا۔
 ایک سوال کے جواب میں فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ جہاں تک چین کے پاک مقبوضہ کشمیر میں واقع اسکاردو ایئر بیس کا استعمال ہندوستان کے خلاف کرنے کی بات ہے، یہ اوپن آپشن کی طرح ہے۔ اگر چین اسکاردو کا استعمال کرتا ہے تو یہ ملی بھگت پر مبنی خطرہ ہوگا اور ہم اسی کے مطابق اس سے نمٹیں گے۔ 
ایک  اور سوال کے جواب میں ایئرچیف مارشل نے کہا کہ دشمن (چین) کو کمتر گرداننے کا سوال ہی نہیں ہے، اس کی اپنی طاقت ہے، اس کی طاقت سطح سے ہوا میں مار کرنے والے نظام اور طویل مسافت کی میزائل میں ہے۔ ان کے پاس ففتھ جنریشن کا بہترین طیارہ ہے۔ سینسر اور ہتھیار کے معاملے میں اس کے پاس جدید آلہ ہے لیکن انجن کے معاملے میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اس علاقے کے مد نظر ہماری بھی اپنی تیاری ہے۔ اس کی استعداد و صلاحیت کے پیش نظر بھی ہم نے لائحہ عمل تیار کر رکھا ہے۔ ہماری تیاری ہر پہلو کو دھیان میں رکھ کر کی گئی ہے۔ 
 آئندہ تین ماہ میں کیا صورتحال ہوگی؟ یہ پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطح پر جاری بات چیت کیسے آگے بڑھتی ہے؟ ابھی رفتار بہت سست ہے۔ امید ہے کہ بات چیت درست سمت میں آگے بڑھے گی۔ ہم زمینی حالات کے بطور اقدام کر رہے ہیں۔ 
 امریکہ کی جانب سے علاقے میں جنگی طیارے کی تعیناتی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کی تعیناتی اس کے نقطہ نظر کے مطابق کی جاتی ہے۔ نہ ہی ہماری ضرورت تھی اور نہ ہی اس کیلئے ہم نے تال میل کیا اور نہ درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہندوستان اپنے منصوبے میں کسی دوسرے کو شامل نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری لڑائی میں کوئی نہیں لڑے گا، ہمیں اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی۔‘‘لڑائی میں ڈرون طیاروں کے استعمال کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں  نے کہا کہ یہ اطلاع اکٹھا کرنے اورنگرانی مشن کیلئے بہت کارآمد ہے لیکن ان سے جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK